donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Articles on Sports -->> Articles On Sports
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Zafar Seraj
Title :
   Bhuneshwar Kumar : Tez Gaindbazon Mein Dhoni Ki Pahli Pasand

بھوبنیشور کمار:تیز گیند بازوں میں دھونی کی پہلی
 
پسند
 
ظفر سراج
 
 
 
بھوبنیشور کمار نے اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا شاندار آغاز کیا تھا۔ گزشتہ25دسمبر2012ء کو بنگلور میں کھیلے گئے ہند-پاک سیریز کے اولین ٹی-20میچ میں بھوبنیشور کمار کو اپنا اولین بین الاقوامی ٹی-20 میچ کھیلنے کا موقع ملا اور اس نے  پاکستان کے تین ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو پویلین بھیج کر اپنی اہلیت کا لوہا منوایا۔پہلا بین الاقوامی میچ کھیلنے کا پریشر ہر کھلاڑی پر ہوتا ہے اور وہ بھی پاکستان جیسے دیرینہ حریف کے خلاف میچ ہو تو دل کی دھڑکنیں اور بھی تیز ہوجاتی ہیں لیکن کانپور کے اس 22 سالہ تیز گیند بازبھوبنیشور کمار نے اپنے اعصاب کو قابو میں رکھا اور ٹیم انڈیا کے قلیل اسکور کے باوجود  ابتدائی تینوں وکٹیں جھٹکاکر پاکستانی ٹیم  پر دبائو بنادیا تھا ، اپنے اولین اوور میں ہی اس نے ناصر جمشید کو کلین بولڈ کیا تو اپنی دوسری اور اننگ کے تیسرے اوور میں بھوبنیشور کمار نے دوسرے اوپنر احمد شہزاد کو دھونی کے ہاتھوں کیچ کرایا اور اسی اوورکی آخری گیند پر اس نے جارح بلے باز عمر اکمل کو بھی بولڈ کرکے ہندستانی فتح کی امیدیں جگائی تھیں لیکن پاکستانی کپتان محمد حفیظ اور سابق کپتان شعیب ملک نے شاندار اننگ کھیل کر مہمان ٹیم کو فتح دلا دی مگر بھوبنیشور کمار کی اہلیت کے سبھی معترف ہوئے۔ اس نے اپنے چار اوور کے کوٹہ میں صرف9رن دیکر3وکٹ پر قبضہ کیا  اور اپنے بین الاقوامی ٹی-20کیریئر کا شاندار آغاز کیا۔ اس نے جس انداز سے گیندیں اندر  اور باہر دونوں جانب سوئنگ کراکر بلے بازوں کو پریشان کیا وہ قابل تعریف ہیں۔ ظہیر خان، عرفان پٹھان، سری سنت جیسے اہم گیند بازوں کے زخمی ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا ہندستانی ٹیم کا فاسٹ بالنگ شعبہ ختم ہوگیا ہے لیکن بھوبنیشور کمار نے بنگلور میچ میں اپنی گیند بازی کے ذریعہ یہ امید جگائی کہ نئی نسل میں بھی اچھے تیز گیند باز ابھر کر سامنے ؔآرہے ہیں۔ ہمارے یہاں بھی نگینے ہیں صرف انہیں وہ سنگتراش چاہئے جو صحیح تراش خراش کرکے انہیں بہترین مورت میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
 
