donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Islamic Articles -->> Islamiyat
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Dr. Prof. Mohsin Usmani Nadvi
Title :
   Mujhse Kuchh Poshida Nahi Hai Shamiyon Ka Soz O Saz

 پروفیسر محسن عثمانی ندوی
                         
 ’’ چنا ں  قحط  افتد بہ  شہرے  دمشق‘‘
 
مجھ  سے کچھ  پوشیدہ  نہیں  ہے  شامیوں  کا سوزوساز
 
      عرب  دنیا میں  کئی  ملکوں میں انقلاب  کی کامیاب کوششیں ہورہی  ہیں  ۔  مصر  تیونس  اور لیبیا میں ظلم کی شب تاریک  اور بیم موج  اور گرداب بلا  کا دور اور خزاں کا موسم ختم ہوچکا ہے اور وہاں  کاروان بہارگویا خیمہ زن ہوچکا ہے  اور جمہوری  طریقہ سے  انقلاب پسند اور اسلام پسند  بر سر اقتدار آئے ہیں  ۔یہ  اسلام پسند گروہ  ظالم  اور  انصاف  دشمن حکمرانوں کے  بعد  ملک کی  تعمیر نو  اور فکرکی تشکیل نو اورخیر عام  اور اصلاح  عوام  میں  کس قدر  کامیاب  ہوا ہے یا ہوگا  اور دینی جماعتیں قائدانہ کردار ادا کرنے  میں اور اسلام کا عادلانہ نظام قائم کرنے میںکس قدر کاممیاب ہوئی ہیں  یا  ہوں گی ’ پیران حرم کی آستیں میں کوئی ید بیضا  ہے کہ  نہیں یہ فیصلہ مستقبل  کا مؤرخ کرے گا  ۔  خیر وعدل پر مبنی نظام چشم زدن میں  قائم نہیں کیا جاسکتا۔ اس کے لئے شعور کی تربیت کی ضرورت ہوتی ہے  لیکن بجا طور پر عالم اسلام  کی  ہمدری   ان انقلابات کے ساتھ  ہے کیونکہ بڑی  مشکلوں سے اسلامی اقدار اور اسلامی تہذیب  کے  مخالفین سے  اور نظام جاہلیت کے علم برداروں اور فرنگی  تخیلات کے  نقیبوں  سے  اب جاکر چھٹکارا ملا  ہے ۔
 
مسلمانوں  کو تعلیم دی گئی  ہے  کہ وہ مسلمان بھائیوں  کے  مسائل  سے  واقف رہنے  کا  اہتمام  کریں  یہاں تک کہ  حدیث  میں  آایا ہے  کہ  جو مسلمانوں  کے  امور  سے  واقف  ہونیٍ  اور ان  کی  پریشانیوں  کو دور کر نے کا ا ہتمام  نہ کرے  وہ  ہم  میں سے  نہیں  ۔  اور  ملک  شام  کے سلسلہ میں  تو  حدیث  میں وارد  ہے  ’’ وعلیکم بالشام ‘‘۔ ملک  شام    ( فلسطیں  بھی  اس  میں  داخل  ہے )  سے وابستگی  کی   حدیث  میں  تلقین کی گئی  ہے  ۔ اس لئے اس  خطہ زمین سے  خصوصی وابستگی  اور  تعلق  ہونا  چاہئے  اور وہاں کے  حالات سے  واقف  رہنا چاہئے ۔  کئی  عرب  ملکوں میں کامیاب انقلاب  کے  بعدابھی شام  انقلاب  کے  راستہ پر ہے ۔اوراب  انقلاب کی منزل بہت   دور  نہیں ہے ۔دوحہ کی  حالیہ  کانفرنس  میں  شام  کی  اپوزیشن  متحد  ہو چکی  ہے  اس متحدہ  محاذکے سربراہ  جامع اموی  کے سابق  امام  معاذ  الخطیب  ہیں۔  اس  متحدہ محاذ کے تحت شامی  قومی  کونسل  کے  صدر  ایک  عیسائ  جارج صبرا  منتخب  کئے گئے تھے  اور نائب  صدر  اخوان المسلمون کے لیڈر ۔  اوراب  وہ وقت  بہت  قریب  ہے کہ عبوری حکومت  کا  اعلان کردیا  جائے  گا  ۔خلیج کی عرب  حکومتوں  نے  اور کئی پڑوسی   عرب حکومتوں نے اور  ترکی   نے  متحدہ  محاذ  کو شام کی  واحد نمائندہ  جماعت تسلیم کرلیا ہے  ۔فرانس  اور برطانیہ  نے   متحدہ محاذ  کو شام  کی واحد  نمائندہ  تنظیم مان لیا  ہے  امریکا  نے بھی  اسے تسلیم کرنے  کا اشارہ  دیا  ہے ۔فرانسیسی  صدر   معاذ الخطیب  سے  آئندہ چند دنوں  میں  پیرس  میں ملاقات  کرنے  والے  ہیں ۔   شامی  انقلابیوں  کیلئے  ہتھیاروں   کی  مدد بھی   شروع  ہوگی   لیکن  اس سلسلہ  میں  مغربی  ملکوں  میں  ذہنی  تحفظ  پایا  جاتا  ہے  کہ  ہتھیاروں  کی  سپلائی  کہیں  اس اسرائیل کے  خلاف  تو  نہیں  استعمال  ہوگی  جو  مغربی  ملکوں کا پروردہ  نور نظر اور لخت جگر  ہے ۔ شام میں  انقلاب کی قیادت  اخوان  المسلمین  اور دینی جماعتوں کے  ہاتھ میں ہے  اوباما کو سب سے زیادہ اسی بات کا  اندیشہ  ہے کہ یہ‘‘ فتڈا منٹلسٹ‘‘  ان  ہتھیاروں  کا استعمال   کہیں  اسرائیل   کے  خلاف  تو  نہیں  کریں  گے   ۔ اس لئے بظاہر  فورا  بڑے پیمانہ پر  بھاری  اسلحہ شاید  فراہم  نہیں  کئے  جائیں گے  البتہ  ترکی  سے کچھ   اسلحہ  آسکتے  ہیں ۔ روس کے وزیر  خارجہ  نے اس متحدہ  اپوزیشن سے جس  کی  تشکیل  دوجہ  میں  ہوئی  ہے    کہاہیٍ وہ   بشارالاسد سے بات  کرے ۔متحدہ اپوزیشن نے  متحدہ طورپرروس کی  اس اپیل  کو ٹھکرادیا ہے  کہ قاتلوں  اور ظالموں سے   جنہوں نے چالیس  ہزار  انسانوں  کو موت  کی  نیند سلادیا  ہے بات  نہیں  کی  جاسکتی  ہے ۔ شام کی  فری آرمی  اور اپوزیشن نے  گذشتہ جمعہ  کا  نام رکھا تھا  ’’  الزحف  ٰلي  دمشق  ‘‘   اس  کی  ترجمانی  ہوگی   دمشق  کی  جانب  اب ’’  پا بجولاں چلو  خوں بداماں چلو  ‘‘۔  اس متحدہ  اپوزیشن  نے  اب  تمام  بین  الاقوامی  کمپنیوں  اور  سفارت  خانوں  سے  اپیل  کی  ہے   کہ  وہ   جلد  سے  جلد  اپنے  آفس  دمشق  سے  ہٹالیں  ۔ اب  بہت جلد  ’’بزن ‘‘ بولا  جانے  والا  ہے  ۔  اب  آخری  معرکہ سر کیا جانے والا  ہے ۔ ایسا لگتا ہے  کہ  اب  جلد  آخری  چٹان ریزہ ریزہ  کی  جانے والی  ہے  اب انقلابل کا صور   پھونکا  جانے  والا  ہے ۔اب  مردے  بھی  اٹھ کھڑے  ہوں  گے  اور انقلاب  سے  کم  کسی چیز پر راضی  نہیں  ہوں گے ۔ شام میں  عین عید الاضحی  کے  دن  راج  دھانی  دمشق  میں دھماکہ ہوا  اور انقلابیوں نے  اس دھماکہ سے یہ پیغام دیا کہ   ملک شام کے  اکثر  حصہ پر تو ان کا قبضہ ہو ہی چکا ہے   خود راج دھانی بھی  ان  کے  نشانہ  اور دست تصرف سے باہر نہیں ۔  بشار الاسد کی حکومت کا زوال قریب  ہے  شام کی زمین   اس  کے پیروں  تلے  نکل  چکی  ہے ۔ اوراب الٹی گنتی شروع  ہو چکی ہے  ۔ ایران  نے  اپنی  مصلحتوں کی  خاطر بشار  الاسد  کی  مدد کرنے  میں  کوئی کسر نہیں اٹھارکھی تھی  اور  بشار کو  اس  نے اپنی مصلجتوں  کے لئے قتل  عام کا  لائسنس   دے رکھا  تھا   ۔ ایران کی ساری مدد اب بشار الاسد کو  بچانے  میں  نا کام ہورہی ہے  شام کے  اکثر شہروں  پر عملا  الجیش  الحریعنی  آزاد عساکر یا فری آرمی کا قبضہ ہے  خود بشار الاسد  لاذقیہ کے ساحل سے  دمشق  تک  کاسفر  زمینی راستہ سے  نہیں  کرسکتے ہیں  ۔صرف  فضائی راستہ ان کے لئے  باقی رہ گیا  ہے  شامی  حکومت  اب صرف  اپنی فضائی  طافت پر  ٹکی  ہوئی  ہے  ۔شام کے علویوں نے بھی سمجھ لیا ہے کہ ان کا مستقبل  شام کے عوام  کے ساتھ  ہے  جنہیں مستقبل میں حکزمت کرنا ہے  ۔ بشار الاسد  کو  علویوں   پر بھی  اب  اعتبار نہیں  رہا ہے   جب سے  قرداحہ  میں علویوں  نے بشار  کیٍ  خلاف  بغاوت کی  ہے  اور شامی عوام کے ساتھ اپنی  وفاداری کا اظہار کیا  ہے  اس  وقت سے  بشار کا  علویوں پر  اعتبار  ختم  ہوگیا  ہے  ۔  اب  بشار  کے  حفاظتی  دستہ   سے  علویوں کو  ہٹا کر  ایران  کے پاسداران انقلاب  کو متعین کیا گیا  ہے   شام کی حکومت کا سقوط قریب  ہے  البتہ سرکاری  فوجی  ہواجہازوں  سے  بمباری اور  ٹینکوں سے  سے گولہ باری کا سلسلہ جاری  ہے  اب  ہر روز  مرنے والوں   کی  تعداد  اوسطا  ڈیڑھ سو  ہے   دو دن پہلے  ایک دن میں  دو سو اکیس  شامی  عوام  سرکاری  گولہ باری اور  ہوائی جہاز سے بمباری  سے  شہید  ہوے ۔ اب  جام  شہادت  نوش کرنے کیلئے  روزانہ لوگ سر سے کفن باندھ کرکے  نکلتے   ہیں ۔ کچھ دوسرے مسلم ملکوں  سے بھی  بجام  شہادت نوش کرنے کے  بعض آرزو مند اور  متمنی سر بکف ہو کر   ملک شام  میں داخل  ہوتے  ہیں۔  شہادت کی آرزو کرنا  اور  موت  کو گلے لگانا اس  دنیا  میں صرف اہل  ایمان جانتے  ہیں اور وہ شہادت کی آرزو  لے کر آتے ہیں اور رقصاں اور فرحاں مقتل میں داخل  ہوتے  ہیں۔  فیض احمد فیض کا یہ شعران کے حسب حال ہے  
جس  دھج  سے کوئی مقتل میںگیا  وہ  شان سلامت  رہتی  ہے
  یہ  جان تو آنی  جانی  ہے  اس  جان  کی  کوئی   بات  نہیں
 
