donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Islamic Articles -->> Islamiyat
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Allama Peer Mohammad Tabassum basheer Owaisi
Title :
   Owais Qarni RZA

تاجدار یمن سیدنا خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ
 
آپ کا سالانہ عرس مبارک دربار عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ شریف پر 15رجب المرجب کو منعقد ہو رہا ہے 
 
علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی سجادہ نشین مرکز اویسیاں نارووال
 
حضرت سیدنا عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نے پیغمبر خدا ؐ  کی خدمت میں حاضر ہو کر سوال کیا کہ یارسول اللہؐ  اس شخص کے لئے کیا حکم ہے کہ جس نے کسی کو نہ دیکھا ہو اور نہ ہی ملاقات کی ہو اور نہ ہی اس کی صحبت میں رہا ہو اور نہ اس کے عمل پر عمل کیا ہو اس کو دوست رکھتا ہو ۔حضورؐ  نے فرمایا:اَلْمَرْئُ مَنْ اَحَبَّ (ترجمہ)’’آدمی اسکے ساتھ ہو گا جس سے محبت رکھتا ہو گا ۔‘‘
تمہید :۔ آپ نے حدیث پاک پڑھی کہ آدمی اس کے ساتھ ہو گا جس سے محبت رکھتا ہو گا۔ تو پتہ چلا ہم دنیا میں اگر محبوبان خدا سے محبت و عقیدت رکھیں گے تو قبر و حشر میں ان کے ساتھ ہو ں گے ۔ اللہ تعالیٰ کے محبوب بندوں میں سے ایک عظیم المرتبت شخصیت حضرت سیدنا خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہکی بھی ہے ۔
آغاز حالات سید نا خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ:۔نام :۔ آپ کا نام مبارک حضرت اویس قرنی (رضی اللہ عنہ ) تھا۔ یہی نام احادیث مبارکہ میں آیاہے ۔والدگرامی کا نام ’’عامر ‘‘اور والدہ کا نام ’’بدار‘‘ بتایا جاتا ہے ۔ 
ولادت:۔ تلاش کے باوجود آپ کی ولادت کے متعلق صحیح معلومات نہیں مل سکیں ۔آپ کے والدگرامی آپ کی کم سنی میں فوت ہو گئے اور والدہ کمزور تھیں آپ نے ان کی خدمت میں ہی زندگی بسر فرمائی ۔
 
حلیہ شریف:۔ آپ کا رنگ گندمی ،قد میانہ اور جسم فربہ تھا ۔ بعض نے آپ کو لاغر اندام ،پتلی کمر اور دھنسا ہوا شکم بتایا ہے ۔ آپ کی داڑھی مبارک گھنی اور بال الجھے ہوئے ۔ آنکھیں نیلگوں اور سیدھے ہاتھ کی ہتھیلی پر سفید برص کا نشان تھا۔
 
تعلیم و تربیت:۔ اگر چہ آپ نے ظاہری تعلیم حاصل نہیں۔ لیکن سرور کائنات ؐ  کی عقیدت اور محبت کے روحانی توسل سے نہ صرف آپ حضور پر نور ؐ سے روحانی تربیت یافتہ تھے ۔بلکہ رسالت مآب ؐ کی بارگاہ میں آپ کو مرتبہ محبوبیت بھی اصل تھا ۔ جیسا کہ حدیث پاک میں آتا ہے کہ سرکار دوعالم ؐ  اپنے پراہن مبارک کے بندکھول کر سینہ مبارک یمن کی طرف کر کے فرمایا ۔اِنِّیْ لاََجِدُ نَفْسَ الرَّحْمٰنِ مِنْ قِبَلِ الْیَمَنِ ۔’’میں نسیم رحمت یمن کی طرف پاتا ہوں ۔‘‘ 
 
