donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Eucational Article -->> Ilm O Fun
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Dr. Syed Ahmad Qadri
Title :
   Aalmi Yaum Azadiye Sahafat



ڈاکٹر سیّد احمد قادری
 رابطہ: 09934839110  

 عالمی یوم آزادیٔ صحافت


        3  ؍ مئی عالمی یوم آزادیٔ صحافت  ہے ۔اس کی مناسبت سے صحافت اور آزادیٔ صحافت سے متعلق چند باتیں عرض کرنا چاہتا ہوں ۔ عہد حاضر میںاخبارات اور ٹیلی ویژن نے جس طرح ہر گھر میں اپنی جگہ بنا لی ہے، اس سے اس کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس مقبولیت کے باعث عام  لو گ بھی صحافت اور اس کے مسائل کو  جاننا اور سمجھنا چاہتے ہیں ، جس کے لئے آج  سے بہتر کون دن ہو سکتا ہے کہ آج  کے  دن کو اقوام متحدہ نے صحافت اورآزادیٔ صحافت کے لئے مخصوص کیا ہے۔

       صحافت ، خواہ جس زبان کی ہو ، اس کی اہمیت اور افادیت کو ہر زمانہ میں تسلیم کیا گیا ہے۔ ہماری سماجی، سیاسی، معاشرتی، تہذیبی اوراقتصادی زندگی پر جس شدّت کے ساتھ اس کے اثرات مثبت اورمنفی دونوں طریقے سے مرتسم ہوتے رہے ہیں ۔اس کا بہر حال اعتراف تو کرنا  ہی ہوگا۔صحافت ترسیل وابلاغ کا اتنا مؤثراور طاقتور ذریعہ ہے اورواقعات حاضرہ کی معلومات بہم پہنچانے کااتنا بہتر وسیلہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے سماجی پیشوا، سیاسی رہنما اور مشاہیرادب نے نہ صرف اس کی بھرپور طاقت کے سامنے سرتسلیم خم کیا بلکہ اپنے افکار واظہار کی تشہیر کے لیے صحافت سے منسلک بھی رہے ، تاریخ شاہد ہے کہ صحافت نے کتنے ہی ملکوں کے تختے پلٹ دئے، بڑے بڑے انقلابات کوجنم دیا، اورظالم حکمرانوں کے دانت کھٹّے کردیے۔ عالمی پیمانہ پر ایسے کئی مقام آئے، جب صحافت کی بے پناہ طاقت، اس کی عوامی مقبولیت اوراس کی تنقید سے خوف زدہ ہوکر اس پرپابندیاں عائد کی گئیں۔ صحافت نے جیسے جیسے ترقی کی ، ویسے ویسے اس کی مقبولیت، اہمیت اورافادیت بڑھتی گئی اورلوگوںکومتوجہ کرانے میں کامیاب ہوتی گئی ۔ اس طرح صحافت انسانی زندگی کا ایک حصہ بن گئی۔صحافت کی ان خصوصیات اور انقلابی طاقت سے متاثر ہو کر کبھی اکبر الہ آبادی نے کہا تھا ۔۔۔۔۔

کھینچو نہ کمانوں کو ، نہ تلوار نکالو       جب توپ،مقابل ہو تو اخبار نکالو

  اس کا مطلب یہ ہوا کہ صحافت اتنی مؤثر اور طاقتورہے کہ اس کے سامنے تیر، کمان، بندوق اورتوپ کی بھی اس قدر اہمیت نہیں ہے۔ مندرجہ بالا شعر کہتے وقت اکبرؔ الٰہ آبادی کے ذہن میںیقینا تاریخ کے جانے مانے جرنیل اور اپنے عہد کے عظیم ڈکٹیٹر نیپولین بونا پاٹ کا وہ مشہورمقولہ رہا  ہوگا، جس میںاس نے صحافت کی طاقت کے سامنے سرنگوں ہوتے ہوئے کہا تھا کہ :

               " I fear three newspapers more than a hundred thousand bayonets"

یعنی’لاکھوں سنگینوںسے زیادہ میں تین اخبار سے خوف زدہ رہتا ہوں‘۔
    نیپولین بوناپاٹ کا مندرجہ بالا خوف یقینی طورپر صحافت کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس نے ضرور اس بات کومحسوس کیا ہوگا کہ دشمن کی صفوں میںانتشاربرپا کرنے میں توپ اورتفنگ، لائو لشکر، تیر، تلوار کے ساتھ ساتھ ہاتھیوں، گھوڑوں اورفوجیوں کی بے پناہ طاقت، صحافت کے سامنے کند ہے۔ جو کام صحافت سے لیا جاسکتا ہے،وہ توپ اوربندوقوںسے بھی نہیں لیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے عظیم مفکر، دانشور، سربراہ، مصلح، سیاستداں اوررہنما اس کی اہمیت کے ہمیشہ معترف اورقائل رہے ہیں۔