بھوبنیشور کمار اپنا 11واں فرسٹ کلاس میچ ہی کھیل رہے تھے کہ انہیں ناقابل یقین شہرت مل گئی ۔ اس نوجوان تیز گیند باز نے دنیائے کرکٹ کے نامور بلے باز سچن تندولکر کو صفر پر بولڈ کردیا۔ 2008-09ء رنجی ٹرافی کے فائنل میچ میں کانپور کے اس گیند باز نے سچن تندولکر جیسے نامور بلے باز کو بغیر رن بنائے پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ اتفاق سے رنجی ٹرافی میں وہ  پہلا موقع تھا جب سچن اپنا کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے۔ اس فائنل میچ میں گرچہ اتر پریش کو شکست ہوئی لیکن وہ فائنل میچ بھوبنیشور کمار کے کیریئر کا یادگار میچ بن گیا۔ اس فائنل میچ کی اننگ میں اس نے پانچ وکٹ لینے کا بھی شرف حاصل کیا تھا۔
بھوبنیشور کمار  ایک میڈیم پیس گیند باز ہیں جو نئی گیندوں کو دونوں جانب سوئنگ کرانے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اتر پردیش کی انڈر-19ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنی 17ویں سالگرہ منائے انہیں دو ہفتے ہی ہوئے تھے انہیں اتر پردیش کی رنجی ٹیم میں  شامل کرلیا گیا۔ ابتدا میں انہیں زیادہ مواقع نہیں ملے لیکن جب دوسرا سیزن آیا تو انہوں نے اپنی  صلاحیت کے بل بوتے پر اتر پردیش کے سنیئر تیز گیند باز آر پی سنگھ اور پروین کمار کی موجودگی میں بھی نئی گیند استعمال کرنے کا حق حاصل کرلیا۔ ابتدا میں انہیں لور آرڈر میں بلے بازی کیلئے بھیجا جاتا تھا لیکن انہوں نے آہستہ آہستہ بلے بازی میں بھی سدھار لایا اور بلے بازی کی مشق نے انہیں   لور مڈل آرڈر کاہم بلے باز بھی بنادیا جس کا ثبوت انہوں نے  دلیپ ٹرافی2012ء کے دوسرے سیمی فائنل میں سنٹرل زون کی نمائندگی کرتے ہوئے نارتھ زون کے خلاف دیا۔ اس میچ میں یوراج سنگھ کے 208رنوں کی بدولت نارتھ زون نے پہلی اننگ میں451رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کرلیا تھا اور محمد کیف کی قیادت والی سنٹرل زون کے سات ٹاپ آرڈر بلے باز جب محض251 کے مجموعی اسکور پر  پویلین لوٹ گئے تھے تو ایسا لگا کہ نارتھ زون کو پہلی اننگ  میں سبقت مل جائے گی لیکن ایسے موقع پر بھوبنیشور کمار نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے128 رنوں کی اننگ کھیلتے ہوئے پروین کمار، مرلی کارتک اور ریتو راج سنگھ کے ساتھ مل کر عمدہ شراکت بھی کی اور ٹیم کا اسکور469تک پہنچاکر سنٹرل زون کو پہلی اننگ میں سبقت دلائی اور اسی سبقت کی بنیاد پر سنٹرل زون کی ٹیم دلیپ ٹرافی فائنل تک پہنچی۔ 50فرسٹ کلاس میچوں میں وہی ایک سنچری بھوبنیشور کمار کے نام ہے، اس کے علاوہ اس نے 11نصف سنچریاں بھی اسکور کرکے اپنی بیٹنگ اہلیت کا ثبوت پیش کیا ہے۔ 50فرسٹ کلاس میچوں میں155 وکٹ لینے والے بھوبنیشور کمار نے اپنے فرسٹ کلاس کرکٹ کیریئر کا آغاز 17تا 19 دسمبر2007ء کو کلکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں  بنگال کے خلاف کیا تھا اور اپنے اولین میچ میں ہی اس نے قابل قدر بالنگ کی۔ میزبان بنگال کی ٹیم اس میچ میں جب صرف 149پر آئوٹ ہوئی تھی تو اس  میں اتر پردیش کے پیوش چائولہ اور پروین کمار نے جہاں تین تین وکٹ لئے تھے تو بھوبنیشور کمار نے بھی3وکٹ لیکر اپنے سنیئر کرکٹروں کا عمدہ ساتھ دیا تھا۔
 