لباس :۔ کوڑیوں سے چیتھڑے اُٹھا لاتے اور انہیں دھوکر جوڑ لگا کر خرقہ سی لیا کرتے تھے ۔ آپ کی وارفتگی پر بچے جب ہنستے اور پتھرپھینکتے تو آپ فرماتے بھائیو!چھوٹے چھوٹے پتھرمارو ۔ایسا نہ ہو کہ خون بہہ جائے اور وضو جاتا رہے جس سے میں نماز نہ پڑھ سکوں ۔ آپ کے لباس میں دو چیزیں شامل تھیں۔ ایک اونٹ کے بالوں کا کمبل اور دوسری پاجامہ ۔
 
ایمان :۔ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہوئے ۔مگر یہ سوال ضرور ذہن میں ابھر تا ہے کہ آپ خاتم البنیین ؐ پر کب ایمان لائے ۔تو اس وقت کا تعین کرنا ممکن نہیں۔ لیکن یہ بات پوری ذمہ داری سے کہی جا سکتی ہے کہ جب سرکار دوعالمؐ   کا چرچہ عرب کے دوسرے علاقوں کے ساتھ یمن میں بھی ہوا تو لوگوں کی طرح آپ بھی نبی آخرالزماں ؐ کے اسم مبارک سے آگاہ ہوگئے تو دل نے آپ کے سچے رسول ہونے کی گواہی دی تو آپ ایمان لے آئے ۔ لیکن یہ بات صرف ایمان لانے پر ختم نہ ہوئی بلکہ آپ کو امام الانبیاؐ   سے حقیقی عشق ہو گیا ۔ ایسا عشق جس کی نہ انتہا ہے اور نہ تشریح کی جاسکتی ہے ۔ 
 
مختلف القابات:۔ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کو آقائے دوجہاں ؐ   نے مختلف ناموں سے یاد فرمایا ہے کسی جگہ ’’نفس الرحمن‘‘ اور کہیں ’’خیر التابعین ‘‘کا لقب دیا گیا۔
 
فضائل :۔ ابو نعیم اور مسلم سے روایت ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ مجھے نبی کریمؐ   نے فرمایا ۔’’ اے عمر !یمن کی طرف سے ایک شخص آئے گا جس کا نام ’’اویس ‘‘ہو گا ۔اس کے جسم پر پھلبہری کے داغ ہو ں گے ۔مگر اب وہ مٹ چکے ہونگے فقط ایک داغ درہم کے برابرہو گا اس کی والدہ بھی ہے جس کا وہ بے حد احترام کرتا ہے (خدمت گزارہے) اس کی شان یہ ہے کہ جب وہ اللہ کی قسم کھاتا ہے تو اسے پورا کرتا ہے ۔اس سے اپنے لئے دعائے مغفرت چاہو ۔‘‘ ابن سعد رضی اللہ عنہ  سے مروی ہے کہ نبی کریم ؐ نے فرمایا میری امت میں میرا دوست’’ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  ‘‘ ہے ۔ابن عباس سے رویت ہے کہ رسول اللہؐ  نے فرمایا میری امت میں ایک شخص ہوگا جس کو اویس قرنی رضی اللہ عنہ  کہتے ہیں ۔ تحقیق اس کی دعائے مغفرت سے میری امت ’’ربیع ومضر‘‘(یہ دو قبائل جن کی بکریوں کے ریوڑ تعداد کے لحاظ سے بہت زیاد ہ تھے ۔)کی بکریوں کے بالوں کے برابر تعداد میں بخشی جائے گی ۔حضرت عمر رضی اللہ عنہ  سے ایک اور روایت مروی ہے کہ جناب نبی آخرالزماں ؐ  نے فرمایا کہ تابعین میں سے سب سے زیادہ بہتر وہ شخص ہوگا جس کانام’’ اویس قرنی ‘ ‘ رضی اللہ عنہ  ہے اس کے بدن پر بیماری ہو جائے گی ۔ پھر وہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ ا پنی بیماری کے لئے دعا کرے گا مگر اس کی دعا سے بیماری کا نشان اس کی ہتھیلی پر رہ جائے گا ۔تاکہ اسے دیکھے تو خدا کی رحمت و شفقت یاد رکھے ۔پس اے عمر جس وقت تو اس سے ملے تو میری طرف سے سلام کہنا اور پیغام دینا کہ دعا کرے ۔ ایک اور روایت میں ہے کہ آپ سرکار ؐ  نے حضرت علیرضی اللہ عنہ  کو بھی حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کا دنیا میں مخفی ہو نے کی وجہ یہ تھی کہ آپ مستجاب الدعوات تھے ۔تذکرۃ الاولیاء اور سلک السلوک میں حدیث پاک ہے کہ روز محشر اللہ تعالیٰ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  کی صورت میں ستر ہزار فرشتے پیدا کرے گا اور حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  ان کے درمیان دربار خدا وندی میں حاضر ہونگے اور بہشت میں چلے جائیں گے کوئی آپ کو نہیں پہچان سکے گا مگر اللہ تعالیٰ جس کو پسند کریں گے حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ سے آگاہ کر دیں گے ۔
 
