donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Literary Articles -->> Shayari
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Najib Ahmad Najib
Title :
   Aabe Hayat Shams Waliullah

 

آب حیات شمس ولی اللہ
 
نجیب احمد نجیب
 
یہ نظم اُردو کی نسل کا آدم جب ملکِ عدم سے چلا تو اس کے سر پر اولیت کا تاج رکھا گیا، جس میں وقت کے محاورہ  نے اپنے جواہرات خرچ کئے اور مضامین کی رائج الوقت دستکاری سے مینا کاری کی، جب کشورِ وجود میں پہنچا تو ایوانِ مشاعرہ کے صدر میں اس کا تخت سجایا گیا، شہرتِ عام نے جو اِس کے بقائے نام کا ایوان بنایا ہے اس کی بلندی اور مضبوطی کو ذرا دیکھو، اور جو کتبے لکھے ہیں اُنھیں پڑھو، دنیا تین سو برس دور نکل آئی ہے مگر وہ آج تک سامنے نظر آتے ہیں اور صاف پڑھے جاتے ہیں، اُس زمانہ تک اُردو میں متفرق شعر ہوتے تھے، ولی اللہ کی برکت نے اُسے وہ زور بخشا کہ آج کی شاعری نظمِ فارسی سے ایک قدم پیچھے نہیں، تمام بحریں فارسی کی اُردو میں لائے، شعر کو غزل اور غزل کو قافیہ ردیف سے سجایا۔ ردیف دار دیوان بنایا، ساتھ اس کے رُباعی، قطعہ، مخمس اور مثنوی کا راستہ بھی نکالا۔ انھیں ہندوستان کی نظم میں وہی رتبہ ہے جو انگریزی کی نظم میں چاسر شاعر  (چاسر 1348 ء میں پیدا ہوا اور 1402 ء میں مر گیا۔ اُس وقت یہاں تغلقیہ خاندان کا دَور ہو گا۔) کو اور فارسی میں رودکی (رودکی فارسی  کا پہلا شاعر ہے، تیسرے اور چوتھی صدی ہجری کے درمیان تھا اور سلاطین سامانیہ کے دربار میں قدردانہ کے بے انتہا انعام حاصل کرتا تھا۔) کو اور عربی میں مہلل کو، وہ کسی کے شاگرد نہ تھے، اور یہ ثبوت ہے فصیح عرب کے قول کا کہ الشعرا ء قلاہ سید الرحمٰن اسی کو رانائے فرنگ کہتا ہے کہ شاعر اپنی شاعری ساتھ لے کر پیدا ہوتا ہے، ایسے وقت میں کہ ہماری زبان زور بیان میں ایک طفل نوری کی تھی جو انگلی کے سہارے سے بڑھی۔ اُردو زبان اس وقت سوائے ہندی دہروں اور بھاشا کے مضامین کے اور کسی قابل نہ تھی، انھوں نے اس میں فارسی ترکیبیں اور فارسی مضامین کو بھی داخل کیا۔ (دیکھو تذکرہ حکیم قدرت اللہ خاں قاسم، مگر تعجب ہے کہ میر تقی نے اپنے تذکرہ میں اورنگ آباد لکھا ہے۔) ولی احمد آباد گجرأت کے رہنے والے تھے اور شاہ وجیہہ الدین کے مشہور خاندان میں سے تھے، ان کی علمی تحصیل کا حال ہماری لاعلمی کے اندھیرے میں ہے، کیونکہ اس عہد کی خاندانی تعلیم اور بزرگوں  کی صحبتوں میں ایک تاثیر تھی کہ تھوڑی نوشت و خواند کی لیاقت بھی استعداد کا پردہ نہ کھُلنے دیتی تھی، چنانچہ اُن کے اشعار سے معلوم ہو گا کہ وہ قواعد عروض کی طرح زبانِ عربی سے ناواقف تھے، پھر بھی کلام کہتا ہے کہ فارسیت کی استعداد درست تھی، ان کی انشا پردازی اور شاعری کی 
 