  حیرت  ہے  کہ  ہندوستانی  اخبارات  میں  شام میں سنگین قتل عام کی  خبریں نہیں شائع  ہورہی ہیں  ۔ چھوٹی موٹی کوئی  خیر آجاتی  ہے  جس سے  حالات کی  سنگینی  کا  اندازہ  نہیں  ہوسکتا  ہے  ۔اردو اخبارات کو غالبا  ایک خاص طبقہ کی ریڈرشپ کی رعایت  ملحوط  رکھنی پڑتی ہے جو حق پسند کم اور مسلک کا وفادار زیادہ ہے  ۔ عربی  ملکوں کے ٹی وی چینل  آسمان سیِ  شامی سرکاری فوجی طیاروں کی بمباری  اور عمارتوں  کے  انہدام  کے  مناظر دکھارہے  ہیں  لاشیں بکھری  ہوئی  ہیں  زخمیوں کی  چیخ وپکار  عورتوں کی  آہ وفغاں  اور مکانوں  سے اٹھتا ہوا دھواں  رونگٹے کھڑے کرد۔یتا ہے  کئی لاکھ  شہری  گھروں  کو چھوڑ کر  دوسرے  ملکوں میں پناہ لے  چکے   ہیں  یا  زیادہ محفوظ مقامات پر منتقل  ہوگئے  ہیں   ۔   اس دلخراش  اور دلدوز  حالت   میں بھی  فری آرمی  ہر روز  کامبابی کی  منزل کی طرف  قدم بڑھاری  ہے حلب کے فوجی  ابر پورٹ  پر اس  کا قبضہ  ہوچکا ہے  دمشق  کے  فوجی اڈہ  پر گھمسان کا رن  پڑچکا ہے  فوجی  جہاز کی بمباری سے  گرد ونواح میں  پچاس  آدمی  شہید ہو چکے  ہیں ۔ کرنل  کیپٹن   اور  میجر  رینک  کے   افسر  اور  سیکڑوں  فوجی  اور  متعدد سفیر  یہانک کہ  ملک کے پردھان منتری یعنی وزیر  اعظم  منحرف  ہوچکے  ہیں  فوج  کے جن  اعلی  ترین ا فسروں  نے  راہ فرار  اختیار  کی  ہے    ان  کی  تعداد  چالیس  ہے   یہ تعداد  اس  سے   بہت زیادہ ہوسکتی  ہے  لیکن   فوجی  افسر  اور  ان کے  اہل  خانہ سخت  نگرانی  اور  حصار  میں  زتدگی  گزار  رہے  ہیں ۔   منحرف   ہونے  والے فوجی  اپنے  اسلحہ  استعمال  کرہے  ہیں  اور  نوجوانوں  کو   اسلحہ سازی  کی   اور اپنے  دفاع  کی تربیت  دے   رہے  ہیں ۔ کئی  عسکر ی مقامات اور  فوجی  چھاوننیوں پر  سے  حکومت  کے جھنڈے   سر نگوں کر دئے  گئے  ہیں  اور بشار الاسد اور حافظ الاسد کی  تصویروں کو  غضبناک  عوام  نے  جوتوں سے روندا  ہے  اور قدموں سے پامال کیا  ہے۔ اوراب  دمشق  کی سرکاری  عمارتیں دھماکوں سے لرز لرز جاتی  ھیں  وزیر  داخلہ اور  وزیر دفاع اکے علاوہ  بشار الاسد کے برادر  نسبتی   اور  ان کے  حقیقی  بھائی  ماہر  الاسد  ہلاک  ہوچکے  ہیں  سرکاری فوج  میں  بغاوت ہوری  ہیں  کرنل   اور میجر  اور  کیپٹن  کے رینک  کے  افسر  سیکڑوں  فوجی  اور متعد سفیر منحرف  ہوچکے ہیں  اور انقلابیوں  سے مل گئے  ہیں  اور اب شام  کی  عدلیہ کا ایک جج  بھی  انقلابیوں  سے مل گیا ہے ۔اور اس  نے  بڑے مشکل سے اپنے  خاندان کو بچایا ہے  ۔ حکومت کا رویہ یہ ہے کہ  جو منحرف  ہوجاتا ہے  اس کا انتقام  اس کے پورے خاندان سے لیا جاتا ہے  ۔
 
     شام  کے  مسئلہ  کو حل کرنے کی  ہر کوشش  نا کام  اور  نا مراد   ہو چکی ہے  اسلامی ملکوں کی  تنظیم ’ عرب لیگ’  اقوام متحدہ   سب کوشش کرکے تھک  گئے  کوفی  عنان  خائب اور خاسر  لوٹ گئے  اور  آخر میں اخضر ابراہیمی نے  مفاہمت کی باگ ڈور سنبھالی   تو  انہیںاندازہ  ہوا کہ  منزل دور  رات تاریک اور  راستہ  دشوار ہے   اور  مصالحت کی  کوئی صورت  نظر  آتی  ہے  ۔انقلابی  اس بشار الاسد سے  بات کرنے کے لئے تیار  نہیں  جس  کے  ہاتھ  چالیس  ہزار  شہریوں کے  خون سے رنگے  ہوئے  ہیں  ۔شکیسپیر  کے کردار  لیڈی میکبتھ  کے بقول  عرب کی تمام خوشبوئیں  مل کر بھی  اس کے  ہاتھوں کو خوشبودار  نہیں بناسکتی  ہیں  ۔ اقوام  متحدہ  کے حالیہ اجلاس  میں مختلف  ملکوں  کے سربراہوں  نے  اس  شام میں قتل عام کی  مذمت  کی  ہے ۔مذمت کے تمام الفاظ  بشار کی  ہٹ دھرمی  کی وجہ سے   امن  قائم کرنے  میں   ناکام ہیں ۔ مصالحت  اور  امن  کا راستہ  صرف ایک  ہے  اور وہ  یہ  ہے  بشار  الاسد  اقتدار سے  دست بردار  ہو جائیں  کیونکہ  انہوں  نے چالیس  ہزار  شہریوں کا ناحق  قتل کیا ہے  اور ووٹ یا کسی  انتخاب کے ذریعہ برسر اقتدار نہیں آئے  ہیں   ۔ بشار  کے  اقتدار سے دست برداری    سے کم پر  شامی عوام کسی  فارمولہ کو قبول کرنے  کیلئے تیار نہیں   اور بشار  الاسد ہیں کہ  اقتدار کی  کرسی چھوڑنے  کیلئے تیار نہیں   ایران  ان کی  تائید  اور مدد کررہا  ہے ۔  ایرانی  افواج کے سپہ سالار  جعغری اعتراف کر چکے  ہیں  شامی حکومت  کی مدد کے لئے  پاسداران انقلاب   کے لوگ  دمشق میں  موجود ہیں ۔ اس لئے یہ کہنا غلط  نہیں  ہوگا  کہ شام کے چالیس  ہزار عوام کا  خون بشار کے ساتھ  ایران کی گردن پر بھی  ہے  اور  ایران  نے  گویا  بشار الاسد کو کہہ دیا  ہے    ’’  تو  مشق  ناز کر  خون دوعالم میری گردن پر ‘‘
 
  شام نفاست شرافت شائسگتی شگفتگی، خوبصورتی اور خوب سیرتی کے اعتبار سے عالم عرب کا ممتاز خطہ ہے، اس خطہ میں ایسے علماء اور صلحا پید ا ہوئے ہیں کہ اس سِلک گہر کی مثال آسانی سے نہیں ملے گی، یہاں اب بھی بڑی تعداد میں ایسے لوگ ہیں جو محاسن ظاہری و باطنی کا مرقع ہیں۔اس خوبصورت ملک میں بشار الاسد نے سب سے بڑا ’’کارخیر‘‘ یہ کیا ہے کہ اسے اجاڑ دیا ہے، پوری پوری آبادی کو خرابے سے بدل دیا ہے، شہر کے شہر مسمار کردیئے گئے ہیں وہاں پانی اور بجلی اور غلہ اور دواؤں کی فراہمی بند کر دی گئی ہے، بربادی  اتنی زیادہ  ہے کہ  پورے  ملک کی  تعمیر نو میں  دس  سال سے کم  نہیں  لگیں گے ۔لاکھوں لوگوں نے ہجرت کی ہے، عورتوں کے ساتھ چھوٹے چھوٹے بچوں کے ساتھ، اکثر پاپیادہ، بے سر و سامان لرزا ںوترساں، کوئی اس سے اندازہ کرسکتا ہے اس قوم کی مظلومیت کا اور بے سرو سامانی کا۔ہندوتانی مسلمانوں کو  برما اور آسام  کے مسلمانوں  کی بربادی  کا  غم ہے  اور یہ غم بجا طور پر درست  ہے  لیکن شام  کے  مسلمانوں پر  ظلم وستم کے جو پہاڑ  توڑے  گئے ہیں  وہ   ہزار گنا زیادہ  ہیں ۔
 
شام کے عوام کا قصور کیا ہے، ان کاقصور یہ ہے کہ وہ آزادی چاہتے ہیں، انصاف چاہتے ہیں، عزت نفس چاہتے ہیں، اس دور جمہوریت میں جمہوریت چاہتے ہیں،مطلق العنان استبدادی نظام سے باہر نکلنا چاہتے ہیں، چالیس سال سے انہیں کچلا گیا اور انہیں غلام بنا کر رکھا گیا۔ ۱۹۸۲ میں آزادی کی تحریک کی اخوان المسلمون نے قیادت کی تھی، اس جرم کی پاداش میں حافظ الاسد نے تیس ہزار لوگوں کو موت کی نیند سلا دیا تھا، حماہ اور حمص کو گنج شہیداں سے تبدیل کردیا تھا ،جس ٹینک بریگیڈ نے اس قتل عام میں حصہ لیا تھا اس کی غالب اکثریت نصیریوں علویوں پر مشتمل تھی، چالیس سال سے مسلسل اس ملک میں ایمرجنسی نافذ رہی ہے، اور عوام کو تحریر و تقریر اور اظہار خیال کی آزادی سے محروم رکھا گیا ہے، جلسوں پر اتنی زیادہ پابندی رہی ہے کہ وہاں کے دیندار عوام اور محبت رسول سے سرشار لوگ سیرت کے جلسوں اور میلاد کی محفلوں کے لئے بھی ترستے رہے ہیں، اور مجبورا گھروں کے اندر باہر کے دروازے بند کر کے اس طرح کی محفلیں منعقد کرتے رہے ہیں۔فکر محبوس  اور زبان پر  تعزیریں  ۔ ملک  شام  اسی جیل خانہ عبارت  تھا ۔
 
