* کس کا گھر ہے قیام کس کا ہے *
کس کا گھر ہے قیام کس کا ہے
دل کی چوکھٹ پہ نام کس کا ہے
کس کی خوشبو ہے میرے ہونٹوں پر
تذکرہ صبح و شام کس کا ہے
کس کی باتیں ہیں پرکشش اِتنی
اتنا عمدہ کلام کس کا ہے
کس کے ڈر سے یہ تھرتھراتا ہے
دل ہمارا غلام کس کا ہے
کس کے دل میں ہے اتنی غم خواری
اتنا اونچا مقام کس کا ہے
کس کی آواز اتنی پیاری تھی
یاد اب تک سلام کس کا ہے
کس نے ویراں کیا ہے دل راغبؔ
کیا بتائوں یہ کام کس کا ہے
**************** |