donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Islamic Articles -->> Life Sketch Of Holy Person
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Gul Bakhshalvi
Title :
   Hazrat Imam Hussain

 

حضرت امام حسین


تحریر:گل بخشالوی 


    حسین ابن علی نواسہ ٔ رسول ،فرزند عظیم دختر نیک اختر حضرت فاطمۃ الزہرہؓ وہ حسین جس کا نعرہ تھا میں راہِ حق میں دین مصطفیٰؐ کی بقا کیلئے شہید ہو جائوں گا اس لیے کہ میں دین مصطفیٰ ؐکا علمبردارہوں میں باطل کی بالادستی کو کسی صورت بھی تسلیم نہیں کروں گا ،ظلم وستم کو روکنا امام حسین کا مقصد ِحیات تھا یہی وہ مقصد ِ حقیقی تھا جس کے حصول کی خاطر میدانِ کربلا میں آپ اپنے جانثار دین مصطفیٰؐ کے سرفروش اور خاندان اہل بیت کیساتھ ایثار قربانی کا عظیم ترین مظاہرہ کرتے ہوئے معرکہ حق وباطل کے آخری لمحوں میں اپنے طفیل شیر خوار کو بھی راہِ حق میں قربان کر گئے ۔حضرت امام حسین کی شہادت اور واقعہ کربلا میں حضرت امام حسین کا عظیم الشان کردار دنیائے انسانیت میں ظلم وجبر کی بالادستی کے خلاف اسلامی انقلاب کا سرچشمہ بن گیا ۔
    حضرت امام حسین کے حسن ِکردار کا اعتراف کرتے ہوئے مہاتما گاندھی آزادی ہندوستان کیلئے اپنے احساسات کا ذکر کرتے ہوئے کہتے ہیں ’’میں ہندوستان کیلئے کوئی نئی خبر نہیں لایا بلکہ میرا کردار آئینہ ہے میرے اُن مطالعات وتحقیقات کا جو میں دلاورانِ کربلا کی تاریخ حیات کے بارے میں کیا ہے اگر ہم آزادی کے خواہشمند ہیں تو آزادی کیلئے ہمیں وہی راستہ اختیار کرنا ہوگا اُسی نقش ِقدم پر چلیں گے جسے حسین ابن علی نے اختیار کیا!ـ‘‘


    شہادت ِحسین کو صدیاں بیت چکی ہیں لیکن حسین ابن علی شہیدان واسیرانِ کربلا کے ایثار قربانی کی یاد آج بھی تازہ ہے 10محرم الحرام 6ھ کو میدانِ کربلا میں رونما ہونے والا معرکہ حق وباطل نے عالم کائنات کی ہر قوم اور تہذیب کو اپنے ثمرات سے مستفید کیا ۔شہادت حسین ہر دور ِانسانیت کیلئے درسِ حیات ہے کردار حسین کے مومن تو کیا غیر مومن بھی معترف ہیں اور کردار حسین کو کلمات ِتحسین سے نوازاجاتا ہے اس لیے کہ حسین عظیم ترین مجاہد اسلام سے اور میدانِ کربلا میں اہل بیت کیساتھ بے مثال شہادت سے دین مصطفیٰؐ کے علمبرداروں کو آبر و اور حرمت بخشی گئی اس لیے جہانِ بشریت کے آپ عظیم رہنما کہلائے ۔حضرت امام حسین میدانِ کربلا میں معرکہ حق وباطل کے لمحوں میں دشمنوں کے محاصرے میں کربلا کے صحرا میں باغ دین مصطفیٰؐ کے ایک مہکتے گلاب تھے آپ اور خاندان اہل بیت کے سامنے موت کھڑی نظر آرہی تھی بعد از شہادت خاندان اہل بیت پریزیدی ظلم وستم کے شدید خطرات آپ محسوس کررہے تھے اس کے باوجود آپ سرزمین عراق کے سورج کی جلا دینے والی شعاعوں کے نتیجے اپنے رفقاء کیساتھ اپنے پسینے میں مہک رہے تھے ۔آپ صرف ایک مظلوم اور ستم رسیدہ شہید ہونے کی وجہ سے خلائق کے دلوںکا مرکز نہیں بلکہ آپ کی حیات میں آپ کا حسن کردار ذاتی خصوصیات اوصاف وکمالات بھی آپ کے کردار کی بلندی پر دھمک رہے تھے اس لیے کہ آپ کی شریانوں میں مصطفیٰؐ کا لعاب دہن خون بن کر دوڑ رہا تھا آپ حضرت فاطمتہ الزہرہ کی گود میں زندگی کے حسن سے سرفراز ہوئے آپ نے امیر المئومنین حضرت علی جیسی عظیم المرتبت ہستی کی رہنمائی اور حضرت امام حسین کیساتھ زندی کے بہترین ایام گزارے امام حسین بے شک معرفت ِخدا کا ایک بڑا ذریعہ اور اس کی ایک نشانی تھے ۔آپ کے اوصاف اور کمالات دیکھ کر اللہ رب العزت پر ایمان پختہ ہوتا ہے ۔


