donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Islamic Articles -->> Islamiyat
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Ataur Rahman Noori
Title :
   Awalliat Farooqi Ka Ijmali Jayeza

 سیرت سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ سے منتخب  وہ درخشاںامورجن کی بنا آپ نے ڈالی


اَوَّلِّیا تِ فاروقی کا اجمالی جائزہ


از:عطاء الرحمن نوری مبلغ سنی دعوت اسلامی،مالیگائوں


    شاہکارِ دست قدرت مصطفی جان رحمت ﷺ نے مدینۂ منورہ میں مسلم معاشرے کے لئے جو سیاسی نظم ونسق بنایا تھااور جن خطوط پر نوتشکیل اسلامی ریاست کی تنظیم کی تھی،حضور رحمت عالم ﷺ کے بعدآپ کے جانشینوں(خلفائے راشدین)نے انہیں خطوط پرمعاشرے اور ریاست کوآگے بڑھایا۔حالات اور تقاضوں کی رعایت کرتے ہوئے خلفائے راشدین نے انتظامیہ سے متعلق مختلف شعبہ جات اور محکمے قائم کیے۔خلافت راشدہ کے پورے زمانے میںمرکزی انتظامیہ اکابرصحابہ پر مشتمل رہی جو رسول گرامی وقار ﷺکی تربیت کے نتیجے میںشورائی مزاج کی حامل تھی۔

    نظام خلافت کا آغازیار غارِمصطفی سیدناصدیق اکبر رضی اللہ عنہ سے ہوا۔خلافت کو سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میںاستحکام حاصل ہوا۔آپ کے زمانہ ٔخلافت میںحکومت کے تمام ضروری شعبوںکاباقاعدہ وجودعمل میںآیا۔خلافت فاروقی کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ وہ اسلامی جمہوری حکومت تھی جس میںملک وقوم کے مسائل مجلسِ شوریٰ میں حل ہوتے تھے۔مجلس شوریٰ میںانصارومہاجرین میں سے منتخب اکابر شامل تھے۔مجلسِ شوریٰ کے ممتازاراکین میں حضرت عثمان،حضرت علی،حضرت عبدالرحمن بن عوف،حضرت معاذ بن جبل،حضرت ابی بن کعب اور حضرت زیدبن ثابت رضی اللہ عنہم وغیرہ شامل تھے۔

    سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے صرف ساڑھے دس سال کی قلیل مدت میںوہ عظیم الشان حکومت قائم کی جو اپنے وقت کی سب سے بڑی اورطاقت ورحکومت تو تھی ہی،اس حکومت میں ہر طرف امن وامان کابول بالابھی تھا۔اس لئے بعض جہاں دیدہ مفکرین نے کہا ہے کہ اگر حضرت عمر فاروق اعظم رضی اللہ عنہ چندسال اور حکومت کرتے تومملکت اسلامیہ کانقشہ جداہوتااور بعض نے یہاں تک کہاںہے کہ سیاست سیکھناہوتوفاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی نظام سیاست کاجائزہ لو۔حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے بہت سی مالی وملکی،سیاسی وانتظامی ، معاشرتی وتمدنی باتیں تجویز وایجاد فرمائی۔انتظام حکومت کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے جو بھی اقدامات کئے یا جو اصلاحات نافذ کیںانہیںاسلامی تاریخ میں’’اولّیات عمر‘‘یا’’اولّیات فاروقی‘‘کے نام سے یاد کیا جاتاہے،یعنی وہ کام جو سب سے پہلے سید نافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے کیے۔ان میں بعض کی فہرست درج ذیل ہے۔


