تبریک و تہنیت عید
احمد علی برقیؔ اعظمی
پیش کرتا ہوں مبارکباد سب احباب کو
عید لائے زندگی میں اُن کی خوشیوں کا پیام
باز ہو سب کے لئے میخانۂ عرفاں کا باب
سب پئیں آپس میں مل کر بادۂ وحدت کا جام
چشمِ میگوں سے ہوں سب ساقی کی یکساں مستفید
ہوں سبھی سرشار اِس سے، ہو نہ کوئی تشنہ کام
جس کی زد میں ہے ہمیشہ یہ نظامِ زندگی
سرد ہو وہ شعلۂ بُغض و نفاق و انتقام
محفلِ یاراں میں ہو اپنی نہ کوئی غمزدہ
ہو سرور و کیف کا بزمِ سخن میں اہتمام
نعمتوں سے ماہ رمضاں کی سبھی ہوں بہرہ ور
رحمتوں کا عید میں جاری رہے یہ فیضِ عام
ہر جگہ امن و سکوں کی ہوں فضائیں خوشگوار
اشہبِ دوراں نہ ہو ایسے میں برقیؔ بے لگام
************