donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Islamic Articles -->> Islamic Education
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Md. Najeeb Qasmi Sambhali
Title :
   Maahe Ramzan Ke Aakhri Ashra


اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن، وَالصَّلاۃُ وَالسَّلامُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیْم ِوَعَلٰی آلِہِ وَاَصْحَابِہِ اَجْمَعِیْن۔


ماہ رمضان کے آخری عشرہ کے ایک ایک لمحہ کی قدر کریں

 

محمد نجیب سنبھلی قاسمی


ہمارے بعض دوست واحباب ومتعلقین گزشتہ رمضان میں حیات تھے، انہوں نے ہمارے ساتھ رمضان المبارک کے روزہ رکھے ، تروایح پڑھیں، لیکن اب وہ دنیوی زندگی کو الوداع کہہ چکے ہیں۔ آئندہ رمضان تک کون حیات رہے گا، اللہ تعالیٰ ہی زیادہ جاننے والا ہے۔ اس ماہ مبارک کا آخری عشرہ ہونے والا ہے، جو بے شمار فضیلتوں کا حامل ہے۔ لہذا اس مبارک ماہ کے آخری عشرہ کے ایک ایک لمحہ کی قدر کریں۔ وقت کو یوں ہی ضائع نہ کردیں۔ دن میں روزہ رکھیں۔ راتوں میں تراویح اور تہجد پڑھیں، قرآن کریم کی تلاوت کا خاص اہتمام رکھیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک قبیلہ کے دو شخص ایک ساتھ حضور اکرم ﷺ کے ہاتھ پر ایمان لائے۔ ان میں سے ایک اللہ کے راستے میں شہید ہوگئے، جبکہ دوسرے شخص ایک سال حیات رہنے کے بعد طبیعی موت انتقال فرماگئے۔ حصرت طلحہ بن عبید اللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے خواب میں دیکھا کہ طبیعی موت مرنے والے شہید سے بھی پہلے جنت میں داخل ہوئے۔ صبح کوجب میں نے نبی اکرمﷺ کے سامنے تعجب کے ساتھ اس خواب کا ذکر کیا تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اس نے ایک سال رمضان کے روزے نہیں رکھے۔ اس نے ایک سال نماز ادا نہیں کی۔۔۔ (مسند احمد) غرضیکہ انسان رمضان میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کرکے شہید سے بھی بڑھ سکتا ہے، اگر وہ واقعی اللہ کی رضا کے لئے نیک اعمال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ اس مبارک ماہ میں اہل اسلام کے لئے جنت کے دروازے کھول دئے گئے ہیں، دوزخ کے دروازے بند اور شیاطین پابند سلاسل کردئے گئے ہیں۔ ہر روز فرشتوں کے ذریعہ آواز لگوائی جاتی ہے کہ اے طالب خیر! سامنے آ اور متوجہ ہو ۔ اے طالب شر! بس کر گناہوں سے، تائب ہوکر طاعت اور نیکی کی زندگی کو اختیارکر۔ لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم رمضان کے آخری عشرہ کے ایک ایک لمحہ کی قدر کریں۔

