donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Eucational Article -->> Computer Education
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Md. Arif Iqbal
Title :
   Urdu DTP

 

اردو ڈی ٹی پی 
 
تبصرہ: محمد عارف اقبال
 
نام کتاب: اردو ڈی ٹی پی Urdu DTP.کمپیوٹر سیکھنے کی بنیادی کتاب
 
 مصنف: فیروز ہاشمی
صفحات :192 قیمت :150/= اشاعت : 2006
 
ناشر: مکتبہ نئی شناخت، یحییٰ نگر، آیا نگر، نئی دہلی 110047- فون: 9811742537 
ملنے کا پتہ: اردو بک ریویو پبلی کیشنز، نئی دہلی 110002- فون: 23266347 
 
دنیا کو اب گلوبل ولیج کہا جاتا ہے۔ کمپیوٹر تکنالوجی کے انقلاب نے یقینی طور سے دنیا کو عالمی گاؤں بنادیاہے اور بالخصوص انٹرنیٹ کی سہولیات نے اس تصور کو مزید مستحکم کیا۔ اردو ڈی ٹی پی کے مصنف ایک اچھے خطاط اور ایک عرصہ سے اردو سافٹ ویئر InPage سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے ان پیج کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے اس کتاب کے پیش لفظ میں لکھا ہے کہ: ’’جہالت کے اندھیروں میں زندگی بھر بھٹکنے کے بجائے ہمیں علم کی روشنی میں زندگی کی تابناک راہ متعین کرنا چاہئے اور آگے بڑھنا ہمارا نصب العین ہونا چاہئے تاکہ زندگی کے مختلف شعبوں میں بہ آسانی کام انجام دیا جاسکے۔‘‘ علم کی روشنی کیا ہے فی الحال اس پر اظہار خیال کے بجائے یہ کہنا بقول مصنف زیادہ مناسب ہے کہ: ’’یہ کتاب نئے سیکھنے والے اور پرانے استعمال کنندگان کے لئے یکساں طور پر مفید ہے۔ نئے لوگوں کے لئے یہ کتاب کمپیوٹر کی دنیا کا نقطہ آغاز ہے تو استعمال کنندگان کے لئے بہترین رہنما۔‘‘ 
 
اردو دنیا میں ابھی بھی کمپیوٹر سے تعلق استوار کرنے میں ایک قسم کا شش و پنج پایا جاتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ نہیں ہے کہ وہ کمپیوٹر کی ضرورت سے انکار کرتے ہیں بلکہ اردو دنیا میں ایک ایسی ذہنیت پرورش پاتی رہی ہے جس کے نتیجے میں اچھے خاصے دانشور اور ادیب بھی کمپیوٹر کی جادونگری میں اپنے کو اجنبی محسوس کرتے ہیں۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی رہی ہے کہ ابتدا میں کمپیوٹر تکنالوجی پر زیادہ تر کتابیں انگریزی میں دستیاب ہوتی رہیں۔ پھر تکنالوجی سے ناواقفیت کے سبب ایک سہل نسخہ بھی مشکل ترین دکھائی دیتا رہا۔ لیکن گزشتہ ایک دہائی سے اردو سافٹ ویئر کے استعمال میں بتدریج اضافہ کے سبب اور اس فن پر اردو میں کتابوں کی اشاعت سے یہ مرحلہ بڑی حد تک آسان ہوگیا ہے۔ اب مدارس کے طلبا کی کثیر تعداد بھی کم سے کم اردو ڈی ٹی پی کے آپریٹر تو ضرور بننے لگے ہیں اور بتدریج ان کی تعداد میں اضافہ ہی ہو رہا ہے۔ نیز انٹرنیٹ کے استعمال سے بھی کمپیوٹر سے ’’خوف کی نفسیات‘‘ میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ 
 