ارشادات :۔ (1)السلام فی الواحد ۃ (ترجمہ ) سلامتی تنہائی میں ہے۔(2)طلب النسب فوجدتہ فی القناعۃ (ترجمہ)میں نے آخرت کی بزرگی چاہی تو قناعت میں ملی ۔ (3)طلبت الفخر فوجدتہ فی الفقر (ترجمہ)میں نے فخر چاہا تو فقر میں پایا (4 )طلبت الرفقہ فوجدتہ فی التواضع (ترجمہ)میں نے بلندی چاہی تو وہ مجھے تواضع میں ملی (5)طلبت النسب فوجدتہ فی التقویٰ۔(ترجمہ) میں نے نسب چاہا تو تقویٰ میں پایا ۔ (6)طلبت الریاستہ فوجدتہ فی النصیحت الخلق۔(ترجمہ)میں نے آخرت کی سرداری چاہی تو مجھے خلق خدا کونصیحت کرنے میں ملی ۔(7)طلبت المروتہ فوجدتہ فی صدق۔ (ترجمہ)میں نے مروت طلب کی تو وہ مجھے صدق میں ملی (8)طلبت الراحۃ فوجدۃ فی الز ھد (تر جمہ) میں نے آخرت کی راحت چاہی تو زُہد میں پا ئی ۔(9) لوگوں کے لئے غا ئبانہ دُعا کرنا ان سے ملاقات سے بہتر ہے۔(10)اپنے آپ کوعبادت الہی میں وقف کردو ۔ لیکن جب تک عبادت پہ یقین نہ آئے عبادت قبول نہ ہوگی ۔(11)جو دلوں میںشک رکھتے ہیںنظر رحمت وشفقت سے محروم رہتے ہیں۔(12) جو اللہ تعالیٰ کو پہچان لیتا ہے اللہ تعالیٰ اس سے کوئی چیز پوشیدہ نہیں رکھتا ۔ (13)نمازمیں خشوع یہ ہے کہ اگر نمازی کے  پہلو میں تیر لگ جائے تو نماز ی کو خبر نہ ہو۔(14)جو شخص ان تین باتوں کو محبوب جانتا ہے وہ ہلا کت کے نزدیک پہنچ جاتا ہے۔۱ :۔ اچھا کھانا ۔۲:۔اچھا پہننا (لباس)۔ ۳:۔دولت مندوں کی صحبت میں بیٹھنا باعث فخر سمجھتا ہو۔ (15)سوتے وقت موت کو سرہانے سمجھو اور جب بیدار ہو تو اسے (موت کو)سامنے سمجھو۔(16)اگر لوگ مجھے اس لئے دشمن رکھتے ہوں کہ میں برائیوں سے روکتا ہوں اور اچھائیوں کی تلقین کرتا ہوں تو خدا کی قسم ! ان کی حرکت اور یہ طریقہ  مجھے حق بات کہنے سے روک نہیں سکتا ہے ۔ 
 
