* ہوگئے رخصت شہنشاہِ غزل مہدی حسن *
یادِ رفتگاں : بیادِ شہنشاہِ غزل مہدی حسن مرحوم
احمد علی برقیؔ اعظمی
ہوگئے رخصت شہنشاہِ غزل مہدی حسن
جن کی رحلت کا ہے چرچا انجمن در انجمن
آج تیرہ جون موسیقی کا ہے یومِ سیاہ
آیاجب پیکِ اَجَل اُنکے لئے لے کر کفن
جسم میں تھا خاکِ راجستھان کا اُن کے خمیر
اہلِ ہند و پاک کے تھے مشترک وہ ہموطن
فن موسیقی کی دنیا میںتھے وہ روحِ رواں
آج ہے اردو غزل کا روح سے خالی بدن
بحرِ ذخّارِ غزل کی تھے وہ دُرِّ شاہوار
جملہ اقصائے جہاں میں تھی جو ہر سو ضوفگن
باغِ موسیقی میں اُن کی ذات تھی مثلِ بہار
اُن کے جانے سے غزل کا ہے خزاں دیدہ چمن
اب نہ گونجے گا کبھی اُن کا یہ لحنِ دلنواز
اس لئے بے کیف ہے اردو غزل کا بانکپن
صرف وہ برقیؔ نہیں تھے نازشِ بَرِّ صغیر
اُن سے روشن تھی جہاں میں محفلِ شعروسخن
************************** |