donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Literary Articles -->> Afsana
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Aamna Aafreen
Title :
   Urdu Me Mini Afsana

اردومیں منی افسانہ

 

مصنفہ: آمنہ آفرین

حیدرآباد۔


مبصر: محمد عبدالعزیز سہیل

ریسرچ اسکالرعثمانیہ یونیورسٹی لطیف بازار، نظام آباد ہندوستان


اردو ادب میں نثری تخلیقی ادب کو افسانوی ادب اور غیر افسانوی ادب کے زمرے میں تقسیم کیا گیا ہے۔جسے انگریزی میں فکشن اور نان فکشن کہا جاتاہے۔ افسانوی ادب کی ایک جدید صنف مختصر افسانہ شارٹ اسٹوری یامنی کہانی ہے۔دراصل یہ منی کہا نی اور افسانچہ اردو افسانے کی مختصر ترین صنف ہے۔مختصر افسانہ یا منی کہانی سے متعلق کہا یہ گیا کہ کسی خاص زماں اور مکاں میں پیش آنے والے واقعہ یا باہم مربوط واقعات کا دلکش بیان مختصر افسانہ (منی کہانی)ہے۔ٹکنالوجی اور صنعتی دور میں انسان کی مصروفیت اور تنگی وقت کی وجہہ سے یہ صنف پروان چڑھی۔ کم وقت میں قاری تک کہانی کے ذریعے پیغام پہونچانے کی کوشش منی افسانے کی وجہہ تخلیق ہے۔ زندگی کے مسائل کا یکلخت اظہار بھی اس کے فروغ کا ایک سبب ہے۔ اردو افسانہ کی طرح اردو میں منی کہانی بھی ان دنوں اخبارات اور رسائل کی زینت بن رہی ہے۔ منی کہانی کے فروغ میں اردو رسائل نے بہت ہی اہم کردار ادا کیا ہے۔اور اردو کے کئی منی افسانہ نگار اس صنف سے وابستہ ہوگئے۔ منی افسانے کے فن اور اس کے آغاز و ارتقاءسے متعلق ایک معلوماتی اور تحقیقی کتاب ”اردو میں منی افسانہ“ کے عنوان سے یونیورسٹی آف حیدرآباد کے شعبہ اردو کی طالبہ آمنہ آفرین نے تحریر کی ہے۔یہ کتاب ان کا ایم فل کا تحقیقی مقالہ ہے۔جسے محترمہ نے بڑی ہی محنت و جدوجہد سے تصنےف کیا ہے۔

کتاب کاپیش لفظ پروفیسر مظفر شاہ میری صدر شعبہ اردویونیورسٹی آف حیدرآبادنے ”دعا گوہوں کہ“ کے عنوان سے لکھا جس میں انہوں نے منی افسانہ کے فن سے متعلق لکھا کہ

    ”منی افسانہ کا فن اپنے اندر ایک جاذبیت رکھتا ہے۔یہ مختصر ہے اور جامع بھی ایک عمدہ شعر کی طرح اپنے جسم کے اعتبار سے مختصرمگر روح کے اعتبار سے جامع اس صنفِ نثر کا جو فن کار رمز شناس ہوتا ہے وہ کامیاب منی افسانے تخلیق کرتا ہے اور جو نا آشنا ہوتا ہے وہ اپنے ہی فن کا شکار ہوجاتا ہے کالا جادو کرنے والے جادوگر کی طرح۔“(ص ۷)

ڈاکٹر شہ میری نے شعبے کی طالبہ کی حوصلہ افزائی کی اور اس کتاب کی اشاعت کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور مصنفہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کے حق میں دعا بھی دی۔زیر تبصرہ کتاب میں پیش لفظ کے بعد ” حرف چند“ کے عنوان سے پروفیسر بیگ احساس سابقہ صدر شعبہ اردو HCUنے کتا ب پر اپنی رائے ثبت کرتے ہوئے منی افسانہ کے فن پر مختلف زاویوں سے گفتگو کی ہے اور منی افسانہ کو نثری نظم کی طرح اعتبار حاصل ہونے کی بات کہی ہے۔ساتھ ہی کتاب کے محاسن و معائب کو بیان کیا ہے ساتھ ہی منی افسانہ کے فروغ کے سلسلہ میں نیم ادبی فلمی رسالے شمع کے رول کو اجاگر کیا ہے اور مصنفہ سے متعلق لکھا کہ’ ’آمنہ آفرین نے بڑی عرق ریزی سے منی افسانے جمع کیے۔انہوں نے بعض فن کاروں کا ایک ایک افسانہ بھی شامل کیا جو ان کی باریک بینی کا ثبوت ہے۔تحقیقی اعتبار سے اس مقالے کو اس لیے بھی اہمیت حاصلہ ہے کہ یہ منی افسانوں کا ایک بہترین اور مستند انتخاب ہے“(ص10)

فاضل مصنفہ نے ”کچھ اپنی بات“کے عنوان سے ” اردو میں منی افسانے“ کی اشاعت کے مقاصد کو بیان کیا ہے ساتھ ہی اپنے مقالہ کی تیاری میں تحقیقی موادکی فراہمی کے مسئلہ پر گفتگو کی ہے۔ اور منی افسانہ کی اہمیت کو واضح کیا ہے۔

اس کتاب کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کتاب کے پہلے حصہ میں”اردو منی افسانہ شناخت کا مسئلہ“ کے موضوع پر منی افسانہ کے معنی، جدید صنف،منی افسانہ کا فن ااور ہیت پر مختلف حوالوں سے معلومات فراہم کی ہے اور لکھا کہ