شب قدر کی عبادت:رمضان کی راتوں میں ایک رات شب قدر کہلاتی ہے جو بہت ہی خیر وبرکت والی رات ہے اور جس میںعبادت کرنے کو قرآن کریم (سورۃ القدر) میں ہزار مہینوں سے افضل بتلایا گیا ہے۔ ہزار مہینوں کے ۸۳ سال اور ۴ ماہ ہوتے ہیں۔ گویا اس رات کی عبادت پوری زندگی کی عبادت سے زیادہ بہتر ہے۔ اور ہزار مہینوں سے کتنا زیادہ ہے ؟ یہ صرف اللہ ہی کو معلوم ہے۔نبی اکرم ﷺ کے ارشادات سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ رات رمضان کے آخری عشرہ میںہوتی ہے۔ لہذا اس آخری عشرہ کا ایک لمحہ بھی ضائع نہ ہونے دیں۔ پانچوں نمازوں کو جماعت سے پڑھنے کا اہتمام کریں،دن میں روزہ رکھیں، رات کا بڑا حصہ عبادت میں گزاریں، تراویح اور تہجد کا اہتمام کریں، اللہ تعالیٰ کا ذکر کریں، اپنے اور امت مسلمہ کے لئے دعائیں کریں، قرآن کریم کی تلاوت زیادہ سے زیادہ کریں۔ شب قدر کی اہمیت وفضیلت کے متعلق خالق کائنات ارشاد فرماتا ہے:بے شک ہم نے قرآن پاک کو شب قدر میں اتارا ہے ،یعنی قرآن کریم کو لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر اس رات میں اتارا ہے۔ آپ کو کچھ معلوم بھی ہے کہ شب قدر کیسی بڑی چیز ہے ، یعنی اس رات کی بڑائی اور فضیلت کا آپ کو علم بھی ہے ، کتنی خوبیاں اور کس قدر فضائل اس میں ہیں۔ اس کے بعد چند فضائل کا ذکر فرماتے ہیں، شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے، یعنی ہزار مہینوں تک عبادت کرنے کا جتنا ثواب ہے اس سے زیادہ شب قدر کی عبادت کا ہے، اور کتنا زیادہ ہے؟ یہ اللہ ہی کو معلوم ہے۔ اس رات میں فرشتے اور حضرت جبرئیل علیہ السلام اترتے ہیں۔ اپنے پروردگار کے حکم سے ہر امر خیر کو لے کر زمین کی طرف اترتے ہیں۔ اور یہ خیر وبرکت فجر کے طلوع ہونے تک رہتی ہے۔ 
سورۃ العلق کی ابتدائی چند آیات (اِقْرَاْ بِسْمِ رَبِّکَ الَّذِیْ خَلَق....) سے قرآن کریم کے نزول کا آغاز ہوا۔ اس کے بعد آنے والی سورۃ القدر میں بیان کیا کہ یہ قرآن کریم رمضان کی بابرکت رات میں اتراہے، جیساکہ سورۂ الدخان کی آیت نمبر ۳ (اِنَّا اَنْزَلْنَاہٗ فِیْ لَیْلَۃٍ مُّبَارَکَۃٍ) ہم نے ایک مبارک رات میں قرآن کریم کو اتارا ہے۔ اور سورۃ البقرہ کی آیت نمبر ۱۸۵ (شَہْرُ رَمَضَانَ الَّذِیْ اُنْزِلَ فیہ القرآن رمضان کے مہینہ میں قرآن کریم نازل ہوا ہے) میں یہ مضمون صراحت کے ساتھ موجود ہے۔ 


شب قدر کے معنی: شب قدر کے دو معنی ہیں اور دونوں ہی یہاں مقصود ہیں۔ ایک یہ کہ یہ وہ رات ہے جس میں تقدیروں کے فیصلے کئے جاتے ہیں جیسا کہ سورۃ الدخان آیت نمبر ۴ میں ہے:  فِیْہَا یُفْرَقُ کُلُّ اَمْرٍ حَکِیْمٍ یعنی اسی رات میں ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ دوسرے معنی یہ ہیں کہ یہ بڑی قدر ومنزلت اور عظمت وشرف رکھنے والی رات ہے، جیسا کہ سورۃ القدر میں تفصیل سے مذکور ہے ۔اس رات میں قرآن کریم کے نازل ہونے کا مطلب لوح محفوظ سے آسمان دنیا پر اترنا ہے یا اس رات میں پورا قرآن کریم حامل وحی فرشتوں کے حوالہ کیا جانا مراد ہے یا یہ مطلب ہے کہ قرآن کریم کے نزول کی ابتدا اس رات میں ہوئی اور پھر واقعات اور حالات کے مطابق وقتاً فوقتاً ۲۳ سال کے عرصہ میں نبی اکرم  ﷺ پر نازل ہوا۔

شب قدر کی فضیلت نبی اکرم ﷺ کی زبانی: شب قدر کی فضیلت واہمیت کے متعلق متعدد احایث کتب احادیث میں موجود ہیں، یہاں اختصار کی وجہ سے چند احادیث ذکر کررہا ہوں، اللہ تعالیٰ ہم سب کو عمل کرنے والا بنائے، آمین-رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : جو شخص شب قدر میں ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے (عبادت کے لئے) کھڑا ہو، اس کے پچھلے تمام گناہ معاف ہوجاتے ہیں۔ (بخاری ومسلم) کھڑے ہونے کا مطلب: نماز پڑھنا، تلاوت قرآن اور ذکر وغیرہ میں مشغول ہونا ہے۔ ثواب کی امید رکھنے کا مطلب یہ ہے کہ شہرت اور دکھاوے کے لئے نہیں بلکہ خالص اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے عمل کرنا ہے۔۔۔رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : تمہارے اوپر ایک مہینہ آیا ہے جس میں ایک رات ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا گویا سارے ہی خیر سے محروم رہ گیا، اور اس کی بھلائی سے محروم نہیں رہتا مگر وہ شخص جو حقیقۃ ً  محروم ہی ہے۔ (ابن ماجہ) رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : شب قدر کو رمضان کے اخیر عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کیا کرو۔ (بخاری)   مذکورہ حدیث کے مطابق شب قدر کی تلاش ۲۱ ویں ، ۲۳ ویں، ۲۵ ویں، ۲۷  ویں، ۲۹ ویں راتوں میں کرنی چاہئے۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے حضور اکرمﷺ سے پوچھا کہ یا رسول اللہ اگر مجھے شب قدر کا پتہ چل جائے تو کیا دعا مانگوں؟ حضور اکرم ﷺنے ارشاد فرمایا: پڑھو:  اللّٰہُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّی(اے اللہ تو بیشک معاف کرنے والا ہے اور پسند کرتا ہے معاف کرنے کو ، پس مجھے بھی معاف فرمادے ۔