     لیکن جب صحافت پر سیاست حاوی ہونے لگی اور دنیا کے بڑے بڑے صنعت کار ، دولت مند اور بعض ممالک کی حکومتیں، صحافت کی بے پناہ طاقت کا اپنے مفاد میں استعمال کرنے لگیں ،تب ایسے حالات سے متاثر ہو کر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے

  1991 ء کی اپنی 26ویں اجلاس میں منظور قرارداد کو نافذکرتے ہوئے  1993ء سے ہر سال  3 ؍ مئی کو عالمی سطح پر یوم آزادیٔ صحافت کے انعقاد کا فیصلہ کیا ۔ جس کے تحت صحافتی تحریروں پر پابندی لگانے، انھیں سنسر کرنے، جرمانہ عائد کرنے نیز صحافیوں کو زدوکوب کئے جانے ، ان پر جا ن لیوا حملہ کئے جانے ، انھیںاغوأ کئے جانے اور انھیں بے دردی سے قتل کئے جانے پر غور و فکر کرنے اور ان کے سدّباب کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ایسے حالات سے نپٹنے ، حکمت عملی تیار کئے جانے اورحکومت وقت کو انتباہ کئے جانے پر زور دیا گیا ہے۔

           یونیسکو نے ایسے مقامی اور عالمی سطح کے اداروں ، شعبوں ، این جی اوز وغیرہ کوصحافتی حفاضت ، آزادیٔ صحافت اور ترقی ٔ صحافت کے لئے مثبت اقدام اور اس ضمن میں غیرمعمومی خدمات کے لئے  1997 ء سے چودہ آزاد صحافیوں کی جیوری سمیت یونیسکو کے اسٹیٹ ممبران کی سفارش پر کولمبیا  کے ایک اخبار El Espectador   کے مقتول صحافی   Guillermo cano isaza جو کہ 17 ؍دسمبر1986  ء کو کولمبیا کے ایک بہت بڑے  دولت مندصنعت کار کے خلاف لکھنے کی پاداش میں ہلاک کر دیا گیا تھا ، کے نام پر ایک باوقار ایوارڈ کا فیصلہ کیا گیا تھا ، تاکہ نہ صرف جمہوریت کا استحکام اور اس کا افادی پہلو کا دائرہ وسیع ہوبلکہ مفاد عامّہ کے لئے صحافت اور صحافتی خدمات پر معمور صحافیوں کی اہمیت اور افادیت کو تسلیم کیا جائے کہ کس طرح نامساعد حالات میںعوامی مفاد کے لئے رائے عامّہ تیار کرتے ہیں ۔

           اس کے لئے  1-3  مئی تک 2011 ء میں امریکہ کے واشنگٹن شہر میں عالمی یوم آزادیٔ صحافت کا جلسہ  بڑے پیمانہ پر انعقادکیا گیا تھا اور اس موقع پر اکیسویں صدی کے میڈیا  اور اس کی بنیادی آزادی پر کئی ممالک کے مندوبین نے بحث و مباحثہ میں حصّہ لیا تھا ۔

     لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ان تمام کوششوں کے باوجود دنیا کے بیشتر ممالک بشمول بھارت میں آزادیٔ صحافت پر پہرے بٹھائے جانے ، صحافیوں پر  پُر  تشدّد حملے اور قتل کئے جانے کے واقعات  تیزی سے بڑھتے جا رہے ہیں ۔ امریکی فریڈم ہاؤس کی جانب سے جاری ایک جائزہ کے مطابق گزشتہ سال 70  ممالک صحافتی آزادی ، 61 ممالک میں جزوی طور پر اور 64 ممالک میں آزادیٔ صحافت پر مکمل پابندی رہی۔ سوویت یونین ، مشرق  وسطیٰ اورشمالی افریقہ میں صحافت کی آزادی سلب رہی ، جبکہ اسرائیل ، اٹلی اور ہانگ کانگ میں ایران ، لیبیا، شمالی کوریا ، میانمار، روانڈا اور ترکماستان وغیرہ میں صحافت ،آزادی کے لئے کراہتی رہی۔ آزادیٔ صحافت کے ضمن میں ایک فرنچ این جی او کی رپورٹ کے مطابق 2011- 12   میں179 ممالک میں ہمارا ملک بھارت 131ویں پائدان پر تھا ۔