ہندوستان میں اندرا گاندھی کے زمانہ میں تھوڑی مدت کے لئے ایمرجنسی لوگ برداشت نہ کرسکے اور ملک میں اس کے خلاف طوفان آگیا تو شام کے عوام غلامی کی زنجیر کب تک برداشت کرتے، برداشت کی بھی ایک حد یہ ہوتی ہے، چنانچہ جب تیونس اور مصر میں انقلاب کی کوشش کامیاب ہوگئی علی زین العابدین کو راہ فرار اختیارکرنی پڑی ، حسنی مبارک کو تاج و تخت سے دست بردارہوناپڑا اور لیبیا کے تانا شاہ کرنل قذافی کا تختہ الٹ دیا گیا اسی زمانہ میں اہل شام بھی حکومت کے خلاف کھڑے ہوگئے، ابتداء میں ان کے تمام مظاہرے نہایت پرامن تھے، کسی  ایک شخص نے بھی ہتھیار نہیں اٹھایا تھا، ابتداء اس طرح ہوئی تھی کہ حمص اور حماہ اور درعا کے چند نوجوانوں نے جن کے باپ دادا کو حافظ الاسد نے ۱۹۸۲ میں شہید کیا تھا اپنی پیشانیوں پر بشار الاسد کے خلاف کچھ نعرے لکھ کر سڑکوں پر آگئے، بشار الاسد کی ظالم پولیس نے انہیں گرفتار کیا، اور جیلوں میں مار مار کر ان کی کھال ادھیڑ دی،ان کے چہرے بگاڑدیئے،ناخن  اکھاڑ دؤے جب وہ جیلوں سے باہر آئے تو ان کی کسمپرسی اور بے چارگی پر ان کے والدین، ان کے رشتہ داروں اور ان کے محلہ والوں کو ترس آیا، غصہ کی آگ بھڑکی اور حماہ اور حمص میں مظاہرے ہوئے اور احتجاجی جلسے منتظم کئے گئے، یہ سارے احتجاجی جلسے نہایت پرامن تھے اور ان کی ابتداء حمص وحماہ اور درعا سے ہوئی تھی، انقلاب کا مرکزثقل ابھی تک یہی خطہ ہے، ان مظاہروں کو فوج نے گولیوں کی باڑھ پر رکھ لیا، درجنون لوگ مرتبہ شہادت پر فائز ہوئے، لیکن انقلاب کا لاوا آتش فشاں بن گیا تھا، اور اس نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انقلاب کی  ابتداء اسی طرح سے ہوئی ۔شام میں  بڑے پیمانہ  پر تباہی اور بربادی کے  ذ مہ دار بشار لاسد  ہیں جنہوں نے نہتھے  عوام پر گولی چلوائی  جن کے پاس جسمانی  قداور قامت کی بلندی  توبہت زیادہ ہے لیکن عقل وفہم  اور خرد مندی  بہت کم ہے ۔
 
بشار الاسد کا ظلم اتنا زیادہ ہے کہ اس کے بارے میں کچھ لکھنے کی ضرورت نہیں ہے، ساری دنیا باستثنائے روس اور چین اور ایران بشار کی رات دن مذمت کر ہی ہے، نہ بشار کا ضمیر زندہ ہے اور نہ اسے بارش سنگ ملامت  اور تیر دشنام کی پرواہ ہے، اس نے شام کو بلامبالغہ اپنے باپ کی جاگیر سمجھ رکھا ہے، بشار کے بھائی ماہر الاسد  کاپہلے  بیان بھی آچکا ہے کہ اس کے باپ حافظ الاسد نے اقتدار اپنے زور بازو سے حاصل کیا تھا، یہ اقتدار نہ خدانے دیا ہے اور نہ عوام نے اپنے ووٹوں سے اسے بخشا ہے اس لئے وہ خدا اور خلق کسی کے سامنے جوابدہ نہیں ہے، ان صریح کفریہ کلمات کے باوجود بھی جو لوگ بشار کی حمایت کر کے اپنی عاقبت خراب کرنا چاہیں تو شوق سے کریں، ایک سچا اور اچھا مسلمان تو مسلم ملک میں اسلامی قانون کا نفاذ چاہتا ہے، اور ایک سچا اور اچھا انسان جمہوریت اور انصاف کی حمایت کرتا ہے، الغرض اسلامی اور جمہوری کسی اعتبار سے بشار الاسد کی حکومت کے باقی اور برقرار رہنے کا جواز نہیںہے۔
 
حیرت اور استعجاب اس پر ہے کہ اردو صحافت کے زمرہ کے بہت سے اہل قلم شام کے بارے میں جب کوئی مضمون رقم کرتے ہیں تو بالواسطہ یا بلاواسطہ شام کے حکمراں بشار الاسدکی حمایت کرتے ہیں،  خاص طور پرہندوستان میںاردو  کے وہ بڑے  اخبارات جو کئی  شہروں سے شائع  ہوتے ہیں  شام کے سلسلہ میں  گمراہ کن تبصرے  اور  مضامین  شائع  کرتے  رہے  ہیں  اور  اس  کے  ذمہ دار وہ ایران نواز  عناصر ہیں  جو اخبارات کے ادارتی  عملہ  میں شامل  ہیں ۔ جس  تضاد  کا ایران شکار  ہے  اسی  تضاد  کا  یہ  صحافی  بھی  شکار  ہیں  ۔ جب  شام کا مسئلہ  آتا  ہے  تو ایران  بشار الاسد  کے  ظالمانہ نظام کا ساتھ  دیتا ہے  اور یہی موقف  ایران کے ہم مسلک  ہندوستانی  صحافیوں  کا ہوتا ہے  ۔ اور  جب  بحرین  کا  مسئلہ آتا  ہے  تو ایران  وہاںحکمراں   کے  خلاف   موقف  اختیار کرتا ہے  اور اس اکثریت کا  ساتھ  دیتا  ہے جو ایران  کا  ہم عقیدہ  ہے ۔اور یہی  موقف  ہندوستان کے  ایران نوازصحافیوں کا بن جاتا ہے۔ بحرین   کے مسئلہ پر  انصاف  کا نقطہ نظرا ختیار کرنے کی  بے شک ضرورت ہے  لیکن  شام  کے مسئلہ سے اسے جوڑنے  کی  قطعی ضرورت  نہیں   شام میں تقریبا چالیس  ہزار عوام  کا  قتل  ہوا  ہے  بیس  ہزار  جو ابھی  تک لا پتہ ہیں  ان کی  تعداد الگ  ہے  ۔ حافظ الاسد  نے  تیس  ہزار  مسلمانوں  کا  جو قتل عام کیا تھا  اس تعداد کو بھی اگر شامل  کرلیا جائے   تو ان سب کا حاصل ضرب  تقریبا  ایک لاکھ  ان شامی  مسلمانوں  کا قتل عام ہے  جو ملک  میں  اسلامی اور جمہوری  تبدیلی لانے کیلئے بضد  رہے ہیں اور اس کے لئے  انہوں  نے  اپنی  جانوں کا نذرانہ پیش کیا  ہے  ۔بحرین میں ایک  ہزارتو کیا  ایک سو شیعی مسلمانوں کا بھی قتل نہیں  ہوا  اس لئے  شام کے  مسئلہ  سے  بحرین  کے  مسئلہ کو جوڑنا درست  نہیں ۔اصولی طور پر  یہ بات درست ہے کہ  ملک کی  اکثریت  جو چاہتی ہے اس پر عمل ہونا چاہئے  بشرطیکہ  یہ اس کی اپنی رائے  ہو  اور وہ دوسروں کے  اشاروں پر عمل نہیں کرتی  ہو  ۔لیکن بحرین کا مسئلہ بہت سادہ  نہیں  ہے  بحرین  کے اکثریتی شیعی  عوام  کی نکیل  ایران کے  ہاتھ میں ہے  ۔ عقیدہ  کے  اعتبار سے بھی  ولایت فقیہ کے  اصول کے  مطابق بحرینی عوام  ایران کی  مرجعیت  کے  پابند  ہیں یعنی  مرجعیت کے حکم کو  بجالانا   اور ان سے سرمو سرتابی  نہ کرنا  ان کے لئے مذہبی  اعتبار سے  لازم  ہے ۔ولایت فقیہ  کا عقیدہ   یہ ہے کہ تمام شیعہ  عوام کے  لئے  ایران کے  شیعہ مجتہدین  کی سمع واطاعت واجب ہے  اور ولایت فقیہ کے  منصب پر جو فائز ہے  اس کا فرض ہے کہ عالم اسلام کے حکام سے  اقتدار چھیننے اور شیعی اقتدار کا سب کو  تابعدار بنانے کی کوشش  کرے  اس کا مطلب یہ ہے کہ ایران بحرین کے شیعی  عوام کے ذریعہ  پورے  خلیجی  ممالک کو غیر مستحکم بنا سکتا ہے  اور  بحرین تمام سنی المذہب  عرب ملکوں کیلے  سازِش  کا مرکز بن سکتا ہے ۔ عالم عرب کے  بعض  شیعہ مجتہدین نے  ولایت فقیہ کے  عقیدہ کے خلاف  بغاوت بھی کی ہے  لیکن ابھی تک  دنیا کی  شیعہ  برادری  ولایت فقیہ  کے عقیدہ کو مانتی  ہے  جسے طافتور طریقہ سے  امام خمینی نے پیش  کیا تھا   بایں ہمہ عقیدہ ولایت فقیہ  اور حرمین شریفین  تک توسیعی  ارادوں کے  علی الرغم  یہ ضروری  ہے کہ بحرین کے مسئلہ  کا کوئی  حل نکالا  جائے  اور اکثریت کے  جائزمطالبات  کو  پورا کیا جائے ۔
 