کتاب کے مصنف ایک کہنہ مشق اردو سافٹ ویئر کے معمار ہیں۔ بالخصوص اردو سافٹ ویئر کے استعمال کے دوران ڈی ٹی پی (Desktop Publishing) کے آپریٹر اور ڈیزائنر کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ اس سے بتدریج واقف ہوتے رہے ہیں۔ اس موضوع پر کتابوں کی اشاعت کے باوجود مصنف محسوس کرتے رہے ہیں کہ اردو آپریٹر کی اکثریت ابھی بھی ان پیج کے صحیح اور مکمل استعمال سے ناواقف ہے۔ یہ حقیقت بھی ہے کہ اردو آپریٹرز یا کمپوزیٹرز کی اکثریت میں ابھی بھی اس فنکارانہ صلاحیت کو نشو و نما نہیں مل سکا ہے جس کا متقاضی یہ فن ہے۔ موجودہ دور میں شائع ہونے والی کمپیوٹر کتابت شدہ بیشتر کتابوں کے اسٹائل اور پیج میکنگ کو دیکھ کر اس کے نقص کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ البتہ ملک کے چند بڑے اردو اخبارات جو اردو ڈی ٹی پی کے ذریعے شائع ہوتے ہیں ان میں فنکارانہ صلاحیت کی جھلک ضرور دکھائی دیتی ہے۔ اس کا سہرا کراچی سے شائع ہونے والے بعض اہم اخبارات بالخصوص جنگ کو جاتا ہے جس نے سب سے پہلے اردو ڈی ٹی پی کا خود تجربہ کیا اور اس فن میں اعلیٰ کار کردگی کا مظاہرہ بھی کرتا رہا۔ اس اخبار کے لے آؤٹ اور ڈیزائن کو دیکھ کر ہمارے یہاں کے بعض اخبارات کی ہمت افزائی ہوئی اور اس تکنالوجی کے بہتر استعمال کو یہاں بھی یقینی بنانے کی کوشش کی گئی۔ پھر پاکستان کے ماہرین خطاط کے تعاون سے جب گپتا اینڈ کو نے یہاں ان پیج سافٹ ویئر لانچ کیا تو رفتہ رفتہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے اردو اخبارات و رسائل و کتابوں کے ناشرین نے انگریزی سافٹ ویئر کے مساوی تکنالوجی کا اردو میں استعمال کیا۔ لیکن فنی لحاظ سے آج بھی ان پیج اردو سافٹ ویئر کا بہتر استعمال مفقود نظر آتا ہے۔ 
 
اردو ڈی ٹی پی کے مصنف نے ان تمام خامیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے اس کتاب کی تصنیف کی ہے۔ اس کے فہرست مضامین پر ایک طائرانہ نظر ڈالتے ہی اس کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ مصنف نے فنی اعتبار سے ہر اہم موضوع پر الگ الگ گفتگو کی ہے اور طریقہ استعمال بتایا ہے۔ مثلاً رفتار، خود کاری، یکسانیت، موزونیت، ہارڈ ڈسک، مانیٹر، فلاپی ڈسک، ماؤس، اسکینر، موڈیم، پرنٹر، میموری، ان پیج اردو، کورل ڈرا، ایڈوب پیج میکر، فوٹو شاپ، ایکروبیٹ، سافٹ ویئر انسٹالیشن، ٹول اسٹرپ، دستاویز کا تجزیہ،انگریزی متن داخل کرنا، اردو اور فارسی متن داخل کرنا، سندھی ٹکسٹ داخل کرنا، بائیں سے دائیں انٹر والی زبان، آؤٹ لائن ٹکسٹ، ٹکسٹ چین، پیرا گراف کی ضرورت، اسٹائل شیٹ، کاپی پیسٹ، ورکنگ وتھ پرسو۔ عربک اسکریپٹس وغیرہ جیسے اہم عناوین پر بڑے دلچسپ اور سہل پیرائے میں اظہار خیال کیا گیا ہے تاکہ قاری کو سمجھنے میں ذرا بھی دشواری نہ ہو۔ نیز سرخی کیسے بنائیں، کتاب کیسے بنائیں، اردو انگلش ڈکشنری کیسے لے آؤٹ کریں، غزل کیسے لے آؤٹ کریں۔ ان پیج کے ساتھ کورل ڈرا کا استعمال، ریاضی کا استعمال، اردو کے ساتھ عربی فارسی کو کیسے ملائیں، انٹرنیٹ کے فائل کیسے جنریٹ کریں، PDF فائل کیسے بنائیں، اردو اسپیل چیک کیسے کریں، انڈکسنگ کیسے کریں، حاشیہ کیسے تیار کریں، کلر سپریشن کا استعمال، مِرر (Mirror) پرنٹنگ کیسے کریں۔ اردو میں ای میل کیسے کریں اور کشمیری زبان میں کیسے کام کریں جیسے اہم موضوعات پر مصنف نے بصیرت افروز معلومات درج کی ہیں۔ آخر میں اس کتاب کی انڈیکسنگ بھی اس میں فراہم کردی گئی ہے۔ 
 
یقینی طور سے یہ کتاب اردو ڈی ٹی پی سیکھنے والے مبتدیوں کے لئے جہاں ایک نعمت غیر مترقبہ ہے وہیں جو لوگ ایک عرصہ سے کمپیوٹر آپریٹنگ اور کمپوزنگ کر رہے ہیں ان کے لئے بہترین رہنما ثابت ہوسکتی ہے۔ نفیس کاغذ پر عمدہ طباعت کو دیکھتے ہوئے اس پیپر بیک ایڈیشن کی قیمت بھی مناسب محسوس ہوتی ہے۔ توقع ہے کہ اس کتاب کی خاطر خواہ پذیرائی ہوگی اور اردو کمپوزیٹرس اس سے استفادہ میں بخل سے کام نہ لیں گے۔
*******************
Comments


Login

You are Visitor Number : 1827