نعت
اظہار احمد گلزارؔ
اِس کائنات کے حُسن کا شہکار آپؐ ہیں
لاریب! فخرِ سیرت و کردار آپؐ ہیں
غم کی ہے تیز دھوپ تو مجھ کو نہیں ہے غم
میرے لیے جو سایۂ دیوار آپؐ ہیں
ملتی ہے دَر سے آپؐ کے ایماں کی روشنی
بھاگے اندھیرے جن سے وہ انوار آپؐ ہیں
انسانیت کو درد کا درمان مل گیا
ہر بے کس و نادار کے غم خوار آپؐ ہیں
بھٹکا نہ پھر کبھی وہ رہِ مستقیم سے
جس قافلے کے قافلۂ سالار آپؐ ہیں
انسانیت کو آپؐ کے دم سے ملا عروج
انسانیت کا بس یہاں معیار آپؐ ہیں
ہو گا کرم جو آپؐ کا مل جائے گی نجات
دونوں جہاں میں میرے غم خوار آپؐ ہیں
اظہارؔ پر بھی آپؐ کی نظرِ کرم رہے
اس کے بھی دین و دُنیا میں سردار آپؐ ہیں
********************