(مسند احمد ، ابن ماجہ، ترمذی) 

شب قدر کی دو اہم علامتیں:شب قدر کی دو اہم علامتیں کتب احادیث میں مذکور ہیں: ایک یہ کہ رات نہ بہت زیادہ گرم اور نہ بہت زیادہ ٹھنڈی ہوتی ہے اور دوسری علامت یہ ہے کہ شب قدر کے بعد صبح کو سورج کے طلوع ہونے کے وقت سورج کی شعاعیں یعنی کرنیں نہیں ہوتی ہیں۔ نوٹ: اختلاف مطالع کے سبب مختلف ملکوں اور شہروں میں شب قدر مختلف دنوں میں ہو تو اس میں کوئی اشکال نہیں، کیونکہ ہر جگہ کے اعتبار سے جو رات شب قدر قرار پائے گی اس جگہ اسی رات میں شب قدر کی برکات حاصل ہوں گی،ان شاء اللہ۔ 

اعتکاف:ثواب کی نیت سے مسجد میں ٹھہرنے کو اعتکاف کہا جاتا ہے۔ اعتکاف میں انسان دنیاوی مشاغل چھوڑکر اللہ تعالیٰ کے در یعنی مسجد کا رخ کرتا ہے۔ پوری توجہ کے ساتھ عبادت میں مشغول رہنے سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ جو خاص تعلق اور قربت پیدا ہوتی ہے وہ تمام عبادتوں میں ایک نرالی شان رکھتی ہے۔ اعتکاف کی تین قسمیں ہیں: مسنون اعتکاف: یہ رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف ہے جو سنت علی الکفایہ ہے یعنی محلہ میں اگر ایک شخص بھی اعتکاف کرلے تو سب کے ذمہ سے ساقط ہوجائے گا ورنہ سب ترک سنت کے گناہ گار ہوں گے۔ رمضان المبارک کی بیس تاریخ کو سورج غروب ہونے سے کچھ پہلے اعتکاف شروع کیا جاتا ہے اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہتا ہے۔ اس اعتکاف کے ذریعہ اللہ تعالیٰ سے تقرب کے ساتھ شب قدر کی عبادت حاصل ہوجاتی ہے جس میں عبادت کرنا اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق ہزار مہینوں یعنی ۸۳ سال کی عبادت سے بھی زیادہ بہتر ہے۔ ۲ہجری میں روزہ کی فرضیت کے بعد سے وفات تک نبی اکرم ﷺ نے ہمیشہ رمضان میں اعتکاف فرمایا۔ واجب اعتکاف: یہ نذر ماننے کی وجہ سے لازم ہوتا ہے : مثلاً کوئی شخص کہے کہ اگر میرا فلاں کام ہوگیا تو میں اتنے دن کا اعتکاف کروں گا۔ نذر کے لئے روزہ کے ساتھ کم از کم ایک دن کا اعتکاف ضروری ہوتا ہے۔ مستحب اعتکاف: جب بھی آدمی مسجد میں داخل ہو تو یہ نیت کرلے کہ جب تک میں اس مسجد میں رہوں گا اعتکاف کی نیت کرتا ہوں۔ اس اعتکاف میں وقت اور روزہ کی کوئی پابندی نہیں ہے۔ مسجد سے نکلنے پر اعتکاف ختم ہوجاتا ہے۔