دلیل اس سے زیادہ کیا ہو گی کہ ایک زبان کا دوسری زبان سے ایسا جوڑ لگایا ہے کہ آج تک زمانے نے کئی پلٹے کھائے ہیں مگر پیوندنین جنبش نہیں آتی۔ علم میں درجہ فضیلت نہ رکھتے تھے مگر کہتے ہیں :
ایک دل نہیں آرزو سے خالی
ہر جا ہے محال اگر سنا رہے
یہ سیر کتاب کا شوق اور علماء کی صحبت کی برکت ہے۔ ولی کی طبیعت میں بعد پردازی بھی معلوم ہوتی ہے، کیونکہ اگرچہ سودا کی طرح کسی سے دست و گریباں نہیں ہوئے مگر اپنے ہمعصروں پر چوٹیں کی ہیں، چنانچہ ناصر علی سرہندی کے معاملہ سے ظاہر ہے۔
 
اگرچہ ایشیا کے شاعروں کا پہلا عنصر مضمون عاشقانہ ہے مگر جس شوخی سے اخلاق کی شوخی ظاہر ہو اس کا ثبوت ان کے کلام سے نہیں ہوتا، بلکہ برخلاف اس کے صلاحیت اور متانت اُن کا جوہر طبعی تھا۔ اُن کے پاس سیاحی اور تجربہ کو توشہ یہی معلوم ہوتا ہے کہ جس عہد میں تھوڑا سفر بھی بڑی سیاحی کی قیمت رکھتا تھا، اس میں یہ اپنے  وطن سے ابو المعالی کے ساتھ دلی میں آئے۔ یہاں شاہ سعد اللہ گلشن (شیخ سعد اللہ گلشن اچھے شاعروں میں تھے اور مرزا بیدل کے معاصر تھے۔ دو شعر فارسی کے ان سے بھی :
 
گشتم شہید تیغ تغافل کشید نت
جانم زدست بُرد غزالانہ دیدنت
بدقت می تواں فہمید معنی ہائے نازِ اُو
کو شرحِ حکمت العین است مژگانِ درازِ او
 
کے مرید ہوئے۔ شاید اُن سے شعر میں اصلاح لی ہو مگر دیوان  (دیکھو تذکرۂ فائق۔ کہ خاص شعرائے دکن کے حال میں ہے اور وہیں تصنیف ہوا ہے۔) کی ترتیب فارسی کے طور پر یقیناً ان کے اشارہ سے کی۔ ان کا دیوان اس عہد کے مشاعروں کی بولتی تصویر ہے کیوں کہ اگر آج دریافت کرنا چاہیں کہ اس وقت کے امراء و شرفاء کی کیا زبان تھی؟ تو اس کیفیت کو وہ دیوان ولی کے اور کوئی نہیں بتا سکتا۔ انھی کے دیوان سے ہم اس وقت اور آج کی زبان کے فرق کو بخوبی نکال سکتے ہیں۔
 
سوں اور سین بجائے سے
کوں بہ داد معُرف بجائے کو
ہمن کوں بجائے ہم کو
جگ منے بجائے دنیا میں
برمنے بجائے بر میں فارسی کا ترجمہ ہے۔
پیراہنے در بر تجھ لب کی صفتہ بجائے تیرے لب کی صفتہ
تمن یعنی طرح یا مثل
جگ یعنی جہاں، دُنیا
بچن یعنی کلام
نِت یعنی ہمیشہ
مُکھ یعنی منھ
تسبی یعنی تسبیح
سہی یعنی صحیح
بگانہ یعنی بیگانہ
مَرض یعنی مَروض
بھیتر بجائے اندر
مجھ کو بجائے میرا
موہن، ترنجن، پی، پیتم بجائے معشوق
ہنجھواں بجائے آنسو کی جمع
بھواں پلکاں بجائے بھویں، پلکیں
نین بجائے آنکھ
دہن بجائے دَہن
مِرا بجائے میرا
ہوہ بجائے یہ
بعض قافیے مثلاً :
گھوڑا، موڑا، گورا
دھڑ، سر
گھوڑی، گوری
 