      آزادیٔ صحافت کو جس طرح مختلف مما لک میںسلب کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں اور آئے دن جس طرح صحافیوں کو یرغمال بنا  کر اور پھر انھیں جس بے دردی سے ہلاک کیا جا رہا ہے ۔ ان پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری بان کی مون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ’  انھیں  پوری دنیا میں صحافیوں کے قتل ، قید و بند کی  دی جانے والی صعوبتوں اور دھمکی و ہراساں کئے جانے پر انتہائی افسوس ہے۔ ‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’جس طرح صحافیوں پر ظلم و تشدّد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ، جس کی اطلاع صحافیوں کے تحفظ کی تنظیم ( سی پی جے ) نے دیتے ہوئے بڑی تعداد میں اپنے فرائض منصبی کی ادایٔگی کے دوران صحافیوں کے ہلاک کئے جانے کی دی ہے، اس پر انھیں سخت افسوس اور ملال ہے ‘۔ ابھی ایک سال قبل ہی اسلامی مملکت کے جنگجوؤں کے ذریعہ لیبیائی ٹیلی ویژن کے لئے کام کرنے والے پانچ صحافیوں کو بہت بے دردی کے ساتھ قتل کر دئے جانے کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔ یہ تمام صحافی گزشتہ کئی ماہ سے غائب تھے ، خیال تھا کہ انھیں اسلامی مملکت کے جنگجوؤں  نے اغوأ کر رکھا تھا ، جنھیںبعد میں قتل کر دیا گیا ۔ان کی گردن کٹی لاشیں لیبیا کے بن غازی کے نزدیک کم آبادی والے جنگلاتی علاقہ میں  پائی گئیں تھیں، ان صحافیوں میں چار صحافی لیبیا کے اور ایک صحافی مصر کے تھے ۔ ایسی اندوہناک خبریں اب اکثر کئی ممالک کے مختلف حصوں سے آتی رہتی ہیں۔ جن کی جس قدر مذمّت کی جائے کم ہے۔

   ہم اس امر سے ہم انکار نہیں کر سکتے ہیں کہ اظہار رائے کی آزادی اور انسانی حقوق کے الفاظ معاصر منظر نامے میں بے معنی اور بے وقعت ہوتے جا رہے ہیں ۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے ، لیکن قلم اور کیمرے کو جس طرح جبر و تشدّد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اورآزادیٔ صحافت اور اس کی آواز کو دبانے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ وہ بہت ہی تشویشناک ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ میڈیا پر ہی یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ میڈیا ،حکومت پر مثبت تنقید کے بجائے الزام تراشیاں کر رہا ہے، جس کے باعث  جمہوریت کمزور پڑ رہی ہے اور حکومت غلط راہوں پر جانے پر مجبور ہو رہی ہے ۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ جمہوریت اور اس کے استحکام ، سیکولرزم کے فروغ اور سماج کا رخ موڑنے میں صحافت نے جو رول ادا کیا ہے اور کر رہے ہیں ، انھیں  فرا موش  نہیں کیا جا سکتا ہے ۔لیکن الزام تراشی کے گرم بازار کا ذکر کرنے والے خود صحافت پر کس قدر اوچھے اور نازیبا الزمات لگا رہے ہیں ، وہ اسے بھول جاتے ہیں ۔ ابھی زیادہ دن نہیںہوئے ہیں کہ بھارت کے مرکزی حکومت کے ایک وزیر اور سابق فوجی افسر کرنل وی کے سنگھ نے جن ناشائستہ اور بے ہودہ الفاظ میں ملک کی صحافت پر الزام لگایا  ہے، وہ بہر حال قابل مذمّت ہے ۔

      مجھے خوشی ہے کہ آج بھی جبکہ پوری دنیا صارفیت کے چنگل میں ہے۔ پھر بھی کچھ واقعات کو چھوڑ کرصحافی اپنی پوری ذمّہ داری ، غیر جانب داری ، بے باکی ، بلند حوصلہ اور جرأت مندی کے ساتھ جمہوریت اور اس کے استحکام کے ساتھ ساتھ انسانی اقدارو افکار کے لئے اپنے فرائض ذمّہ داریوں کے ساتھ انجام دے رہے ہیں ۔ ایسے جرأت مند اور بے باک صحافیوں کی موجودگی میں ، مجھے یقین ہے کہ صحافت کی جو اعلیٰ قدریں ہیں ، وہ پامال نہیں ہونگیں اور ایسے کچھ صحافی جو وقتی منعفت کے لئے بھٹک جاتے ہیں ، وہ بھی صحافت کو تجارت تصور کرنے کی بجائے مشن

کے طور پر قبول کرتے ہوئے صحافت کو عبادت کا درجہ دینگے۔


 ٭٭٭٭٭٭ 

email: squadri806@gmail.com

 

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 653