(۱)محکمۂ ڈاک:ڈاک کا محکمہ ابتدائی طور پر خلافت راشدہ کے زمانے میںسیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے قائم کیا۔اس محکمے کاکام یہ ہوتا تھا کہ سرکاری فرامین اورخطوط وغیرہ کوصوبائی گورنروںاور دیگر افسران تک پہنچایاجائے اور ان کے جوابات حاصل کیے جائیں۔ اس کام کے لئے مختلف مقامات تک جانے والی سڑکوںپر چوکیاں قائم تھیںجہاں ہر وقت تازہ دم گھوڑے اور کارکن موجود رہتے تھے اور کوئی بھی خط یافرمان ملتے ہی اسے دوسری چوکی تک پہنچادیتے تھے۔اس طرح کم مدت میںخطوط اور فرامین متعلقہ حکام تک پہنچ جاتے تھے۔گویا ایک طرح سے یہ انٹرنل میڈیا سسٹم INTERNAL MEDIA SYSTEM   تھا۔

(۲)محکمۂ بیت المال:رسول گرامی وقار ﷺکے زمانے میں اورحضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے زمانے میں زکوٰۃوصدقات اور خراج کی صورت میں جوبھی مال آتا تھافوراًضرورت مندوںاور مستحقین میںتقسیم کردیا جاتاتھا۔لیکن دور فاروقی میں فتوحات کی کثرت کے سبب مال غنیمت،خراج اورصدقات وغیرہ کی آمدنی میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا۔ لہٰذا ضرورت مندوں اور مستحقین میں مال کی تقسیم کے بعد اضافی مال کومحفوظ کرنے کے لئے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے بیت المال کی باضابطہ عمارت تعمیر کرائی۔یہ محکمہ مال کی آمدوخرچ کا حساب رکھنے کے علاوہ اس پربھی نظر رکھتا کہ خلیفۂ وقت مال کو اصول وضوابط کے مطابق خرچ کرتا ہے یا نہیں۔اس کی نگرانی کے لئے بیت المال کے افسر کاتقرر ہوتا تھا۔

(۳)محکمۂ پولس:اسلامی مملکت کے حدود میں ہر سطح پر امن و امان بحال رہے اس مقصد کے حصول کے لئے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے پولس کا محکمہ قائم کیا۔پولس کے محکمے کانام’’احداث‘‘تھا اوراس کا افسرِ اعلیٰ’’صاحب الاحداث‘‘ کہلاتاتھا۔حضرت علی کرم اللہ تعالیٰ وجہہ الکریم کے زمانہ ٔخلافت میں اس محکمے کو مزیدترقی دی گئی اور اس کانام’’شرطہ‘‘قرار پایا جو اب تک عرب دنیا میں رائج ہے۔

(۴)محکمۂ جیل:سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ کے زمانے میں ہی اسلامی دنیا میں پہلی جیل قائم ہوئی۔انہوں نے مکہ مکرمہ میں حضرت صفوان بن امیہ رضی اللہ عنہ کے مکان کو خرید کر پہلاجیل خانہ بنایا،بعد میں دیگر مقامات خاص طور پر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی جیل خانے تعمیر کیے گئے۔

(۵)محکمۂ فوج:اسلامی حکومت کی فوجی ضروریات کے پیش نظرسیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے باضابطہ فوج کا محکمہ قائم کیا۔فوج سے متعلق تمام امور اور معاملات کی دیکھ بھال اور نگرانی اس محکمے کی ذمہ داری تھی۔

(۶)محکمۂ مالیات:سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اسلامی حکومت کے مالی امور کی دیکھ ریکھ کے لئے باضابطہ مالیات کامحکمہ قائم کیا۔یہ محکمہ مسلمانوں اور مملکت کی دیگر رعایا سے ٹیکسوں کی وصولی کرتا تھااور ان کی تقسیم کاکام بھی اسی محکمے کے ذمہ تھا۔