 ہندوستان میں ایران  کے   ہم مشرب  اردو  صحافی جب کبھی  شام کے مسئلہ پر  خامہ فرسائی  فرمائیں گے تو ممکن  نہیں  کہ  ان کی  رگ شیعیت نہ پھڑکنے لگے   اور  وہ زہر افشانی نہ کریں  اور مسلک پرستی  اور بغض وعناد کا عنصر اس میں شامل  نہ ہوجائے ۔مالکین اخبار کو جو اردو نہیں جانتے  ان کو اس کی طرف متوجہ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ کام قارئین  انجام دے سکتے  ہیں ۔ مسلکی جانب داری  کی  انتہا یہ ہے کہ ا یک  ایرانی ہم مسلک  صحافی نے اردو اخبار میں اداریہ ’’کوفی عنان کے دورہ دمشق‘‘ کے عنوان سے تحریر کیاتھا اور اس میںیہ مشورہ دیا گیاتھا کہ کوفی عنان کو چاہئے کہ شامی حکومت کو کہے کہ وہ اپنی فوج اس وقت تک بیرک میں واپس نہ بھیجے جب تک کہ باغی ہتھیار ڈالنے پر رضامند نہ ہوجائیں، بعینہ یہی بات  ایرانی صدر  جناب  خامنئی  نے فرمائی کہ اگر شامی عوام اور باغی  ہتھار ڈال دیتے  ہیں  تو وہ  ان کے  جائز مطالبات تسلیم کرنے کے لئے بشار پر دباو ڈالیں گے  ان کے بیان کا مطلب یہ ہے کہ پہلے شامی عوام اپنی محکومیت اور غلامی پر راضی ہوجائیں  تب ان کے بعض مطالبات  کوتسلیم کیا جاسکتا ہے ۔  اردو صحافت  کے  ایران نواز عنصر کی  ایک اور تحریر دل پذیر ملاحظہ کیجئے ۔   ایک اردو اخبار کے کالم نگار نے  کچھ پہلے رمضان کے  مہینہ میں اپنے مضمون میں یہ لکھا :
 
’’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر باغی چاہتے کیا ہیں، یہی نہ کہ بشار الاسد کی حکومت کو بے دخل کیاجائے؟ بشار الاسد کو بے دخل بھی اس لئے کیاجائے کہ یہاں جمہوریت قائم کی جائے، تانا شاہیت سے ملک کو آزاد کرایاجائے، اور عوام کے منتخب نمائندوں کے ہاتھوں میں حکومت کی باگ ڈور دی جائے، جیسا کہ مصر میں ہوا، اس لئے یہاں کے باغیوں کو مصر کے ماڈل پر چلنا ہے، مصر کے جمہوریت پسندوں نے تشدد کی راہ اختیار نہیں کی بلکہ مظاہرے کئے اور بالآخر حسنی مبارک کے چالیس سالہ دور اقتدار کا خاتمہ ہوا‘‘۔
غلط بیانی اور دروغ گوئی ہر حال میں گناہ ہے، لیکن روزہ رکھ کر اور وہ بھی رمضان کے زمانہ میں کسی مسلمان صحافی سے اس کی توقع نہیں کی جاسکتی ہے، اسے کیسے بتایا جائے کہ  ’’زیر قلمت ہزار جان است‘‘یعنی ہزار جانیں تیرے قلم کے زیر سایہ ہیں،اس لئے جو لکھو انصاف کے مطابق لکھو  ۔صحافی کی معلومات تووسیع اور مستند ہوا کرتی ہیں، کیا مضمون نگار کو یہ خبر نہیں کہ ابتداء میں چھ مہینہ تک  شام میںتمام مظاہرے  بالکل پرامن تھے، مظاہرین کے پاس تو ہتھیار اس وقت آنے شروع ہوئے  ہیں جب بشار کی فوج میں بغاوت شروع ہوئی، اب حالیہ عرصہ میں باہر سے بھی ہتھیار آنے لگے ہیں، کیا ان مظاہروں اور احتجاج کرنے والوں کو اپنے جائز حق کے لئے اور فوج کے ظلم اور سفاکی کو روکنے کے لئے ہتھیار نہیں اٹھانا چاہئے تھا؟ کیا اپنا دفاع کرنا جرم ہے؟ جب پر امن مظاہروں کی گنجائش بھی باقی نہ رہے اور جب فوج خون ریزی پر تلی ہوئی ہو اس وقت اس کے سوا اور کیا چارہ کار باقی رہتا ہے، اس طرح کی گمراہ کن تحریروں کو دیکھ کر شبہ ہوتا ہے کہ ’’کوئی معشوق ہے اس پر دہ زنگاری میں‘‘ ہم کسی پر کوئی الزام تو نہیں لگاتے لیکن ہمیں اس بات کا علم ہے کہ بعض سفارت خانے ’’دست غیب‘‘ بھی بڑھاتے ہیں اور قاضی الحاجات قسم کے لفافے بھی تقسیم کرتے ہیں، اور ایک سفارت خانے نے یونیورسٹی کے اساتذہ کو اور بہت سے صحافیوں کو سیریا کا دورہ بھی کرایا تھا اور ان کو مراحم خسردانہ سے نوازا گیا تھا۔مضمون نگار نے شامی فوج کو مصر کا ماڈل اختیار کرنے کا کیوں نہیں مشورہ دیا، مصر میں فوج نے مظاہرین پر گولی چلانے کا حکم ماننے سے انکار کردیا تھا ، بغاوت کے آثار دیکھ کر حسنی مبارک کو استعفا دینا پڑا تھا، لیکن جب نیت ہی میں کھوٹ ہو تو قلم سے جو بھی نقش نکلے گا وہ بس خطوط خم دار کی نمائش بن کر رہ جائے گا۔ اور معروضیت  اور انصاف سے  اسے دور  کا واسطہ  نہیں  ہوگا۔
 
اردو کے صحافی تبصرے لکھتے وقت غلط طور پر ایران کے ساتھ شام کو بریکٹ کرتے ہیں اور پڑھنے والوں کے ذہن کو غلط سمت میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، مثال کے طور پر ایک صحافی نے اپنے مضمون کے درمیان  یہ جملہ لکھا کہ ’‘’عراق اور افغانستان کی تباہی کے بعد اب شام اور ایران کو برباد کرنے کا خفیہ منصوبہ تیار کیا جارہا ہے‘‘ اس جملہ میں ایران کے ساتھ غلط طور پر شام کا نام لیا گیا ہے، ایران کے خلاف منصوبے واقعی تیار کئے جارہے ہیں، اور ان منصوبوں کو ناکام بنانے کی کوشش کرنی چاہئے لیکن شام کا قضیہ  ایران سے مختلف ہے، شام کا قضیہ یہ ہے کہ وہاں عوام ایک سخت گیر جفاکوش استبدادی نظام سے نکلنے کے لئے کسی کے اشارہ پرنہیں بلکہ ازخود کھڑے ہوئے ہیں، یہ الگ بات ہے کہ امریکہ نے اس کی حمایت کی ہے اور اب وہ مدد بھی کر رہا ہے، اور شام کی حکومت کی مدد روس،چین اور ایران  اور  حزب  اللہ کر رہا ہے۔ وہ ایران جس نے  اسلام کے نام پر  شاہ ایران کا تختہ الٹ دیا تھا  وہ ایران  جس نے  مصر  میں  حسنی مبارک کے خلاف  اسلام پسندوں کا ساتھ دیا تھا   وہی ایران شام میں  اسلام پسندوں کا ساتھ نہیں دے  رہا ہے  کیونکہ وہ سنی  ہیں ‘    ایران  شام میں   بشار کا ساتھ دے  رہا ہے  کیونکہ  بشار شیعہ ہے  اگر چہ کہ فاسد  العقیدہ ہے  اباحیت پسند  ہے  مذہب سے اس کا کوئی تعلق نہیں ۔ ایران کے  دامن پر یہ وہ داغ  ہے  جسیُ کبھی  مٹایا نہیں  جاسکے گا  اور جسے  اہل سنت سے دشمنی  پر  ہمیشہ محمول کیا جائے گا ۔اور اس کی وجہ سے  اس کی  اسلام دوستی پر  ہمیشہ  شبہہ کیا جائے  گا ۔اور یہ بات بھی لوگوں کو یاد آنے  لگے گی  ایران کے  مذہبی  تصور کے  اعتبار سے  اصل نشانہ  خلیجی علاقہ اور  جزیرۃ العرب  ہے  اور اس میں  اتنی پیش رفت ہوچکی ہے  کہ عراق  اب ایران  کے  قبضہ میں جا چکا  جہاں آج کل  ہر ہفتہ  دس  بارہ سنیوں  کو پھانسی  دی  جارہی ہے اور وہاں کے نائب صدر نے  پھانسی سے بچنے  کیلئے ترکی میں پناہ لے رکھی  ہے ۔  لبنان میں  شیعیت کی تبلیغ  زور شور سے جاری  ہے ۔اور وہان  خسن نصر اللہ  اور حزب اللہ  کو جو شیعی  تنظیم ہے  فوجی قوت  حاصل ہے ۔ شام میں  بشار الاسد کی صورت میں  ایران کو قبضہ  حاصل  ہے  اور بحرین پر قبضہ کی  کوشش  ہورہی ہے یمن میں بھی  شیعوں  کا ایک طاقتور گروہ ہے  جنہیں  حوثی   کہتے ہیں۔بہت سے قارئین کو  یہ بات سرسری طور  محض  خیالی معلوم ہوگی  لیکن یہ اندیشہ محض  قیاس پر مبنی نہیں ہے  ۔   شیعیت  کی مستند کتابوں میں  یہ  مذکور اور  مسطور  ہے  کہ امام غائب  مستقبل  غیر معلوم میں  غار سے نکلنے  کے بعد  مکہ مکرمہ کا رخ کریں گے  اور وہان بیعت امامت لیں گے  اور منکرین ( سنی مسلمانوں )  کو قتل کرنے کے بعد  مدینہ منورہ  آئیں گے   اور حضرت ابوبکر اور  حضرت عمر کو روضہ کے اندر کی قبروں سے نکال کر سولی پر چڑھائیں گے   اور ظاہر ہے کہ یہ سب  اسی وقت ممکن ہوسکے گا جب  ایران کی شیعی حکومت  حجاز تک وسیع  ہوجائے گی  ۔
 
شام کا انقلاب  کسی ملک  کے اشارے پر  نہیں  برپا  ہورہا ہے  اس  انقلاب  کے  لئے  وہاں  کے  عوام کھڑے  ہوئے  ہیں ۔آوازیں اٹھتی ہیں اور قلم لکھتے ہیں کہ مصر ، تیونس ، لیبیا اور شام ہر جگہ ’’بہار عرب‘‘کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، بڑی طاقتوں کی ریشہ دوانیوں سے انکار نہیں لیکن آخر امریکہ کا کابوس شعور اور لاشور پر اس قدر کیوں مسلط ہے کہ لوگوں کو سمجھ میں نہیں آتا ہے کہ ان ملکوں کے مظلوموں کے پاس بھی غیرت اور حمیت ہوسکتی ہے اور وہ خود بھی ان  ظالم حکمرانوں کے خلاف کھڑے ہوسکتے ہیں جنہوں نے غیر دستوری اور غیر جمہوری  طریقہ سے اقتدار پر قبضہ کیا ہے اور ان پر ظلم کیا ہے اوران کی آزادیوں کو سلب کیا ہے اور ان کو غربت اور فقر میں گرفتار کیا ہے  اور عوام کے سرمایہ کو ذاتی ملکیت بنایا ہے  ۔ مسلم معاشرہ  کا یہ عجیب و غریب مزاج بن گیا ہے  کہ ہر  معاملہ میں  صرف   یورپ  اور  امریکا کو مورد  الزام  ٹھرالیا جاتا ہے  یہاں تک کہ کہا جاتا ہے کہ مصر وشام  تیونس   اور لیبیا  ہر جگہ  کے  انقلاب  کے پیچھے  امریکہ کا پر اسرار  ہاتھ کام کر رہا ہے  مسلمانوں کا یہ ایسا تکیہ کلام ہے  جسے  فراٹے  کے ساتھ  تما م  مسلمان  دہراتے  رہتے  ہیں  ۔
 
