* کس شانِ بے نیازی سے چلنے لگی ہے شام *
غزل
کس شانِ بے نیازی سے چلنے لگی ہے شام
سورج کی سلطنت سے نکلنے لگی ہے شام
ہردن کی طرح آج بھی کھلنے لگی ہے شام
’’پھر بوند بوند زہر اگلنے لگی ہے شام‘‘
وہ چھت کہ جس پہ خوف سے اتری کبھی نہ رات
اس چھت پہ دو پہر سے ٹہلنے لگی ہے شام
ویرانیوں کی سمت وہ اب جھانکتی نہیں
آبادیوں میں پھولنے پھلنے لگی ہے شام
تھا زور بازئوں میں تو وہ دسترس میں تھی
مٹھی سے آج میری پھسلنے لگی ہے شام
پہلو میں اس کے بیٹھنا اب چھوڑ دیجئے
اشرف بدی کے رنگ میں ڈھلنے لگی ہے شام
اشرف یعقوبی
6/2/H/1, K.B. 1st Lane
Narkeldanga, Kolkata-700011
Mob: 9903511902 / 9835628519
…………………………
|