    ”قصہ پن منی افسانے کا ایک اہم عنصر ہے جسکی وجہہ سے یہ افسانوی صنف کہلاتی ہے اس میں عموماَ حقیقی واقعات ہی کو موضوع بنایا جاتاہے جسکی وجہہ سے پڑھنے والے کو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اس نے یہ واقعہ دیکھا یا سنا ہے۔“(ص ۴۲)

فاضل مصنفہ نے منی افسانہ کی شناخت کے مسئلہ پر مختلف ماہرین کی رائے کو شامل کرتے ہوئے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ” منی افسانہ ایک ایسا کوزہ ہے جس میں ایک دریا بند ہے۔“
باب دوم اردو منی افسانہ آغاز و ارتقاءکے عنوان سے شامل ہیں جس میں انہوں نے منی افسانے کا خالق یا آغاز کرنے کا سہرا سعادت حسن منٹو کے سر باندھا ہے اور لکھا ہے کہ منٹو نے اپنی منی افسانوں کے مجموعے ”سیاہ حاشیے“ کو سب سے پہلے 1948ءمیں شائع کیا تھا اور اس میں ان کا پہلا افسانہ ” ساعت شریں“ ہے“(ص۹۲)

فاضل مصنفہ نے منی افسانہ کا آغاز و ارتقاءسے متعلق کافی اہم معلومات لکھیں ہے اور جو گیندر پال کو بھی منی افسانہ کو رواج دینے والا قراردیا ہے اور دیگر افسانچہ نگاری کے منی افسانوی مجموعے کی تفصیلات دی ہیں۔باب سوم ”اردو منی افسانے کا فن تنقیدی جائزہ“ کے عنوان سے شامل کیا گیا ہے اس میں دوعنوانات دئیے گیے ہیں الف ۔موضوعات، ب۔اظہار کے طریقے ۔موضوعات کے تحت انہوں نے آٹھ الگ الگ حصہ بنائے ہیںاور ہر حصہ میں موضوع کے اظہار کے طریقوں پر بحث کی ہے۔جیسے ۱)فسادات ۲)مذاہب ۳)لڑکیوں کی شادی ۴)انسانی نفسیات ۵) آلودگی ۶)کمپیوٹر ۷)اردو ادب ۸)جدید زندگی کے مختلف پہلو۔ اظہار کے طریقے کے تحت انہوں نے مختلف لکھنے والوں کے طریقہ اظہار کو بیان کیا ہے۔اور اسکو بھی دو حصوں میں بانٹا ہے۔ ۱) علم بیان ۲) مکالماتی انداز بیان۔

آخری حصہ چہارم اردو میں منی افسانہ دو حصوں پر مشتمل ہے۔ الف۔ منی افسانہ نگار اور ان کے منی افسانے ب۔ متفرق منی افسانہ نگاروں کے منی افسانے۔حصہ الف کے تحت جن افسانہ نگاروں کا تعارف اور افسانے پیش کیے گئے ان میں سعادت حسن منٹو، جو گیندر پال، راجندر سنگھ بیدی، قاضی مشتاق احمد،عظیم راہی، نذیر فتح پوری،عبدالعزیز خان، منظور وقار، کوثر صدیقی، علیم صباءنویدی ، رحیم انوار، اقبال انصاری، محمد طارق، بشیر مالیر کوٹلوی، قاسم خورشید،محمد رفیع الدین مجاہد، سلطان آزاد ۔قطب سرشار، نسیم محمد جان، شاہد اختر، فضل امامِ، ضامن علی حسرت، ف س اعجاز ، گلشن کھنہ،مظہر الزماں،رووف خیر،حمید سہروردی، عارف خورشید، اکرام نقاش، نورالحسنین،ساحل احمد کے نام شامل ہیں۔


متفرق منی افسانہ نگاروں کے منی افسانے کے عنوان کے تحت افسانہ نگاروں کے صرف افسانہ شامل ہیں انکا تعارف و دیگر تفصیلات جس طرح سے ”منی افسانہ نگاراورانکے منی افسانے“ میں پیش کیے گئے تھا یہاں صرف نام کے نیچے افسانے شامل کیے گئے ہیں۔ اس موضوع کے عنوان کوکچھ تبدیل کرنے کی ضرورت تھی جیسے جن افسانہ نگارکا تعارف نہ ہو انکے افسانچہ وغیرہ۔
متفرق افسانہ نگاروں میں ڈاکٹر اشفاق احمد،ڈاکٹڑ نریش، سالک جمیل،بتول فاطمہ، ڈاکٹر وقار انور، اعجاز قریشی، طفیل سیماب،جاوید ندیم،مجتبی نجم، ساحر کلیم،اطہرمعز،خرم سہروردی،ظفر محبوب نگری،محمد آصف،س۔علی۔نقی،اول سرحدی،محمد یحیی خان۔آصف درویش،م۔ناگ، ظفر اقبال کے افسانے شامل کیئے گئے ہیں۔آخر میں کتاب کا اختتامیہ دیاگیا ہے”ساتھ ہی یہ امید بھی کی گئی ہے کہ اردومیں منی افسانہ کا یہ ابتدائی دور ہے۔ یہ صنف آگے چل کر اپنی مقبولیت کے منازل طئے کرے گی“۔

آمنہ آفرین نے اردو میںمنی پر بہترین مواد مہیا کیا ہے جس سے افسانچہ نگاری کے موضوع پر آئند تحقیق کرنے والوں کیلئے راہیں فراہم ہونگی۔ انکی یہ کتاب منی افسانہ پر نہایت ہی اہم ہیں۔ امید کہ آمنہ آفرین کایہ کام سراہا جائے گا۔کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب ہے۔ اس کتاب کی خوب پذیرائی کی جانی چاہیے تاکہ منی افسانہ کے فن کو فروغ حاصل ہو سکے۔

۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸۸

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 990