* ہے تیرا حسن لا ثانی *
غزل
ڈاکٹر جاوید جمیل
(پہلے مجموعے "رہگزر" ١٩٩٨ سے)
ہے تیرا حسن لا ثانی
تو میرا عشق لا فانی
جدھر پہنچا مرے پیچھے
چلی آئی پشیمانی
اڑا لے جائے گی سب کو
ہوائے نو ہے طوفانی
جو حق پر ہیں مقید ہیں
ہے فرعونوں کی من مانی
سویرے اٹھتا ہوگا وہ
ہے چہرہ اس کا نورانی
غرض اعمال سے رب کو
ہوں صدیقی کہ سلمانی
تمہیں برباد کردیگی
تمہاری تنگ دامانی
مدد کرکےغریبوں کی
مٹا اپنی پریشانی
ہے انسانوں کی یہ دنیا
نہیں دنیا یہ انسانی
خدا کی ہے زمیں جاوید
نہ ایرانی نہ تورانی
****************** |