اکثر غزلیں بے ردیف ہیں۔
چونکہ نظم فارسی کی روح اسی وقت اُردو کے قالب میں آئی تھی، اسی واسطے ہندی لفظوں کے ساتھ فارسی کی ترکیبیں اور دَر اور بَر بلکہ بعض جگہ افعالِ فارسی بھی دیکھنے میں کھٹکتے ہیں، وہ خود دکنی تھے، اس لئے اُن کے کلام میں بعض بعض الفاظ دکنی بھی ہوتے ہیں۔
 
آج اس وقت کی زبان کو سُن کر ہمارے اکثر ہمعصر ہنستے ہیں، لیکن یہ ہنسی کا موقع نہیں، حوادث گاہ عالم میں ایسا ہی ہوا ہے اور ایسا ہی ہوتا رہے گا، آج تم اُن کی زبان پر ہنستے ہو، کل ایسے لوگ آئیں گے کہ وہ تمہاری زبان پر ہنسیں گے۔ اس انجمن غفلت کے ممبر اگر تھوڑی دیر کے لئے عقل دُوربین کو صدرِ انجمن کر لیں تو یہ اس تدبیر کے سوچنے کا موقع ہے کہ آج ہم کیونکر اپنے کلام کو ایسا کریں جس سے ہماری زبان کچھ مدت تک زیادہ مطبوع خلائق رہے۔ اگرچہ سامنے ہمارے اندھیرا ہے لیکن پیچھے پھر کر دیکھنا چاہیے اور خیال کرنا چاہیے کہ زبان نے جو ترقی کی ہے تو کن اصول پر اور کس جانب میں قدم رکھتی گئی ہے۔ آؤ ہم بھی آج کے کاروبار اور اُس کے آیندہ حالات کو خیال کریں اور اسی انداز پر قدم ڈالیں، شاید ہمارے کلام کی عمر میں کچھ برس زیادہ ہو جائیں۔
 
شاعرِ قدرت کے دیوان میں ایک سے ایک مضمون نیا ہے، مگر لطیفہ یہ بھی کچھ کم نہیں کہ شاعری کا چراغ تو دکن میں روشن ہو اور ستارے اُس ک دلی کے اُفق سے طلوع ہوا کریں، اس عہد کی حالت اور بھاشا زبان کو خیال کرتا ہوں تو سوچتا رہ جاتا ہوں کہ یہ صاحبِ کمال زبانِ اُردو اور انشائے ہندی میں کیوں کر ایک نئی صنعت کا نمونہ دے گیا اور اپنے پیچھے آنے والوں کے واسطے ایک نئی سڑک کی داغ بیل ڈالتا گیا۔ کیا اُس معلوم تھا کہ اس طرح یہ سڑک ہموار ہو گی، اس پر دکانیں تعمیر ہوں گی، لالٹینوں کی روشنی ہو گی، اہلِ سلیقہ دوکاندار جواہر فروشی کریں گے۔
 
اُردوئے معلیٰ اس کا خطاب ہو گا، افسوس یہ ہے کہ ہماری زبان کے مؤرخ اور ہمارے شعراء کے تذکرہ نویسوں نے اس کے دلی اور خدا رسیدہ ثابت کرنے میں تو بڑی عرق ریزی، لیکن ایسے حال نہ لکھے جس سے اُس کے ذاتی خصائل و حالات مثلاً دنیا داری یا گوشہ گیری، اقامت یا سیاحی، راہِ علم و عمل کی نشیب و فراز منزلیں یا اُس کی صحبتوں کی مزہ مزہ کی کیفیتیں معلوم ہوں بلکہ برخلاف اس کے سنہ ولادت اور سالِ فوت تک بھی نہ بتایا۔ اتنا ثابت ہے کہ اِن کی ابتدائے عہد شاید عالمگیر کا آخر زمانہ ہو گا اور وہ مع اپنے دیوان کے زمانہ محمد شاہی میں دلی پہنچے۔
 