 وفات و شہادت : قبلۃ التابعین حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ  یمنی کی وفات یا شہادت کے متعلق مختلف روایات ہیں ۔ حضرت ملاّ علی قاری رحمۃ اللہ علیہ  نے اپنی تصنیف معدن العدنی اور شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ  نے شرح مشکوٰۃ میں ابن عساکر کی روایت تحریر فرماتے ہیں کہ حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ  حضرت علی رضی اللہ عنہ  کے عہد خلافت میں مدینہ منورہ تشریف لائے اور آپ کی طرف سے جنگ صفین میں لڑکر شہید ہوئے ۔ یہی شرح صحیح مسلم ،تذکرۃ الاولیاء اور مراَۃ الاسرار میں ہے ۔
 
اویسی کی تعریف:۔اویسی کسے کہتے ہیں ؟علماء امت اور مشائخ عظام کی رائے میں اویسی اسے کہتے ہیں جو کسی نہ کسی صورت میں حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ سے فیض یاب ہو اہو  بعض فرماتے ہیں کہ اتباع رسول ؐ  کی وجہ سے بغیر کسی واسطہ کے دربار رسالت ؐ  سے فیض یا کسی ایسے پیر و مرشد سے فیض حاصل کیا ہو ، جس نے براہِ راست ولایت حاصل کی ہو اس کو اویسی کہتے ہیں ۔ حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی فرماتے ہیں ۔ ’’بہت سے لوگوں کو اولیاء کرام کی ارواح مقدسہ سے فیوض و برکات حاصل ہوئے ان کو اصطلاح شرح میں اویسی کہتے ہیں۔ مگر مشائخ اویسیہ فرماتے ہیں ۔ اویسی وہ ہے جو بزرگان سلسلہ عالیہ اویسیہ کی طریقت پر چلتا ہو۔ 
 
سلسلہ عالیہ اویسیہ :۔ رسالہ بحرالرموز میں شیخ محمو د رحمۃ اللہ علیہ  نے لکھا ہے کہ حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  کا سلسلہ طریقت چودہ خانوادوں سے الگ تھا ۔ لیکن بعض مشائخ یہ فرماتے ہیں کہ چودہ خانوادے سلسلہ اویسیہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ کیونکہ طالب چاہے کسی سلسلہ سے تعلق رکھتا ہو جب حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کی روحانیت کی طرف متوجہ ہو تا ہے تو طالب کو آپ کی روحانیت متجلی ہو کر درگاہ ایزدی تک پہنچا دیتی ہے ۔ اس لئے بہت سے بزرگوں کو دو دو نسبتیں حاصل تھیں ۔ جس طرح چشتی ، سہروردی اور قادری کہلاتے تھے ۔اسی طرح سلسلہ اویسیہ سے فیوض و برکات حاصل کرنے کی بدولت اویسی بھی کہلاتے تھے۔ حضور خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کے سلسلہ روحانیت سے متعلق ظاہری ملاقات کا ہونا ضروری نہیں بلکہ آپ ظاہری فیض بھی عطا کرتے ہیں اور وصال کے بعد بھی اسی طرح فیض و برکت سے نوازتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ آپ کے وصال کے بعد آپ کے خلفاء کا سلسلہ جاری رہا اور بفضلہ تعالیٰ جاری رہے گا اور یہ سلسلہ اویسیہ حضور خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ سے دو طرح چلا : 1ـ)ظاہری بیعت :۔ حضور خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ سے چار اشخاص نے بیعت کی ۔(۱)خواجہ موسیٰ بن یزید الراعیرحمۃ اللہ علیہ ۔ (۲)خواجہ حسام الدین یمنی رحمۃ اللہ علیہ (۳)خواجہ احمد خراسانی رحمۃ اللہ علیہ (۴)خواجہ صدر الدین مفتی خراسان رحمۃ اللہ علیہ ۔حضرت خواجہ موسیٰ بن یزیدالراعی رحمۃ اللہ علیہ کو آپ نے نصیحت کی تھی کہ اے موسیٰ ! موت کو نہ بھولیو : یاد رکھیو اور قبر کو جو ناک کی مانند تیری آنکھوں کے سامنے ہے نظر انداز نہ کیجئیو ! آپ اسی نصیحت پر عمل کرنے سے کمال کو پہنچے اور ان سے سلسلہ اویسیہ آج تک جاری ہے ۔
 