(۷)محکمۂ احتساب:سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے خالص جمہوری حکومت کی بنا ڈالی جس میں ریاست کا ہر شہری اعلانیہ اپنی رائے کا اظہار کرسکتا تھا،خلیفۂ وقت کے کسی بھی طرز عمل پر دریافت کر سکتا تھااور آزادی کے ساتھ اپنے حقوق کا مطالبہ کر سکتا تھا۔آپ نے اپنے حکام کی نگرانی کے لئے احتساب کا شعبہ قائم کیاتھا۔آپ جسے بھی کوئی ذمہ داری دیتے تو اس سے یہ عہد لیتے کہ وہ ترکی گھوڑے پر سوار نہیں ہوگا،نفیس کپڑے نہیں پہنے گا،چھنا ہوا آٹا نہیں کھائے گا،دروازے پر دربان نہیں رکھے گا اور ضرورت مندوں کے لئے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے گا ۔آپ کی کوشش یہ تھی کہ حاکم بھی عام لوگوں کی طرح رہے اور ان پر اقتدار کا نشہ نہ چڑھنے پائے۔حج کے دنوں میں سرکاری حکام اور افسروں کو ہدایت ہوتی تھی کہ مکۂ مکرمہ میںحاضر رہیں،اسی طرح عام لوگوں کو بھی ہدایت تھی اگر انہیں کسی حاکم یا افسر سے کسی بھی قسم کی شکایت ہوتو وہاں پیش کریں تاکہ وہیںاس کا ازالہ بھی کیاجاسکے۔

(۸)اسلامی کیلنڈر:آپ نے اسلامی کیلنڈر سنہ ہجری کاآغاز کیا۔یہ نبی اکرم نور مجسم ﷺ کی ہجرت کے سال سے شروع ہوتا ہے۔اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ محرم ہے۔اس سے قبل دوسرے کیلنڈروں سے اسلامی حکومت کاکام چلتا تھا۔ اسلامی کیلنڈرکاآغاز۱۷؍ھ، ۶۳۷  ؁۔ء سے ہوا۔

(۹)محکمۂ عدالت:پوری مملکت میں عدل وانصاف کو یقینی بنانے کے لئے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے تمام صوبائی وضلعی مراکز میں عدالتیں قائم کیں اوران میںفیصلے کرنے کے لئے قاضی مقرر کئے۔یوں تو خلیفہ ہی قاضی القضاۃ(چیف جسٹس)ہوتا تھالیکن حدود مملکت بڑھ جانے کی وجہ سے وہ تمام مقدمات کی سماعت اور فیصلے خود نہیں کر سکتا تھا اس لئے مملکت کے مختلف شہروں میں باصلاحیت لوگوں کوقاضی مقرر کیا گیا۔

(۱۰)مردم شماری:وظائف کے نظام کو بہتر اور درست رکھنے کے لئیسیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے پہلی مرتبہ مردم شماری کرائی تاکہ رعایا کے حالات پورے طور پر حکومت کے سامنے رہیں۔آج بھی مردم شماری کی جاتی ہے مگرمقصد تعدادمعلوم کرنایاافزائش نسل پر روک تھام لگاناہوتاہے،جبکہ اسلامی حکومت میںمردم شماری کامقصدغرباء پروری،مفلسی اور مسکینی کاخاتمہ ہوتاہے۔

(۱۱)محکمۂ پرچہ نویس:مملکت کی پوری پوری خبر رکھنے کے لئے آپ نے تمام علاقوں میںوہاںکی خبریں حاصل کرنے کے لئے پرچہ نویس مقرر کیے ۔معلوم ہواکہ میڈیا کی اہمیت وافادیت سے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ کی دور بین ودور اندیش نگاہیں واقف تھی۔

(۱۲)محکمۂ تعلیم:مملکت اسلامیہ میں تعلیم کو عام کرنے کے لئے مکتب اور مدرسے قائم کیے اور تعلیم دینے والے اساتذہ کے لئے تنخواہیں مقرر کیں۔