مسنون اعتکاف سے متعلق بعض احادیث نبویہ:حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے رمضان کے پہلے عشرہ میں اعتکاف فرمایا اور پھر دوسرے عشرہ میں بھی، پھر خیمہ سے جس میں اعتکاف فرمارہے تھے، باہر سر نکال کر ارشاد فرمایا کہ میں نے پہلے عشرہ کا اعتکاف شب قدر کی تلاش اور اہتمام کی وجہ سے کیا تھا پھر اسی کی وجہ سے دوسرے عشرہ میں کیا، پھر مجھے کسی (یعنی فرشتہ) نے بتایا کہ وہ رات آخری عشرہ میں ہے، لہذا جو لوگ میرے ساتھ اعتکاف کررہے ہیں وہ آخری عشرہ کا بھی اعتکاف کریں۔ (بخاری مسلم)  حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرماتے تھے، وفات تک آپ کا یہ معمول رہا۔ آپ ﷺ کے بعد آپ کی ازواج مطہرات اہتمام سے اعتکاف کرتی رہیں۔ (بخاری ومسلم)  حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ہر رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرماتے تھے لیکن جس سال آپ ﷺ کی وفات ہوئی اس سال آپ ﷺ نے بیس دن کا اعتکاف فرمایا۔ (بخاری)   حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے اعتکاف کرنے والے کے لئے فرمایا کہ وہ (اعتکاف کی وجہ سے مسجد میں مقید ہوجانے کی وجہ سے) گناہوں سے بچا رہتا ہے اور اس کے لئے نیکیاں اتنی ہی لکھی جاتی ہیں جتنی کرنے والے کے لئے (یعنی اعتکاف کرنے والا بہت سے نیک اعمال مثلاً جنازہ میں شرکت، مریض کی عیادت وغیرہ سے اعتکاف کی وجہ سے رکا رہتا ہے، ان اعمال کا اجروثواب اعتکاف کرنے والے کو کئے بغیر بھی ملتا رہتا ہے)۔ (ابن ماجہ)امت مسلمہ کا اتفاق ہے کہ مردوں کی طرح عورتیں بھی اعتکاف کرسکتی ہیں اور اگر عورت مسجد میں اعتکاف کرے تو بھی اس کا اعتکاف صحیح ہوجائے گا، مگر ۸۰ ہجری میں پیدا ہوئے حضرت امام ابوحنیفہ ؒ اور دیگر علماء کرام نے فرمایا کہ عورتوں کے اعتکاف کے لئے مساجد کے بجائے گھر کی وہ خاص جگہ جو عموماً نماز وغیرہ کے لئے مخصوص کرلی جاتی ہے زیادہ بہتر ہے۔صحیح بخاری ۔ باب اعتکاف النساء ، حدیث نمبر ۱۸۹۶ میں ہے کہ امہات المؤمنین کے مسجد میں اعتکاف کرنے کو حضوراکرمﷺ نے پسند نہیں فرمایا تھا۔

اعتکاف کے بعض اہم مسائل واحکام: معتکف کو بلا ضرورت شرعیہ وطبعیہ اعتکاف والی مسجد سے باہر نکلنا جائز نہیں ہے۔ معتکف کے متعلقین میں سے کوئی سخت بیمار ہوجائے یا کسی کی وفات ہوجائے یا کوئی بڑا حادثہ پیش آجائے یا معتکف خود ہی سخت بیمار ہوجائے یا اس کی جان ومال کو خطرہ لاحق ہوجائے تو معتکف کے مسجد سے چلے جانے سے اعتکاف ٹوٹ جائے گا لیکن ایسی مجبوری میں چلے جانے سے گنا ہ نہیں ہوگا ان شاء ا للہ۔ البتہ بعد میں قضا کرلینی چاہئے۔

خلاصۂ کلام یہ ہے کہ ہمیں چاہئے کہ ہم رمضان کے آخری عشرہ میں اپنی دنیاوی مصروفیات اور سونے کو کسی حد تک کم کرکے زیادہ سے زیادہ وقت قرآن کریم کی تلاوت میں لگائیں کیونکہ اس ماہ کا قرآن کریم سے خاص تعلق ہے۔ اسی ماہ کے آخری عشرہ کی مبارک رات میں قرآن کریم لوح محفوظ سے سماء دنیا پر اتارا گیا۔ دیگر فرض نمازوں کے ساتھ نماز تراویح بھی پڑھیں، نماز تہجد پڑھنے کا بھی اہتمام کریں کیونکہ سحری میں اٹھنے کی وجہ ہمارے لئے نماز تہجد کی چند ررکعات کا پڑھنا آسان ہے۔ فرض نماز کے علاوہ صرف یہی نماز تہجد ہے جس کاذکر اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں متعدد مرتبہ فرمایا ہے۔ آپﷺ پورے سال رات کا دو تہائی یا آدھا یا ایک تہائی حصہ روزانہ نماز تہجد پڑھا کرتے تھے، جیساکہ اللہ تعالیٰ نے سورۃا لمزمل میں بیان فرمایا ہے۔ نیز اپنے لئے ، اپنے گھر والوں اور پوری امت مسلمہ کے لئے خیر وبھلائی وعافیت کے لئے اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں کریں۔ دیگر دعاؤں کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی اور جہنم سے نجات کے لئے اللہ تعالیٰ سے خوب دعائیں کریں۔ اعتکاف کرنے کا موقع میسر ہوجائے تو ضرور اعتکاف فرمائیںکیونکہ حضور اکرمﷺ ۲ ہجری میں رمضان کے روزے کی فرضیت کے بعد سے ہمیشہ اعتکاف فرماتے تھے۔ پہلے سال آپ نے پورے تیس دن کا اعتکاف فرمایا، جبکہ جس سال آپ کا وصال ہوا آپ ﷺ نے بیس روز کا اعتکاف فرمایا۔ 


 محمد نجیب سنبھلی قاسمی (www.najeebqasmi.com)

********************

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 624