ہے مرے دل میں بسی عظمت رسول اللہؐ کی
رات دن کرتا ہوں میں مدحت رسول اللہؐ کی
دونوں عالم کی سمجھئے اُس کو دولت مل گئی
ہوگئی حاصل جسے قربت رسول اللہؐ کی
تیز ہو جب آگ برساتی ہوئی محشر کی دھوپ
سر پہ ہو سایہ فگن رحمت رسول اللہؐ کی
اُس کو بخشے گا خدا دونوں جہاں کی نعمتیں
زندگی بھر جس نے کی طاعت رسول اللہؐ کی
حشر میں اُس کو ملے گا سو شہیدوں کا ثواب
جو کرے گا زندہ اک سنت رسول اللہؐ کی
آگ دوزخ کی کبھی اُس کو جلا سکتی نہیں
جس کے دل میں ہے بسی الفت رسول اللہؐ کی
کیوں کروں دنیا میں غیروں کی بھلا تقلید میں
ہے مرے پیشِ نظر سیرت رسول اللہؐ کی
مدتوں سے ہے یہی مشتاقؔ میری آرزو
خواب میں دیکھوں کبھی صورت رسول اللہؐ کی
****************