2)بعد وصال باطنی بیعت :۔ بہت سے ایسے بزرگ ہیں کہ جنہیں حضور خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  کے وصال کے صدیوںبعد بھی فیض نصیب ہوا اور حضور خواجہ اویس قرنی  رضی اللہ عنہ  نے انہیں عالم بیداری میں فیض یاب فرمایا ۔ انہی فیض یافتہ بزرگوں میں سے ہمارے پیران  پیر حضور خواجہ عبدالخالق اویسی رحمۃ اللہ علیہ ہیں۔جن کا مزار پر انوار بخشن خان ضلع بہاولنگر میں ہے ۔
 
بنائے سلسلہ عالیہ اویسیہ:۔ حضرت شاہ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ  سیرنامہ میں تحریر فرماتے ہیں کہ حضرت عبد اللہ معشوق رحمۃ اللہ علیہ سے لوگوں نے سوال کیا کہ آپ کے سلسلہ عالیہ اویسیہ کی بنیاد کس پر ہے ؟’’فرمایا کہ سلسلہ ٔ اویسیہ کی بنیاد سات چیزوں پر ہے‘‘ اور وہ سات اصول یہ ہیں :۔ (1)اتباع رسول مکرم (2)بظاہر مخلوق میں رہنا مگر دل نہ لگانا (3)مطلب کی بات کرنا(4)ہر جگہ ہر لمحہ خدا کو حاضر و ناظر جاننا (5)کسی بھی لمحہ یاد الہٰی سے غافل نہ ہونا (6)راضی برضاوصبر و قناعت (7)پردہ پوشی کرندعائے مستجاب:۔ یہ دعائے مستجاب بھی حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  سے منسوب ہے ۔بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم ط یَا مَنْ لَّایَطْھُرُہٗ طَاعَتِیْ وَلَا تَضُرُّہٗ مَعْصِیَتِیْ فَھَبْ لِیْ مَالَا یُطَھِّرُکَ وَاغْفِرْلِیْ مَالَا یَضُرُّکَ بِرَحْمَتِکَ یَا اَرْحَمَ الرَّاحِمِیْن۔
 
فضیلت :حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  فرماتے ہیں کہ جو شخص ہر فرض نماز کے بعد یہ دعا پڑھے گا خدا تعالیٰ اس کو بہشت میں جگہ عطا فرمائے گا اگر بہشت میں نہ گیا تو روز قیامت وہ میرا دامن پکڑلے ۔
 
اختتام :۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو حضور خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ  کے فیض سے نواز ے اور سلسلہ عالیہ اویسیہ کے خدام میں زندہ رکھے ۔ 
 
حضرت سیدنا خواجہ اویس قرنی رضی اللہ عنہ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے دربار عالیہ اویسیہ علی پور چٹھہ شریف ضلع گوجرانوالہ میں ہر سال 15 رجب المرجب کو تحریک اویسیہ پاکستان کے زیر اہتمام عرس مبارک منایا جاتا ہے ۔ جس کی صدارت عالمی مبلغ اسلام قائد تحریک اویسیہ پاکستان پیر سائیں غلام رسول اویسی سجادہ نشین دربار اویسیہ علی پور چٹھہ شریف فرماتے ہیں ۔ملک پاکستان کے طول و عرض سے وابستگان سلسلہ اویسیہ اور غلامان سیدنا خواجہ اویس قرنی قافلوں کی صورت میں عرس مبارک میں شرکت کرتے ہیں۔
*****************************************
 
Comments


Login

You are Visitor Number : 787