اتر پردیش کے تیز گیند بازبھوبنیشور کمار نے گزشتہ22 تا26فروری 2013ء کو چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں مائیکل کلارک کی قیادت والی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف اتر پردیش کے اس بالنگ آل رائونڈر نے اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور یہ اس کی خوش قسمتی ہے کہ اس ٹسٹ میں ٹیم انڈیا کو فتح کا شرف بھی حاصل نہیں ہوا۔ گرچہ اس ٹسٹ میں  بھوبنیشور کمار کو زیادہ گیند بازی نہیں ملی اسی لئے کوئی وکٹ بھی نہیں ملا لیکن اس نے اپنی موجودگی کا احساس دلایا۔ آسٹریلیا کے380 رنوں کے جواب میں ہندستانی ٹیم کو پہلی اننگ میں سبقت دلانے میں اس ٹیل اینڈر بلے باز کا بھی زبردست ہاتھ رہا۔ اس نے کپتان دھونی کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کیلئے 140رنوں کی شراکت کی تو آخری وکٹ کیلئے ایشانت شرما کے ساتھ مل کر26قیمتی رنوں کی شراکت کی اور آخر میں 38قیمتی رن بناکر پویلین لوٹے۔ بھوبنیشور کی اس  اننگ نے ثابت کیا کہ وہ لور آرڈر میں بھی اچھی بلے بازی کر سکتے ہیں۔بھوبنیشور کمار کی اس اننگ کے سبب ہی دھونی بھی ٹسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے، اگر بھوبنیشور کا عمدہ ساتھ نہ ملتا تو ٹیم  انڈیا کا اسکور 500تک پہنچ بھی نہیں پاتا اور ہندستان کی فتح بھی مشکل ہوتی۔ چنئی کی پچ پر کپتان دھونی نے زیادہ تر اپنے تینوں اسپین گیند بازوں کو ہی استعمال کیا، اس لئے بھوبنیشور کوبالنگ میں اپنی اہلیت دکھانے کا کوئی خاص موقع نہیں ملا لیکن حیدر آباد میں2مارچ 2013ء سے شروع ہونے والی سیریز کے دوسرے ٹسٹ میں بھوبنیشور نے اپنی سوئنگ گیند بازی کا استعمال کرکے آسٹریلیا کے ٹاپ تینوں بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھاکر کپتان کا اعتماد حاصل کیا۔ یہ کپتان کا اعتماد ہی ہے کہ اس 23سالہ نوجوان گیند باز کو ہر طرز کے کرکٹ میں قومی ٹیم کی نہ صرف نمائندگی کا شرف حاصل ہوا بلکہ فرسٹ الیون میں اس کی جگہ یقینی ہے۔   نئی گیندوں کے ساتھ بہترین سوئنگ کا استعمال کرکے یہ ابتدا میں ہی وکٹ لیکر حریف ٹیم کی بلے بازی  لڑکھڑادیتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ بھوبنیشور کمار دھونی کی پہلی پسند  بنے ہوئے ہیں۔
 
بھوبنیشور کمار ایک نظر میں
پورا نام: بھوبنیشور کمار
تاریخ پیدائش:5دسمبر1990
مقام پیدائش:ممبئی،مہاراشٹر
اہم ٹیمیں: ہندستان،انڈیاA، اتر پردیش، پونے واریئرس، رائل چیلنجرس بنگلور
پلیئنگ رول: بالر
بیٹنگ اسٹائل: دائیں ہاتھ کے بلے باز
بالنگ اسٹائل: دائیں ہاتھ کے میڈیم پیس
ٹی-20انٹر نیشنل میچ:2، اننگ:1، رن: 6، عظیم اسکور: 6ناٹ آئوٹ،  وکٹ:4، بہترین بالنگ:3/9
ٹسٹ:4، اننگ:4، رن: 80،عظیم اسکور :38   وکٹ:6، بہترین بالنگ:3/31
ون ڈے:12، اننگز:5 ، رن: 53 ، عظیم اسکور:31، وکٹ:15، بہترین بالنگ:3/29
بشکریہ مشتاق دربھنگوی
 
************************
Comments


Login

You are Visitor Number : 706