قاعدہ ہے کہ جب دولت کی بہتات اور عیش و نشاط میں کچھ نیکی پر خیالات آتے ہیں تو صوفیانہ لباس میں ظاہر ہوا کرتے ہیں،  اس وقت محمد شاہی اُمراء نے در و دیوار کو دولت سے مست کر رکھا تھا، جس سے کہ تصوف کے خیالات عام ہو رہے تھے، دوسرے ولی خود فقر کے خاندان عالی سے تھے اور فقیری ہی کے دیکھنے والے بھی تھے۔ تیسرے زبانِ اُردو کے والدین یعنی بھاشا اور فارسی بھی صوفی ہیں، ان جذبوں نے اُنھیں تصوفِ شاعرانہ میں ڈالا اور دل کی اُمنگ نے پیش قدمی کا تمغہ حاصل کرنے کو اس کام پر آمادہ کیا جو سلف سے اس وقت تک کسی کو نہ سوجھا تھا وہ یہی کہ فارسی کے قدم بقدم چلیں اور پورا دیوان مرتب کریں۔ چنانچہ ان کے پیر کا اشارہ اس کی تائید کرتا ہے۔
 
غرض جب ان کا دیوان دلی میں پہنچا تو اشتیاق نے ادب کے ہاتھوں پر لیا۔ قدردانی نے غور کی آنکھوں سے دیکھا، لذت نے زبان سے پڑھا، گیت موقوف ہو گئے، قوال معرفت کی محفلوں میں انھیں کی غزلیں گانے بجانے لگے۔
 
اربابِ نشاط یاروں کو سُنانے لگے، جو طبیعت موزوں رکھتے تھے، انھیں دیوان بنانے بنانے کا شوق ہوا۔
اگرچہ اس اعتبار سے یہ نہایت خوشی کا موقع ہے کہ عمدہ جوہرِ انسانیت پسندیدہ لباس پہن کر ہماری زبان میں آیا، مگر اس کوتاہی کا افسوس ہے کہ ملکی فائدہ اس سے نہ ہوا اور اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کسی علمی یا آئینی رستہ سے نہیں آیا، بلکہ فقیرانہ شوق یا تفریح کی ہَوا سے اُڑ کر آ گیا تھا، کاش شاہنامہ کے ڈھنگ سے آتا کہ محمد شاہی عیاشی اور عیش پرستی کا خون بہاتا اور اہلِ ملک کو پھر تیموری اور بابری میدانوں میں لا ڈالتا یا تہذیب و شائستگی سے اکبری عہد کو پھر زندہ کر دیتا۔
 
باوجودیکہ اِس کی زبان آج کل متروک ہے مگر دیوان اب تک ہر جگہ ملتا اور بِکتا ہے، یہاں تک کہ پیرس اور لندن میں چھپ گیا ہے، اس میں علاوہ ردیف دار غزلوں کے رُباعیاں، قطعے، دو تین مخمس، قصیدے، ایک مثنوی مختصر معرکہ کربلا کے حال ہیں، ایک شہر صورت کے ذکر میں ہے، واسوخت اُس وقت میں نہ تھا۔ اس ایجاد کا فخر میر صاحب کے لئے چھوڑ گئے۔ بادشاہ یا کسی امیر کی تعریف بھی نہیں، شاید خواجہ میر داد کی طرح تعریف کرنی عیب سمجھتے تھے، لیکن کبھی کبھی خواجہ حافظ کی طرح بادشاہِ وقت کے نام سے اپنے شعر کو شان و شکوہ دیتے تھے، چنانچہ دلی کی تصنیفات میں سے ایک غزل میں کہتے ہیں :
 
دل ولی کا لے لیا دلی نے چھین
جا کہو کوئی محمد شاہ سوں
 
رسالہ نور المعروف تصوف میں بھی لکھا ہے۔ اُس میں کہتے ہیں کہ میں محمد نور الدین صدیقی سہروردی کے مریدوں کا خاکِ پا ہوں اور شاہ سعد اللہ گلشن کا شاگرد، مگر یہ نہیں لکھا کہ کس امر میں، لطیفہ، ولی نے اپنے جوش ریختہ گوئی میں ناصر علی سر ہندی کو کہ علی تخلص کرتے تھے، یہ شعر لکھا :
 