    حضرت امام حسین کی دریا دلی دیکھئے ،میدانِ کربلا میں یزیدی فوج کے سالار اپنے لشکر کیساتھ میدانِ کربلا میں آیا تو گرمی کی شدت سے انسان تو کیا جانوروں کی زبانیں تھی شدت تشنگی سے باہر نکلی تھیں ۔حضرت امام حسین نے یہ منظر دیکھا آپ سے اُن کی تشنگی نہ دیکھی گئی آپ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا لشکر کو پانی پلائو ،صحرائے کربلا میں پانی کی نایابی کے باوجود حُر کی قیادت میں دشمنانِ دین کیساتھ اُن کے جانوروں کو بھی پانی پلایا ۔یہ وہ لشکری تھے جنہوں نے معرکہ حق وباطل میں حضرت امام حسین کیساتھ قافلہ حسین کے معصوم بچوں خواتین اور رفقاء تک کو تین دن تک پیاسا رکھا آپ نے جامِ شہادت نوش کیا لیکن دشمن کو طعنہ نہ دیا کہ کل ہی تو ہم نے تم کو اور تمہارے جانوروں کو پانی پلایا تھا۔میدانِ کربلا میں نواسہ ٔ رسول کے سامنے زندگی آخری لمحوں پر تھی لیکن ذاتی زندگی کو دین حق پر قربان کر نے کیلئے آپ اپنے رفقاء کیساتھ میدانِ کربلا میں ڈٹے رہے ۔امام حسین اگر چاہتے تو اپنی زندگی کیساتھ قافلہ حسین بھی بچ سکتا تھا صرف ایک نگاہ بلند کی ضرورت تھی ۔قہرِ خداوندی سے یزیدی لشکر کھائے ہوئے بھوسہ کی طرح ہوسکتا تھا یزیدی لشکر تباہ ہو سکتا تھا لیکن امام حسین کی فکر میں یہ مقامِ رضا کے منافی تھا میدانِ کربلا میں آفتاب کی تمازت سے تپتے رہ گزر پر شہادت کی کھٹن اور صبر آزما منزلوں پر حسین اپنے رفقاء کیساتھ صبر ورضا کے امتحان میں کامیاب وکامران دکھائی دئیے کسی فرد ِواحد نے میدانِ کربلا میں امام حسین کو کسی سے شکوہ کرتے یا دشمنانِ دین سے درخواست کرتے نہیں دیکھا نواسہ ٔ رسول نے میدان حق میں دین مصطفیٰؐ کی بقااور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے عظمت کے مینار ،جرأت وشجاعت کی رہتی دنیا تک مثال بن کر یزیدیوں پر قیامت بن کر ٹوٹ پڑے تھے آپ حق وصداق اور دین کی سربلندی کیلئے عظیم تاریخ رقم کرتے ہوئے اپنے وجود پر تیروں کے بے شمار زخم کھا کر گھوڑے سے زمین پر آئے اور اپنے عظیم مقصد کی کامیابی میں اپنے پروردگار کے حضور سجدہ ریز ہوگئے ۔جب تک آپ کے ہاتھ میںتلوار تھی یزیدی قریب نہیں سکتے تھے خوفزدہ تھے یزیدی انتظار میں تھے ،آپ سجدہ ریز ہوئے تو حسین کی گردن پر تلوار چلی ،حسین میدانِ کربلا کے آخری شہید ہیں حضرت علامہ اقبال کہتے ہیں کہ ’’حق وباطل کی یہ وہ قوتیں زندگین سے رونماہوتی رہتی ہیں مگر حق ہمیشہ قوت ِحسینی سے زندہ ہے اور باطل داغ مسرت لے کر مرجاتا ہے ۔اس نے قیامت تک جبرواستبداد کو فنا کر دیا اس کے خون کی ایک موج نے گلستان پیدا کر دئیے وہ صرف قیام واستحکام کیلئے شہید ہوا اس لیے اس کی ہستی توحید کی بنیاد ہوگئی ۔اُس نے سینہ صحرا پر توحید کا نقش ثبت کیا گویا ہماری بخشش اور نجات کی سطر لکھ دی ۔‘‘