شام کی آج کی صورت حال کل سے مختلف ہے، شام میں صبح و شام اس قدر رست و خیز ہے اور حالات کی تبدیلی کی رفتار اتنی تیز ہے کہ ہر آنے والا دن گذرے ہوئے دن سے تقریبا مختلف ہوتا ہے،  جو بات اب طے شدہ ہے وہ یہ ہے کہ بشار کا آفتاب اقبال لب بام آچکا ہے، لیکن اب بھی یہ پیشن گوئی نہیں کی جاسکتی کہ یہ آفتاب ذلت اور نکبت کے اندھیرے میں کب ڈوب جائے گا، اور اس کے  اقتدار کا سفینہ کہاں اور کب غرق ہوگا، ہر دن جب آفتاب طلوع ہوتا ہے تو یہ خبر آتی ہے کہ فلاں اور فلاں شہر کو کھنڈر بنادیا گیا ہے اور اس کے ساتھ یہ خوش خبری بھی ملتی ہے کہ اتنے اور اتنے فوجی کمانڈر منحرف ہوگئے، اور کئی ملکوں کے سفیروں نے بشار سے اپنی وفاداری  منقطع کرلی۔ ہر روز کا اخبار بشار کی فوج کی نئی ستم رانیوں اور انقلابیوں کی آزاد فوج کی نئی پیش قدمیوں کی خبر لاتا ہے، ان سطور کی تحریر کے وقت راقم کو اہل شام کے ذرائع سے جو خبریں مل رہی ہیں وہ یہ ہے کہ حلب اور دمشق کا ایئر پورٹ بھی پورے طور پر حکومت کے قبضہ میں نہیں ہے  وہ  کبھی   انقلابیوں کے قبضہ میں چلا جاتا ہے اور  ۔کبھی حکومت  کی  وفادار قوج  کے قبضہ میں آجاتا ہے  حلب کے  فوجی ایر پورٹ  پر بھی   انقلابیوں  کے قبضہ کی  خبریں آرہی  ہیں ا ور اب بشار الاسد اپنے قریب ترین ساتھیوں اور وزیر دفاع اور وزیر داخلہ  جیسی شخصیتوں  اور  اپنے  حقیقی بھائی  ماہر الاسد  کی  ہلاکت  کے بعد شکست خوردہ نفسیات کے ساتھ  زیادہ تر ساحلی شہر لاذقیہ میں فرد کش ہیں جہاں اسلحہ سے لیس روسی جہاز کھڑے ہوئے ہیں اوروہ  صرف  خاص موقع پردمشق آتے ہیں ۔بشار کے  اپنے گھر کا  حال یہ ہے کہ ان کی  حقیقی  بہن  نے دبی  میں پناہ لے رکھی  ہے  ۔سچ پوچھئے  تو سیریا  میں  حقیقی  اقتدار اب ایران کا ہے  سیریا کی  نکیل  اسی  کے  ہاتھ میں ہے  ۔  بشار کا ساتھ دے کر ایران  اور حزب  اللہ نے  اپنی عزت اور نیک نامی  کو  داوں  پر  لگا رکھا ہے  ۔
 
اس وقت شام میں معرکہ کارزار برپا ہے، نہ ابھی پورے طور پر حکومت کی ہار ہوئی ہے اور نہ اپوزیشن کو فتح حاصل ہوئی ہے، روزانہ ڈیرھ سو  اور  دو سو آدمی  عورتوں  اور بچوں  کے  ساتھ  ہلاک  ہو  رہے  ہیں۔ یہ جنگ طویل بھی ہوسکتی ہے ،اورا بھی بہت زیادہ خون خرابہ اور قتل عام ہوسکتا ہے، بڑی طاقتیں اپنے ذرائع سے انقلابیوں کی مدد تو کر رہی ہیں لیکن انہیں ایسے ہتھیار نہیں فراہم کررہی ہیں جن سے وہ شامی فوج کے بھاری اسلحہ کا  اور فوجی  جہازوں کامقابلہ کرسکیں، غالباً بڑی طاقتوں کی مصلحت اس میں ہے کہ جنگ طویل ہو اور انقلابیوں کو فتح اس وقت حاصل ہو جب پورا شام تہس نہس ہوچکا ہو ، سارے شہر کھنڈر میں تبدیل ہوچکے ہوں تاکہ یہ انقلابی جن میں بہت بڑی تعداد اخوانیوں کی اور دینی جماعتوں کی ہے اقتدار میں جب آئیں تو ان کو ملک کی تعمیر نو میں کئی سال لگ جائیں اور وہ امریکہ اور اسرائیل کے مفادات پر ضرب لگانے کی پوزیشن میں نہ ہوں، یہ دیر اس لئے ہورہی ہے کہ امریکہ کو ابھی تک ایسا متبادل نہیں مل سکا ہے جس کے ہاتھ میں اقتدار وہ منتقل کر کے اپنے اور اسرائیل کے مفادات کی حفاظت کرسکے۔ یہ بات طے شدہ ہے کہ شام میں اگر منصفانہ انتخابات ہوئے تو اخوان برسراقتدار آئیں گے اور مصر سے  زیادہ  طاقت کے  ساتھ برسر اقتدار آئیں گے ، اور اسرائیل کے وزیر خارجہ کا یہ بیان آچکا ہے کہ مشرق وسطی میں اخوانیوں کر برسراقتدار آنا اسرائیل کے مفاد میں نہیں ہے۔اسرائیل  کی  ہمدردی  بشار الاسد کے  ساتھ  ہے  جس  نے  اسرائیل  سے کبھی  جولان  کی پہاڑیوں کو واپس لینے کی کوشش نہیں کی  اور کبھی  اس کی  ہمت ہی نہیں  کی ۔ان  پہاڑیوں کو واپس لینے کی کوشش  کے  بجائے  وہ ہمیشہ اپنے ہی  عوام  کو کچلتارہا اور روس  اور ایران سے  حاصل  کئے  ہوئے اسلحہ سے  اپنے ہی عوام کواب  نشانہ بنا تا رہا۔ دبابوں  اور توپوں  اور فوجی طیاروں   سے  اس نے  چار ملین  مکانات کو منہدم کردیا  اور چالیس  ہزار  انسانوں  کو موت کے  آغوش  میں سلادیا ۔  اور یہ سب کچھ صرف اپنے  اقتدار کے خاطر  اور صرف اپنی  کرسی  کے لئے  ۔
 
شام کی جدوجہد اور حکومت کے خلاف کشمکش درحقیقت  شامی  عوام کے دل بیتاب اور چشم پر آب کا کرشمہ ہے، یہ سرفروشی کی تمنا ہے جس نے بشار الاسد کی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، یہ بادہ حریت کا نشہ ہے جس سے سرشار ہو کر رندان قدح خوار بے کردار ساقی کو بے دخل کرنے اور میکدہ کا نظام بدلنے پر تلے ہوئے ہیں، موج خون ان کے سروں پر سے گذر رہی ہے لیکن صبر و استقلال کا دامن ہاتھ سے چھوڑنے کے وہ روادار نہیں ہیں۔ وہ چالیس سالہ نظام استبداد کا  اور ظالمانہ  حکومت  کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں، اس  دور  کی  جمہوری قدروں کے اعتبار سے بھی ان کا اس کا پورا حق ہے، اور اسلامی قدروں کے اعتبار سے بھی اس کا پورا جواز موجود ہے۔ اس کے باوجود اردو صحافت کے میدان کے اہل قلم کی چشم غلط بیں حافظ الاسد اور بشار الاسد کی قہرمانیوں کی طرف سے صرف نظر کرلیتی ہے اور  جائز  اور درست انقلاب کی کوششوں کو  بغاوت جارحیت  اور دہشت گردی قرار دیتی  ہے اور خواہ مخواہ شام کے معاملہ کو ایران کے ساتھ بریکیٹ کرتی ہے اور اسرائلی حملہ کا خوف دلاتی  ہے حالانکہ حافظ الاسد  اور بشار  الاسد دونوں  میں  سے کسی  نے گولان  کی پہاڑیوں کی  بازیابی  کے لئے آج  تک کبھی کوئی  معمولی قدم بھی  نہیں  اٹھایا  اور اس  کے لئے ایک  گولی  بھی کبھی نہیں  چلائی ۔ ایک بار  پرجوش اخوانی  نوجوان جب  گولان  کی پہاڑیوں  کی طرف  بڑھے تھے تو ان سب کو فورا گرفتار کرلیا  گیا  اور پس دیوار زنداں ڈال دیا گیا ۔۔  اور  اس  وقت  گولان کی پہاڑیوں  کے قریب  قنیطرہ  اور  اس  کے گرد  ونواح پر  انقلابیوں  کا قبضہ ہے  اور شاید یہیں سے  دمشق کی جانب  فاتحانہ  کوچ شروع ہوگا  حکومت نے  دمشق  جانے والے  تمام راستوں  کو مکمل طور پر مسدود  کردیا ہے  اور صرف  ایک دو راستے  کھلے رکھے  ہیں  جو زبردست اسلحے  کے ساتھ فوج کی نگرانی  میں  ہیں  ۔ گویا  کوچہ قاتل   کے سوا  تمام راستے بند  کردئے گئے  ہیں ۔ اور دمشق کے  اطراف  پر زردست کارپٹ  بمباری  کی جارہی  ہے  خواتین بچے بوڑ ھے      عمارتوں  کے  ملبے  کے نیچے  دب  کر  مررہے  ہیں ۔دشمن اسرائیل  پر بشار کا کوئی زور نہ چل سکا ایک فائر بھی  اس پر نہ کرسکا  البتہ   اپنی کرسی کی خاطر نہتے لوگوں کو  اوراپنے عوام کو وہ  تباہ اور برباد کرنے پر تلا ہوا ہے  ۔   بقول فارسی  شاعر 
نشود  نصیب دشمن  کہ شود  ہلاک  تیغت
سر دوستاں  سلامت  کہ  تو خنجر آزمائی
 ایسی  کمزور بزدل اور بے دین  شامی  حکومت  سے  اسرائیل کے  خلاف  لڑنے  اور بیت المقدس  کی  بازیابی کی کیا  امید  کی  جاسکتی  ہے ۔  اسرائیل  کا مقابلہ  اسلام پسندوں  کی حکومت ہی کرسکتی ہے ۔ترکی  میں جب  اسلام پسند  برسر اقتدار  آئے تو انہوں نے اسرائیل کی  خلاف اسٹینڈ لیا ۔یہ  کام اسلام پسند ہی کرسکتے  ہیں  چاہے  وہ  ایران میں برسر اقتدار  ہوں یا شام  میں  یا  مصر  میں  کیونکہ بیت  المقدس  کی  بازیابی  کی    ان  ہی  کو زیادہ فکر ہوسکتی  ہے  سیکولر  اور بے دین  استبداردی  نظام کا تجربہ  ناکام  ہو چکا ہے ۔بشار الاسد کی سات پشت بھی  بیت المقدس  کی بازیابی  کے بارے میں سوچ  نہیں سکتی  ہے ۔حقیقت یہ ہے کہ شام کے انقلابی  شام کی صحیح دینی  اسلامی شناخت  کی بحالی کی  جدوجہد کرہے  ہیں  وہ شناخت  جسے وہانںکی برسراقتدار  بعث بارٹی  نے ختم  کردیا تھا  اور  ملک کو بے راہ روی  کی راہ پر ڈال دیا تھا  اس کے لئے  شامیوں نے جو  قربانیاں دی  ہیں  تاریخ  انہیں  یاد  رکھے گی  اور  انہیں یہ  کہنے کا  حق  حاصل  ہے 
عمریست  کہ افسانہ منصور  کہن شد 
من از سر نو جلوہ دہم   دار  ورسن  را
ایران نے پہلے مصر میں انقلاب کا ساتھ دیا، اور اسے اسلامی انقلاب قرار دیا اس  نے  تیونس  اور لیبیا  میں  بھی  انقلاب  کی  حمایت  کی تھی  اب اس کی حق پرستی کو کیا ہوگیا ہے کہ اپنی مصلحتوں کی وجہ سے اور دوستی اور دوست داری کا خیال کر کے اور مسلکی  تعصب  کی  بناء پر بشار الاسد کے ظالمانہ نظام کا اس نے ساتھ دیا ہے۔ حقیقت  یہ کہ ایران بری طرح تضاد کا  شکار  ہو گیا  ہے  ایران اور حزب اللہ دونوں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی اور اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا،جب سے  حزب  اللہ کے  فوجی  شام میں  انقلابیوں  کے  اسیر بنے  ہیں   حسن نصر اللہ  کی زبان بند ہوگئی  ہے   اور لبنان میں  وسام حسن  کے قتل کے بعد  ان کی مقبولیت   خاک  میں  مل گئی  ہے ۔حزب اللہ کی فوج  حمص میں شامیوں  کے قتل عام میں شریک رہی  ہے اس لئے  بشار  کی  اس سفاکانہ ظالمانہ پالیسی  کی وجہ سے فلسطینیوں نے  بشار اور ایران کا ساتھ چھوڑ دیا ہے  جس  کی وجہ سے  شام میں فلسطینوں کو  خاص طور پر ظلم کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ حماس  کے  تمام دفاتر کو  بند کرکے  ان پر مہر لگادی گئی  ہے ۔ اب فلسطینیوں کے لیڈر  اسماعیل  ہنیئہ  اور  خالد  مشعل  ہیں   حسن نصر  اللہ  نہیں ۔اور ابھی  غزہ  میں اسرائیل کی جارحیت  کا  جو  تازہ واقعہ پیش آیا ہے    جس میں فلسطینیوں  کا جانی  نقصان  ہوا  ہے  اور  جوابی کاروائی  کے  طور پر  غزہ سے  اسرائیل  کی جانب   میزائیل پھینکے  گئے  ہیں   اس  پوری  کاروائی میں بھی حسن  نصر  اللہ اور حزب  اللہ کا کوئی  رول  نہیں ہے انہوں نے لبنان سے  ایک میزائیل  بھی  نہیں پھیکا   ۔
 
