کروں میں آپؐ کے در کا نظارا یا رسول اللہؐ
چمک اٹھے مری قسمت کاتارا یا رسول اللہ
فضیلت آپؐ کو حاصل ہوئی سارے رسولوں پر
خدا نے آپؐ پر قرآں اُتارا یا رسول اللہؐ
سہارا آپ کا ہوجائے حاصل جس کو دنیا میں
بھلا کیوں کر رہے وہ بے سہارا یا رسول اللہؐ
رہوں میں آپ کی یادوں سے غافل ایک لمحہ بھی
نہیں مجھ کو کسی صورت گوارا یا رسول اللہ
بروزِ حشر مل جائے مجھے جنت کا پروانہ
جو ہو چشمِ شفاعت کا اشارا یا رسول اللہؐ
نجات اُس کو ملی ہے ہر مصیبت سے زمانے میں
کہ جس نے آپؐ کو دل سے پکارا یا رسول اللہ
سنبھالیں آپؐ جو پتوار میری ناخدا بن کر
مری کشتی کو مل جائے کنارا یا رسول اللہؐ
خوشی کی بھیک آقا ڈال دیجے اُس کی جھولی میں
کہ ہے مشتاقؔ رنج و غم کا مارا یا رسول اللہ
******************