    واقعہ کربلا تاریخ انسانیت کا عظیم سانحہ ہے جس میں نواسہ ٔ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین نے اپنے ساتھ اپنے اعزاء واقارب اور جان نثاران دین کی عظیم قربانیاں دے کر دین مصطفیٰؐ کا پرچم قیامت تک کیلئے سربلند کردیا ۔واقعہ کربلا عالم انسانیت کیلئے چراغ ہدایت ہے امام حسین عقیدت واظہار کا مرکز ہے سرور کائنات کے بارے میں یہ حدیث زبان عام ہے جس کی میں سرور ِکائنات نے فرمایا ’’حسین مجھ سے اور میں حسین سے ہوں‘‘سرکارِ دوعالم نے مسجد نبوی میں دورانِ خطبہ امام حسین کو اپنے زانو ئے مبارک پر بٹھایا اور صحابہ کرام سے مخاطب ہو کر فرمایا ،اے لوگوپہچان لو یہ میرا نواسہ ٔ  حسین ہے جو اس سے محبت کرے گا وہ مجھ سے محبت کرے گا جو اس سے دشمنی کرے گا وہ مجھ سے دشمنی کرے گا ۔حضرت امام حسین نے یزیدی بیعت سے انکار کر کے دین مصطفیٰؐ کو بچانے کیلئے شہادت عظمیٰ پر فائز ہوکر دنیائے انسانیت کو درس دیا کہ حق وصداقت کیلئے باطل کے سامنے سر کٹایا جاسکتا ہے جکایا نہیں جاسکتا ،امام حسین نے میدانِ کربلا میں دسویں محرم کی شب آشور اپے جانثاروں سے فرمایا میں جانتا ہوں کہ کل اس مقام پر میری شہادت ہوگی وقت قریب آچکا ہے رات کی تاریکی ہے میں اجازت دیتا ہوں جو شخص جہاں چاہے واپس جاسکتا ہے مگر آپ کے وفاداروں نے آپ کی سرداری میں شہادت کے رتبے کو ترجیح دیتے ہوئے کہا ۔اے فرزند ِرسول اگر ہم قتل ہوکر دوبارہ بھی زندہ ہوجائیں تو بھی آپ کی نصرت اور رفاقت سے منہ نہیں موڑیں گے حضرت امام حسین کے ساتھیوں نے عہد وفا کرکے قیامت تک کیلئے بہترین مثال قائم کر دی ۔


    حضرت امام حسین نے روزِ عاشور افواج یزید کو مخاطب ہو کر فرمایا اے لوگو !مجھے پہچانو میں تمہارے نبی محمد ؐکا نواسہ ہوں کیا تم نہیں جانتے کہ میں تمہارے نبی کی بیٹی کا بیٹا ہوں کیا میں علی ابن ابی طالب کا فرزند نہیں ہوں کیا تمہیں میرے ناناجان کا یہ فرمان یاد نہیں رہا کہ حسن اور حسین نوجوانانِ جنت ہیں ۔سانحہ کربلا ایک تاریخی مثالی اور عزم واستقلال سے بھرپور واقعہ ہے جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی اس لیے کہ واقعہ کربلا عظمت وتوقیر کی ایک بنیاد ہے امام حسین 61ھ کو کربلا کے ریگ زار میں طلب سلطنت یا جذبہ انتقام کیلئے نہیں گئے بلکہ ان کے حضور ان اُصولوں کی سچائی کا دنیا کو ایک بار پھر مشاہدہ کرانا تھا جو اسلامی معاشرے کیلئے اس اعلان کیساتھ مقرر کیے گئے تھے کہ ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی میدان کربلا میں جنگ تھی اُصولوں کی ،سچائی اور صداقت کی ،اسلامی اقدار کی بقا کی اس جنگ میں بظاہر تو فریق جیت چکا تھا لیکن یہ دراصل اُن کی بدترین شکست تھی اور ہزیمت تھی میدانِ کربلا کے آخری شہید حضرت امام حسین تین دن تک قافلہ اہل بیت کیساتھ کارزار کربلا میں بھوکے اور پیاسے رہے ہمیں جان لینا چاہیے ،شہادت امام حسین فقط حق پر گردنیں کٹا دینے کا نام نہیں بلکہ دشوار ترین حالات میں حق وصداقت کو مصلحت ومفاہمت کی بھینٹ نہ چڑھا اور حق کی خاطر مصلحتوں کو قربان کردینے کا نام ہے ۔

*******************

Comments


Login

You are Visitor Number : 898