     شاید ہمارے قارئین کے لئے یہ بہت بڑا انکشاف ہوگا کہ ایران کا  بشار الاسد کی حمایت  کا موقف تمام اہل ایران کا موقف نہیں ہے، راقم نے عرب چینل پر ایران کے کئی شیعہ علما کے بیانات سنے ہیں ان کا کہنا ہے کہ بشار کی حمایت کا ایران کا یہ موقف صرف احمدی نجاد اور ان کے ہم نوا لوگوں کا موقف ہے، ایران میں بہت بڑی تعداد میں ایسے علماء ہیں جو مرجعیت کا  مرتبہ رکھتے ہیں جو بشار کے مخالف اور شامی عوام کے طرف دار ہیں۔لیکن ان کا موقف دنیا والوں کے سامنے نہیں آسکا اور ان کی آواز مسموع نہیں ہوسکی۔ اور یہ بات اس لئے درست ہے کہ واقعہ کربلا کا سبق یہ ہے کہ ہمیشہ مظلوم کا اور حق کا ساتھ دیاجائے نہ کہ ظالم کا اور ناحق کا۔ اور حق یہ کہ حق اہل شام کے ساتھ ہے جو مظلوم ہیں اور وہی حمایت کے مستحق ہیں مصر کے صدر محمد مرسی نے بھی  اس سے  ملتے  جلتے حیالات کا اظہار حال میں قاہرہ میں کیا  ہے ۔اس لئے شیعہ علماء کا موقف جو سامنے نہ آسکا وہی درست اور اصولی موقف ہے، احمدی نجاد کا موقف جو سب کے سامنے ہے جو بشار الاسد کی حمایت اور مدد کا موقف ہے یہ وہ سیاست ہے جو سراسر غیر اسلامی ہے، غیر دینی ہے، یہ امام حسین کی پیروی کی بجائے اس یزید کی پیروی ہے جو ظالم تھا ، خون آشام تھا، جفا پیشہ تھا اور جس کی بدکرداری پر پوری امت متفق ہے، احمدی نجاد نے ناداستہ طور پراور غیر شعوری طور پر سہی صحیح اور اصولی شیعی موقف سے انحراف کا راستہ اختیار کیا ہے، یہ سیاست کی دنیا ہے جو ’’سودوسودامکروفن‘‘سے عبارت ہے، احمدی نجاد کے موقف کو شیعی موقف نہیں سمجھنا چاہئے۔احمدی  نجاد کو  اور وہاں  کے  روحانی  رہنما  خانمائی  صاحب  کو اپنے  موقف کی کمزوری کا احساس  ہے  اسی لئے  مکہ معظمہ کی  حالیہ  اسلامی کانفرنس میں  احمدی  نجاد ایران کے مسئلہ پر  خاموش  رہے  اور  اب  تہران  میں  ناوابستہ ممالک  کی  چوٹی  کانفرنس میں  بھی  مصر کے  صدر محمد مرسی نے شام کی حکومت کا  ظالم  اور  خونخوار قرار دیا  لیکن  ایران کے لبوں  پر وہاں بھی  شام کے سلسلہ میں معنی  خیز مہر سکوت ہی رہی  ۔لیکن اب حال میں  ایران کے  صدر کا بیان آیا ہے  کہ شام کے  باغیوں کو چاہئے کہ  ہتھیار ڈال دیں  اس کے بعد ہی  ایران  شام پر دباو ڈالے گا کہ شام کے  جائز مطالبوں کو قبول کرلیا جائے  ۔ ایران کا یہ بیان  اس بات کا عکاس  ہے  کہ  شامی  صدر بشار  الاسد  کو اپنے  موقف پر جمانے  اور بیچھے نہ ہٹنے  دینے  میں  ایران کا ہاتھ ضرور ہے ۔اور  شامی  فوج  کی پوری پوری مدد  بھی  ایران کی  طرف سے  ہور ہی  ہے ۔  ایرانی فوی اور پاسداران انقلاب کے لوگ  بشار الاسد  کی پوری پوری مدد  کررہے  ہیں۔   شام  کے سلسلہ میں  کانفرنس  میں  بعض نمائندوں  نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ امریکہ  اور شام دونوں مل کر اس  مسئلہ کو حل کریں یہ تجویز کانفرنس کے اختتامی  اعلان  کا بھی  جزء  بن گئی  ہے  ۔  مصر کے صدر محمد  مرسی  کا  موقف یہ تھا کہ  سعودی عرب  مصر اور ترکی  اور ایران مل کر  شام کے مسئلہ کا حل  تلاش  کریں ۔لیکن اب یہ باتیں پرانی ہوگئی ہیں  اس وقت شامی متحدہ محاذ کی تشکیل  سب سے  اہم بات ہے  اور انقلاب  کی پیش رفت  کا نمایاں  موڑ  ہے   اگرچہ انقلابیوں کے ایک چھوٹے  سے گروپ  نے  اسے قبول  نہیں کیا ہے  اور اسے  اسلامی شریعت کے نفاذ  پر ابھی  سے  اصرار ہے  حالانکہ  سب سے   اہم  مرحلہ  بشار کی  حکومت کو برطرف کرنے کا ہے  اور اس کے بعد  انتخابات میں کامیابی  کے ذریعہ   شریعت  کے  نفاذ  کی کوشش  کر نی چاہئے  اور ابھی  سے تفرقہ اندازی  سے گریز کرنا چاہئے  شریعت کے نفاذ میں تدریج  اور صحیح  حکمت عملی  اختیار کرنا بے حد ضروری ہے۔
 