اُچھل کر جا پڑے جوں مصرع برق
اگر مطلع لکھوں ناصر علی کوں
ناصر علی نے جواب میں لکھا :
باعجاز سخن گر اوڑ چلے وہ
ولی ہر گز نہ پہنچے گا علی کوں
 
دیکھو تذکرہ فائق، مگر شعر مذکور عزیز دکنی کے دیوان میں درج ہے، شاید ناصر علی پر اسے یہ چوٹ بُری لگی، اسلئے جواب میں یہ شعر کہہ دیا، لوگوں میں ناصر علی کے نام سے مشہور ہو گیا۔
 
اب ان کے کلام سے اس وقت کی زبان کا نمونہ دکھانا ضرور ہے، لیکن ہمارے تذکرہ نویسوں کا دستور ہے کہ جب شاعر کا حال لکھتے ہیں تو اس کے اشعار انتخاب کر کے لکھتے ہیں اور یہ ظاہر ہے کہ فیضانِ سخن رائگاں نہیں جاتا۔ نظیر کے بعض شعر ایسے ہیں کہ میر سے پہلو مارتے ہیں۔ پس اگر نظری کا ذکر لکھ کر اُس کے چند شعر منتخب لکھ دیئے تو ناواقف سوائے اس کے کہ نظری کا میر کا ہم پلہ شاعر سمجھے اور کیا تصور کر سکتا 
 
ہے۔ بڑی قباحت اس میں یہ ہے کہ شاعرِ مذکور میں اور ہم میں سالہا سال کے عرصے حائل ہیں۔ پس ان شعروں سے ان کی اصلیت، قابلیت اور طبیعت کی کیفیت کھلنی مشکل ہو جاتی ہے۔ میں ان کے دیوان سے نیک نیتی کے ساتھ چند غزلیں پوری کی پوری لکھ دوں گا تا کہ اصلیت حال ظاہر ہو جائے، ہاں اگر کسی کی پوری غزلیں ہاتھ نہ آئیں تو مجبوری ہے۔
 
تجھ لب کی صفت لعلِ بدخشاں سے کہوں گا
جادو ہیں تیرے نین غزالاں سے کہوں گا
دی حق نے تجھے بادشہی حُسن نگر کی
یہ کشورِ ایراں میں سلیماں سے کہوں گا
زخمی کیا ہے مجھ تری پلکوں کی اَنی نے
یہ زخم ترا خنجرِ بھالاں سے کہوں گا
بے صبر نہ ہو اے ولی اس درد سے ہر گاہ
جلدی سے ترے درد کی درماں سے کہوں گا
*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-
دیکھنا ہر صُبح تجھ رُخسار کا
ہے مطالع مطلعِ انوار کا
یاد کرنا ہر گھڑی تجھ یار کا
ہے وظیفہ مجھ دلِ بیمار کا
آرزوئے چشمہ کوثر نہیں
تشنہ لب ہوں شربتِ دیدار کا
عاقبت ہووے گا کیا معلوم نئیں
دل ہوا ہے مبتلا دیدار کا
بُلبل و پروانہ کرنا دل کے تئیں
کام تھا تجھ چہرہ گلنار کا
کیا کہے تعریف دل ہے بے نظیر
حرف حرف اس مخزنِ اسرار کا
گر ہوا ہے طالبِ آزادگی
بندہ مت ہو سبحہ و زنار کا
اے ولی ہونا سریجن پر نثار
مدعا ہے چشم گوہر بار کا
*-*-*-*-*-*-
بے وفائی نہ کر خدا سوں ڈر
جگ ہنسائی نہ کر خدا سوں ڈر
ہے جُدائی میں زندگی مشکل
آ جدائی نہ کر خدا سوں ڈر
اس سوں جو آشنائی ڈر کر ہے
آشنائی نہ کر خدا سوں ڈر
آرسی دیکھ کر نہ ہو مغرور
خود نمائی نہ کر خدا سوں ڈر
اے ولی غیر آستانہ یار
جبہ سائی نہ کر خدا سوں ڈر
*-*-*-*-*-*-*-
جب صنم کو خیالِ باغ ہوا
طالبِ نشہ فراغ ہوا
فوجِ عشاق دیکھ ہر جانب
نازنیں صاحب دماغ ہوا
پان سین تجھ لباں کے سُرخ ہوا
جگرِ لالہ داغ داغ ہوا
دلِ عشاق کیوں نہ ہو روشن
جب خیالِ صنم چراغ ہوا
اے ولی گلبدن کو باغ میں دیکھ
 
