بچوں کا عالمی دن : منظوم تاثرات
احمد علی برقیؔ اعظمی
آج بچوں کا عالمی دن ہے
ہیں جو گلزارِ زندگی کی بہار
کتنی انمول ہے ہنسی اِن کی
جس سے ملتا ہے ذہن و دل کو قرار
تربیت کی اِنہیں ضرورت ہے
جس سے ممکن نہیں ہے راہِ فرار
مُلک و ملت کا ہیں یہ مستقبل
اس حقیقت سے کس کو ہے انکار
اِن پہ رکھیں سدا نظر اپنی
تا کہ اِن کا درست ہو کردار
اِن سے غفلت ہے ایک کارِ زیاں
ہیں یہی ملک و قوم کے معمار
آپ پر مُنحصِر ہیں یہ برقیؔ
کیجئے اِن سے پیار کا اظہار
********************