    تہران میں ناوابستہ ممالک کی چوٹی   کانفرنس  منعقد  ہوئی تھی    اس   کے سلسلہ کی  بے  حد دلچسپ اور  عجیب وغریب خبر  یہ  تھی  کہ افتتاحی  جلسہ  میں  جب  صدر محمد مرسی  اپنی تقریر میں  یہ کہ  رہے تھے  کہ فلسطینی  عوام  اور سیریا کے عوام  اپنے جائز حقوق کے  لئے  جدو جہد  کررہے ہیں  تو اس اہم ترین چوٹی  کانفرنس کے  ایرانی فارسی  مترجم برجستہ  یہ ترجمہ  کررہے  تھے  کہ ’’ فلسطینی عوام  اور بحرین  کے  عوام اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کررہے  ہیں ؛  الجزیرہ ٹی  وی  نے  یہ الزام  لگایا  ہے کہ  ایرانی مترجمین  نے  جان بوجھ کر یہ غلط  ترجمے  نشر  کئے  ہیں  کیونکہ  لفظ سیریا کا  ترجمہ  بحرین  ہو ہی  نہیں  سکتا  ہے ۔ ترجمہ  میں خیانت  کی  دوسری  مثال  یہ  ہے   محمد  مرسی نے  اپنی تقریر کی ابتداء    میں  جب   حمد  وثناء  کے  الفاظ  کہے  اور نبی  ﷺ کے  آل  اور  اصحاب  کی  ثناء  کی  تو  ایرانی  مترجمیں نے  حمد  وثناء  کا  ترجمہ کیا لیکن  اصحاب کے لفظ کا  ترجمہ  نہیں کیا ۔ اردو  اخبارات میں  یہ  خبریں  نہیں  آئیں  کیوتکہ وہ  پی ٹی آئی  اور  یو ان آئی پر مکمل  طور پر  انحصار کرتے  ہیں  یہ  دلچسپ  خبریں الجزیرہ اور  العربیۃ  سے مسلسل  نشر  ہوتی  رہی  ہیں  ۔  الجزیرہ  نے محمد مرسی  کی  عربی  تقریر  بھی  سنائی  اور  اس کا فارسی  ترجمہ جوکانفرنس  ہال  میں اور باہر ٹی  وی  سے  نشر کیا گیا  وہ بھی  سنایا  ۔ محمد  مرسی  شاید بزبان  حال  یہ  کہ  رہے  ہوں ۔
            بھیجا تھا کہنے حال دل  ٰپنا   بچشم  تر  انہیں    
                    قاصد سے  ان  کے رو برو  بات بدل بدل گئی
   خلاصہ یہ کہ یہ ناوابستہ چوٹی کانفرنس   اور اقوام متدہ  کی  جنرل اسمبلی   اور دوسری کوششیں بھی شام کے مسئلہ کا  حل اور درد کا درماں تلاش کرنے میں ناکام رہی ہیں   ۔ جمہوریت شام کاواحد حل  ہے۔ اب  دوحہ میں المجلس الوطنی  کی  تشکیل بھی  عمل میں آگئی ہے  جس میں  شام کی اپوزیشن کی تمام جماعتیں  شامل ہیں  یہ گویاشام کی  عبوری  حکومت ہے  ۔ شام میں منصفانہ انتخاب  یعنی الکشن  ہونا چاہئے  اس الکشن میں وہاں کی برسر اقتدار بعث پارٹی بھی  شریک ہوسکتی  ہے بہت سی پارٹیاں  نظریاتی بنیادوں پر  الکشن میں  حصہ لے سکتی  ہیں  جیسے ہندوستان  میں  ہوتا ہے   لیکن یہ الکشن  بشار اسد کے  ہٹنے کے بعد  ہونا چاہئے  ورنہ یہ  انتخابات  منصفانہ  نہیں  ہوں گے   ۔ بظاہر لگتا ہے کہ  اب  الجیش الحر یعنی انقلابیوں کی  فوج   اور بشار کی فوج  ہی  مسئلہ کو حل کرے گی  ۔کوئی ایک  فاتح  ہوگا  اور دوسرا  مفتوح ۔ایک کے پاس  سرفروشی  کی  تمنا ہے  دوسرے  کے پاس  سر کوبی  کا ارادہ  ہے ۔ایک کے پاس آزادی کا عزم بے پایاں  ہے  دوسرے کے پاس  اقتدار  کا شوق فراواں ہے ۔  کوفی  عنان اور اخضر ابراہیمی کی  کوشش  کے بشمول  تمام کوششیں  ناکام ہو چکی  ہیں اور  اب انقلابیوں اور جیش  الحر  کی فوج  سرکاری فوج  کے  ہیلی کوپٹر  اور  مگ  فوجی  ہوائی  جہاز بھی  گرادینے کی پوزیشن میں آگئی  ہے  عرب ملکوں کے ٹی وی   فضا میں  طیاروں کو  شعلہ پوش  ہوتے  ہوئے  اور پائیلٹ  کو پیرا شوٹ  کے  ذریعہ  اترتے  ہوئے  دکھا  رہے  ہیں  یہ پائلٹ  زمین پر اتر  کر  موت  کی  منہ  میں  چلے جاتے  ہیں ۔ اگرچہ یہ  واقعات کم پیش  آئے  ہیں ۔ الجیش  الحر نے  بعض  فوجی  ایر پورٹ پر بھی  قبضہ کیا  ہے د۔مشق کے فوجی ایر پورٹ پر جنگ جاری ہے ۔    بہت سے حکومت کے فوجی  جہاز  اور  ہیلی کوپٹر  مال  غنیمت  میں  ہاتھ آئے  ہیں ۔انقلابی اور الجیش الحر  کے لوگ حکومت کی فوج  کے لوگوں کو گرفتار بھی کررہے ہیں لیکن اب بھی  بعض  علاقوں میں  انقلابیوں کوبھاری  ہتھیاروں کے  سامنے پسپائی  اختیار  کرنی پڑتی  ہے  اور پھر حکومت کی  فوج  گھروں میں گھس کر  مردوں  عورتوں  اور بچوں کو گولیوں کا نشانہ بناتی ہے   ابھی  حال  میں چند گھروں سے  دو سو سے زیادہ  افراد  کی لاشیں ملی  ہیں  حکومت سے منحرف  فوجی  جو انقلابیوں کی فوج  میں شامل  ہیں  بتدریج  کامیابی  کی  منزل کی طرف بڑھ رہے ہیں  ۔بہ منحرف فوجی افسر  نوجوانوں کی  فوجی  تربیت  کرتے  ہیں  اور  انہیں  دفاع  کے لائق  بناتے  ہیں ملک  کے ۸۰ فی صد عي علاقوں  پر انقلابیوں کا  قبضہ  ہے  خود  شہر  حلب  کا بہت بڑا حصہ  انقلابیوں  کے قبضہ میں  ہے  لیکن  یہ  قبضہ  زمینی  ہے۔  آسمان  سے  حکومتی  فوج  کے  طیارے  بمباری  کرتے   ہیں   اوربے شمار  مکانوں  اور  ہسپتالوں  کو  مسجدوں  اور  کلیساوںکو  ملبہ  کے  ڈھیر سے  تبدیل  کردیتے  ہں  ۔اس  کی  مثال کم  ملے گی  کہ  کسی  حکومت  نے   بیرونی  دشمن کو  نہیں  بلکہ اپنے  ہی عوام کو اتنے بڑے پیمانہ پر  ہلاک کیا  ہو اور اپنے  ہی شہروں کو مسمار  کردیا ہو ملبہ میں دبے ہوئے لوگوں کی  آہ وفغاں  سن کر  ہر شخص کا دل  دہل  جاتا ہے ۔ نئی  ٹکنولوجی کے زمانہ  میں  اب  یہ سارے  منظر  ٹی  وی چینل پر  نظر  آتے  ہیں ہزاروں  شہری  جیلوں  میں  بند  ہیں   کئی  لاکھ شامی پناہ گزین ہیں  ۔ہندوستان کے  اخبارات میں یہ  خبریں بہت کم آرہی  ہیں ۔  ایران کی  فوجی  مدد  خاموشی  سے  عراق  کے راستہ سے  اب  بھی  جاری  ہے  حزب  اللہ کی بھی  پوری  مدد  بشار الاسد کو مل رہی  ہے  حزب  اللہ  کے  فوجی  ایرانی فوجیوں  کی  طرح شام میں اسلحہ کے ساتھ داخل ہوکر  بشار کی  مدد کررہے ہیں ۔  کیونکہ  شام  میں  حکومت  کی  فوج  کے پاس  اسلجہ  کی کمی  ہوتی  جارہی  ہیں  دیرالزور کے  فوجی  ہوائی  اڈے پر انقلابیوں کے قبضہ کی  وجہ  سے  بہت  سے  ہوائی  جہاز اور ہیلی کوپٹر   انقلابیوں کے قبضہ  میں آگئے  ہیں  ادلب  کا فوجی  ہوائ اٰڈہ   بھی   انقلابیوں  کے  قبضہ  میں آگیا  ہے  وہ وقت بظاہر دور نہیں  جب ظلم وستم  کے  کوہ گراں  روئی کی  طرح  اڑجائیں گے  جب تخت  گرائے جائیں گے  جب تاج اچھالے جائیں گے جو آج تک  محکوم  اور مظلوم رہے  ہیں  وہ مسند پر بٹھائے جائیں گے  ۔ مفتی شام   فضیلت مآب  شیخ  حسون  جو بشار الاسد کاسا تھ دیتے   رہے  ہیں  غالبا اپنے عہدہ سے برطرف کئے جائیں گے ۔ علم کثیر کے ساتھ  غلامانہ ضمیر رکھنے  والے  شیخ سعید رمضان بوطی  جو جمعہ کے خطبوں میں بھی  حاکم شام کی قصیدہ خوانی  سے باز  نہیں  آئے  اپنا احترام کھو کر رہیں گے  اور لوگ ان کو طنز کا نشانہ بنائیں گے  ۔ اللہ تعالی  ہم سب کو نقصان مایہ کے  ساتھ شماتت  ہمسایہ کے  عذاب  سے  محفوظ رکھے ۔
 