دلِ صد برگ باغ باغ ہوا
*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-
جس وقت اے سریجن تو بے حجاب ہو گا
ہر ذرہ تجھ جھلک سوں چوں آفتاب ہو گا
مت جا چمن سوں لالہ بُلبل پر مت ستم کر
گرمی سوں تجھ نگہ کی گلگل گلاب ہو گا
مت آئینہ کو دکھلا اپنا جمالِ روشن
تجھ مجھ کی تب دیکھے آئینہ آب ہو گا
نِکلا ہے وہ ستم گر تیغِ ادا کوں لے کر
سینے پہ عاشقاں کے اب فتحیاب ہو گا
رکھتا ہے کیوں جفا کو مجھ پر روا اے ظالم
محشر میں تجھ سیں آخر میرا حساب ہو گا
مجھ کو ہوا ہے معلوم اے مست جامِ خونیں
تجھ انکھڑیاں کے دیکھے عالم خراب ہو گا
ہاتف نے یوں دیا ہے مجھ کو ولی بشارت
اس کی گلی میں جا تو مقصد شتاب ہو گا
*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-
تخت جس بے خانماں کا دشت ویرانی ہوا
سر اوپر اس کے مکولا تاجِ سلطانی ہوا
تجھ حسنِ عالمتاب کا جو عاشق و شیدا ہوا
ہر خوبرو کے حُسن کے جلوہ سوں بے پردا ہوا
سینہ میں اب محشر تلک کونین کو بسرائے وہ
تجھ نین کے جو جام سوں مے پی کے متوالا ہوا
پایا ہے جگ میں اے ولی وہ لیلیٰ مقصود کون
جو عشق کے بازار میں مجنوں نمن رسوا ہوا
لیا ہے جب سوں موہن نے طریقہ خود نمائی کا
چڑھا ہے آرسی پر تب سے رنگ حیرت فزائی کا
کیونکر کرے آلودۂ زرجگ منے صیدِ مراد
ہے علم اوپر معطل صورتِ شیرِ طلا
بوالہوس رکھتے ہیں دائم فکر رنگِ عاشقاں
ہے مہوس کی سدا سینہ میں تدبیرِ طلا
بو کنارے مکھ پہ تیرے اے زلیخا وش نہیں
سورہ یوسف کے لکھا گرد تحریر طلا
ہوا ہے سیر ما مشتاق بیتابی سوں من میرا
چمن سوں آج آیا ہے مگر گل پیرہن میرا
خمارِ ہجر نے جس کے دیا ہے دردِ دل مجھ کوں
رکھو نشہ نمن انکھیاں میں گروہ مست ناز آوے
عجب نین گر گلاں دوڑیں پکڑ کر صورتِ قمری
ادا سوں جب چمن بھیتر وہ سردِ سرفراز آوے
تا حشر رہے بوئے گلاب اُس کے عرق سے
جس بر منے یک بار وہ گل پیرہن آوے
سایہ ہو مرا سبز برنگِ پر طوطی
گر خواب میں وہ نو خطِ شیریں بچن آوے
کھینچیں اَپن اَنکھیاں منے جوں کحل جواہر
عشاق کے گر ہاتھ وہ خاک چرن آوے
ہر گز سخنِ سخت کو لاوے نہ زبان پر
جس دہن میں یکبار وہ نازک بدن آوے
یہ تل تجھ مجھ کے کعبہ میں مجھے اسود دِستا
زنخداں میں ترے مجھ چاہِ زمزم کا اثر دِستا
*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-*-
(دِستا (دکھائی دیتا ہے ) یعنی نظر آتا ہے یا معلوم ہوتا ہے اور یہ ساری غزل اسی ردیف میں ہے۔)
 
نجیب احمد نجیب
00919701218340
++++
 
Comments


Login

You are Visitor Number : 770