(۱۳)سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے اپنی حکومت کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنانے کے لئے اور حکومت کے انتظامی امور کو چلانے کے لئے اسلامی ریاست کوصوبوں اور ضلعوں میںتقسیم کیا۔ان کے زمانۂ خلافت میں درج ذیل گیارہ صوبے تھے:(۱)مکۂ معظمہ(۲)مدینۂ منورہ(۳)شام(۴)جزیرہ(۵)بصرہ (۶)کوفہ (۷)مصر (۸)فلسطین (۹)خراسان (۱۰)آذربائیجان (۱۱) فارس۔ہر صوبے میں درج ذیل عہدہ دار ہوتے تھے۔(۱)والی یعنی صوبے کا حاکم(۲)کاتب یعنی صوبے کا چیف سکریٹری(۳)کاتب دیوان یعنی محکمۂ فوج کا سکریٹری(۴)صاحب الخراج یعنی ٹیکس کلکٹر(۵)صاحب الاحداث یعنی پولس افسر (۶)صاحب بیت المال یعنی افسر خزانہ(۷)قاضی یعنی جج۔مذکورہ عہدہ داروں کاتقرر مجلسِ شوریٰ کے ذریعے ہوتا تھا۔جس کا طریقہ کار یہ ہوتا تھاکہ سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ کسی موزوں فرد کانام پیش کرتے اور مجلس شوریٰ کے ارکان بحث ومباحثے کے بعداس کی تصدیق کر دیتے۔

(۱۴)آپ نے خلیفۂ اسلامیہ کے لئے امیر المومنین کا لقب اختیار کیا۔یہ لقب حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے بعدہمیشہ کے لئے جاری ہوگیا۔

(۱۵)مملکتِ اسلامیہ میںزراعت کی ترقی اور عشر(ایک طرح کا زرعی ٹیکس)اور خراج کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے زمین کی پیمائش کرائی۔

(۱۶)نماز تراویح با جماعت پڑھنے کا اہتمام کیا۔

(۱۷)تجارت کے گھوڑوں پر زکوٰۃ مقرر کی۔

(۱۸)نماز جنازہ میں چار تکبیروں پر سب کا اجماع کیا۔

(۱۹)رفاہی مملکت بنانے کے لئے سیدنافاروق اعظم رضی اللہ عنہ نے مملکت اسلامیہ کے ہر مسلم شہری کے لیے وظیفہ مقرر کیا جو اس زمانے میں بہت بڑاانقلابی قدم تھا۔

(۲۰)مساجد کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے آپ نے مسجدوں میں امام اور موذن مقرر کیے اور ان کی تنخواہیں بھی مقرر کیں۔

(۲۱)حج،تجارتی اور دیگرقافلوں کی آمدورفت کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے شاہ راہوں پر چوکیاں قائم کیں،سرائیں بنوائیںاور کنویں کھدوائیں۔

(۲۲)زراعت کی ترقی کے لیے نہریں کھدوائیں۔

(۲۳)سڑکیں تعمیر کرائیں۔

(۲۴)غیر مسلموں(حربی تاجروں)کو عرب علاقوں میںتجارت کرنے کی اجازت دی۔

(۲۵)عربوں کو غلام نہ بنائے جانے کا قاعدہ مقرر کیا جو حدیث رسول ﷺ سے استنباط پر مبنی تھا۔

(۲۶)وقف کے طریقے کو منضبط کیا،جس میں وقف کے مصرف اور اس پر تولیت اور متولی کے اختیارات کو واضح فرمایا۔اس پہلو سے آپ کو وقف کے طریقہ کا بانی قرار دیا جاتاہے۔

(۲۷)لوگوں میں اصلاح وتبلیغ کے لیے مسجدوں میںوعظ اور تقریر کا طریقہ جاری کیا۔

(۲۸)مسجدوں میں روشنی کا انتظام کیا۔

(۲۹)شہر آباد کرائے مثلاًکوفہ،بصرہ،جیزہ،فسطاط(قاہرہ)وغیرہ

(۳۰)درّہ کا استعمال کیا۔

(۳۱)راتوں کو گشت کرکے رعایاکے حال سے باخبر رہنے کا طریقہ نکالا۔اس طرح کے کئی اصلاحی ورفاعی کاموںکی آپ نے بنا ڈالی۔ہرایک پر تبصرہ پیش کرنے کی بجائے بخوفِ طوالت صرف طائرانہ جائزہ پیش کیاگیااہل عمل ودانش پر ان امور کی اہمیت وافادیت روشن ہیں۔اللہ پاک آپ کے درجات میں اضافہ کرے اورامت مسلمہ کو آپ کے نقوش پاپرچلنے کی توفیق عطا فرمائے۔(یو این این


**********************

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 673