      شامیوں نے  اپنی  آزادی  کے  لئے  جو قربانی  دی  ہے وہ بے مثال  ہے  ۔ بہت عرصہ سے  شہروں  سے  غذا اور  دوا  دونوں  تقریبا  مفقود  ہیں ۔ عوام کی اکثریت  نان شبینہ کی محتاج  بن گئی ہے ۔  اپنے  اپنے خاندان کو  فاقہ سے بچانے کے لئے  اور صرف  روٹی  کے لئے  دکانوں پر لنبی لنبی  لائنیں  نظر  آتی  ہیں  ضرورت کی چیزیں  بازار سے  عنقا  ہو گئی  ہیں  ۔ بعض  وہ نوجوان جوڑے  ہلاک  ہوئے  ہیں  جن کی شادی  خانہ آبادی  پر بہت کم دن گذرے  تھے  اور فارسی  کا  یہ قدیم شعر  ان  کے  حسب  حال  تھا  
  چناں قحط افتد  بہ  شہرے  دمشق  
کہ  یاراں فراموش  کردند عشق
حقائق جب طشت ازبام ہوجاتے ہیں جب  ظلم بے نقاب ہوجاتا ہے اور صداقت سامنے آجاتی ہے تو قلب سلیم اور فکر مستقیم رکھنے والے اپنے غلط موقف سے رجوع کرلیتے ہیں اور حق کا ساتھ دیتے ہیں، لیکن جن کے دل میں زیغ ہوتا ہے وہ زاغ وزغن کی طرح مسلسل اپنی آوازیں نکالتے رہتے ہیں اور ظالم  کو ظالم  کہتے  ہوئے  ہچکچاتے ہیں اور پھر  دوسرے ملکوں کی بحث چھیڑنا شروع کردیتے ہیں۔حالانکہ یہ طریقہ خلط مبحث ہے، صحیح طریقہ یہ ہے کہ پہلے اس ملک کے بارے میں جس پر گفتگو ہورہی ہے دلائل کی روشنی میںصحیح موقف کا اعلان کیاجائے اس کے بعد دوسرے ملکوں کے بارے میں بحث اٹھائی جائے۔یہی حال  اردو کے بعض صحافیوں  اور اہل قلم کا ہے جو شامیوں  کی تحریک انقلاب  کو ہضم  نہیں کرپاتے  ہیں اور فورا  بحرین کا ذکر لے آتے  ہیں ۔شام کی موجودہ  مطلق  العنان  استبدادی  حکومت  کے  خلاف  کھڑ ا  ہونا اگر  غلط  ہے  تو وہ تمام تحریکیں غلط قرار پائیں گی  جو تاریخ  میں باطل  نظام کے  خلاف  کھڑی  ہوئی تھیں  یہاں تک کہ شاہ ایران کے  مجرمانہ نظام کے خلاف اٹھنے والی امام خمینی  کی تحریک بھی  غلط  ہوگی  ۔ شاہ ایران نے  اپنے  خلاف  اٹھنے  والی  آزادی  کی تحریک کو   دہشت گردی  قرار دیا تھا۔  یہ  ستم  ظریفی  ہے کہ امام  خمینی  کے ماننے والے کچھ معتقدین  شاہ ایران  کی  طرح  ظالم  اور مستبد  بشار الاسد کے ظالمانہ نظام  اور فاسد حکومت کے خلاف  اٹھنے والی آزادی کی تحریک کو دہشت گردی  اور تحریک چلانے والوں کو گردن زدنی  قرار دے  رہے  ہیں  ۔ یہ  بات بالکل  طے شدہ ہے  کہ اگر شام میں جمہوریت آئی اور منصفانہ انتخابات  ہوئے  تو مصر سے کہیں زیادہ  طاقت کے  ساتھ اخوانی برسر اقتدار آئیں گے کیونکہ بحیثت مجموعی انقلاب  کی تحریک  کی قیادت  ان کے  ہاتھ میں رہی ہے ۔شام کی تاریخ میں اخوانیوں کا رول بہت  اہم رہا ہے ۔ ۱۹۴۵ سے   پہلے سے ان کی سرگرمیان  شروع ہوچکی تھیں ۔انہوں نے نوجوانوں کی اسلامی تربیت کی ۔انہوں نے مختلف شہروں کی  دینی تنظیموں  اور جماعتوں کو جو  انصار  المسلمیں اور  شبان  المسلمین  اور دار ارقم  وغیرہ  کے  نام  سے کام کرہی تھیں ملا کران کو  اخوان کی تنظیم  میں داخل کردیا ۔ اس  دور  کے  نمایاں اخوانی رہنمائوں میں عدان سعد الدین  شیخ  محمد  الحامد’ شیخ ابو السعود عبد  السلام  شیخ محمد مبارک   شیخ محمود  اور شیخ  حسن  ہضیبی اور  بالخصوص  مصطفی  سباعی  کا نام آتا  ہے  جنہوں  نے  ازہر  میں  تعلیم  حاصل  کی  شیخ حسن البناء سے  ملے  جنہوں  نے  اخوان المسلموں  کی تاسیس  کی تھی  مصطفی سباعی  نے   ان کی  ہاتھ پر بیعت   کی تھی  اور پھر  خود  دین کے لئے وقف  کردیا تھا  اور وہ زبردست  خطیب  عالم اور مصنف  بھی تھے  اور شام میں  اخوانیوں کے  مراقب عام۔  شام کے  اخوانیوں کے سیاسی  جدوجہد نمایاں جدوجہد نمایاں  طور پر یہ رہی  ہے کہ  انہوں  فرانسیسی انتداب  کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی تھی  اسی لئے بطور انتقام فرانسیسی  انتداب کے زمانہ میں اس کی بطور  خاص  کوشش  ہوئی کہ لشکر کی  تشکیل  میں  زیادہ سے زیادہ  اقلیتوں   یعنی  علویوں  کو حصہ دار بنایا جائے  چنانچہ  علویوں پر مشتمل فوج تیار  ہوئی جس کی وفاداریانں فرانسیسی  استعمار  کے  ساتھ تھیں  بعد  میں  جب  بعث  بارٹی  برسر اقتدار  آئی  تو  حافظ الاسد   نے  جو خود  علوی  تھے  رہی سہی کسر پوری کردی  اس نے  فوج  اور  انتظامیہ  میں  علویوں کو بھر دیااور سخت ڈکٹیٹر شپ کا نظام قائم کیا اخوان کی  تحریک میں  شامل  ہونے اور ممبر  ہونے  کی  سزا  پھانسی  کی سزا تھی  آج اسی استبدادی  نظام کے  خلاف  شام میں  جدو جہد  ہورہی  ہے  ۔ اخوان کی  اسلامی  قیادت سے کسی کو خوف زدہ  ہونے  کی  ضرورت  نہیں  مصر کی  حالیہ  اسلامی  قیادت  نے ثابت  کردیا  ہے کہ  ان کا  نظام اور  انتظام  حسنی مبارک  یا  بشار الاسد  یا  قذا فی  سے کہیں زیادہ  جمہوری  ہے  اور  ان  میں  دوسروں سے  زیادہ  رواداری پائی  جاتی  ہے۔محمد  مرسی  نے ایک  قبطی عیسائی کو  نائب  صدر  بنایا ہے  ترکی  میں  اسلام پسند جب سے برسر اقتدار  آئے ہیں  وہان کا نظام  پہلے  کے  مقابلہ میں  زیادہ  جمہوری  اور منصفانہ  ثابت  ہوا ہے یہ  بات  ان لوگوں کے لئے قابل غور  ہے  جو  اسلام پسندوں  کے  خلاف  رات دن  پروپگنڈہ  میں  مصروف  رہتے  ہیں  ۔ انہیں کد  اور کدورت اور  حسد  اسلام  سے ہے۔
 
     عالم اسلام کی  تمام  دینی  تنظیمیں   خاص  طور پر  اخوان  المسلموں کی  بڑی  تنظیم  اور اس  کی شاخیںشام کے  برسر انصاف  اور برسر  حق  عوام  کی  جائز  جدو جہد  کا پورا پورا ساتھ دے  رہی  ہیں  ۔  لیکن  ہندوستان کی  دینی اور مذہبی قیادت  کا معاملہ  عجیب و غریب ہے  انہیں  برما کے  مسلمانوں  کی  تو فکر ہے  ( اور یہ فکر بجا طور پر لائق  تعریف  ہے  ) لیکن  شام کے  مسلمانوں  کیلئے  زبانی ہمدردی  بھی  ان سے  نہ  ہوسکی  ان  کا  کوئی بیان  اخبارات  میں نہیں آیا  نہ ارشد مدنی  نہ محمود مدنی  نہ  جمیعۃ  علماء  نہ  جماعت  اسلا می  نہ مسلم مجلس  نہ ملی کونسل  نہ  اہل  حدیث  کے  رہتما   نہ اور کسی  لیڈر   نے کوئی  بیان دیا  ۔حیرتناک  رویہ  اس اسلامی مکتب فکر کا ہے  جو خود کو اخوان  سے سب سے  زیادہ فکری طور  ہم آہنگ  سمجھتا ہے 
 
 لیکن  شام  کی  جد وجہد اور  انقلاب  کے سلسلہ میں اخوان المسلمون کی  تمام شاخیں  شامی عوام  کے ساتھ ہیں   لیکن ہندوستان میں  اس مکتب فکر  کے  رہنماؤں  کے لبوں پر   بھی  خاموشی  کے سوا کچھ  نہیں ۔ نہ  بشار کی  مذمت  اور  نہ  ایران کی مذمت اور نہ شامی عوام  کی  کھل کر حمایت ۔  کسی نے کوئی تجویز پاس  کی  تو یہ کہ ’’  باہر سے کوئی مداخلت نہیں  ہونی  چاہئے‘‘ ۔ یہ کسی  نے  نہیں  کہا کہ  بشار کو اقتدار سے دست بردار ہو جانا چاہئے  یہ بات تجویز  میں  کہیں نہیں آئی کہ  ایران  کا  بشار کی حمایت کا موقف  غلط  ہے   ۔ ظفر الاسلام  خاں کی  مجلس  مشاورت  نے شام کے سلسلہ میں 
تجویز  پاس  کی  ہے  جس  کا  خلاصہ یہ ہے  شام کی  حکومت  کو چاہئے کہ اپنے  یہاں  جمہوریت  قائم  کرے  تاکہ  حکومت میں سب  کی  نمائندگی  ہو  ۔ سوال یہ  ہے  کہ  انتخابات  کون  کرائے گا  جس سے  جمہوری  انداز میں سب  کی  نمائندگی  ہو گی ۔ انتخابات   تو مصر میں  حسننی مبارک اور ان سے پہلے جکمرانوں   کے زمانہ میں بھی  ہوتے  تھے   یہ سب جانتے ہیں  کہ یہ انتخابات  کس  طرح کے  ہوتے  تھے  جس  میں  حکمراں ۹۵ فی صد سے زیادہ   ووٹوں سے  جیت  کر  آتے تھے۔  شام میں  حقیقی جمہوریت  اسی وقت آئے گی  جب  وہاں  انتخابات  کی نگرانی   بشار الاسد  نہیں  بلکہ کوئی  اورغیر جانب دار گروہ کرے گا  ۔ آخر یہ بات مسلم مجلس مشاورت کی تجویز میں کیوں  نہیں آئی ؟ شام  کی انقلاب پسند  جماعتیںاب  ایسی کسی  تجویز  کو قبول نہیں کرسکتی  ہیں  جس  میں  انتخابات  کی  باگ ڈور  بشار الاسد  کے  ہاتھ  میں  ہو    شام  کی  اپوزیشن   اس  بشار  خونخوار سیُ  بات  بھی  نہیں  کرسکتی  ہے  جس  نے  تقریبا چالیس  ہزار   لوگوں  کو  خاک  وخون  میں  ملادیا  ہو  ۔   ۔شام کے مسلمانوں کے سلسلہ میں  اردو کیُ بڑے  اخبارات  کا رویہ  تو غیر منصفانہ ہے  ہی  ہندوستان کی  دینی جماعتوں کا  رویہ بھی بے حد افسوسناک  اور المناک ہے  کسی دینی جماعت نے  شامی  مسلمانوں  کی  مظلومیت  اور شامی حکومت کی سفاکی اور ظلم پر   کوئی  بیان نہیں دیا ۔   دنیا کے  تمام   رحم دل  انصاف پسند شر یف انسانوں کی اور عالم اسلام  کے  مسلمانوں  کی  انسانی  اور  مذہبی  ذمہ داری  ہے    کہ شام کے  مظلوم  مسلمانوں  کا  دامے  درمے قدمے  سخنے  ساتھ  دیں  اور  ان  کی کامیابی کے لئے  دعائیں کریں ۔    ہندوستان  کے  مسلم  رہنمائوں  اور صحافیوںکے پاس  اگر  آسا م  اور برما کے مظلوم  مسلمانوں کی حالت زار  پر آنسو بہانے کے بعد  آنسووں  کے  چند  قطرے   باقی  رہ گئے  ہیں  تو  ان آنسووں کا نذرانہ  شام کے  چالیس ہزار  مسلمان بھائیوں کی لاشوں کے لئے پیش کریں  کیونکہ وہ بھی  ان آنسووں کے  اور ہمدردی  کے  مستحق  ہیں  اور زبان  حال سے  کہ  رہے  ہیں   
اے  خانہ برانداز چمن  کچھ تو ادھر بھی   
********************
Comments


Login

You are Visitor Number : 912