* نگاہِ لطف نہ کر مجھ پہ تو خدا کے لئے *
غزل
نگاہِ لطف نہ کر مجھ پہ تو خدا کے لئے
ترا وجود بنا ہے فقط جفا کے لئے
ہر اختتام ہے نقشِ دوام کی عظمت
تلاشِ راہِ فنا کیجئے بقا کے لئے
میں ہر قدم پہ ترا شکریہ کروں گا ادا
زبان منہ میں نہیں ہے مرے گلہ کے لئے
مری طرف بھی اٹھا اپنی چشمِ بادہ فروش
نہ ٹال بات مری ساقیا خدا کے لئے
جو ہم نہ ہوتے تو لیتا نہ کوئی نامِ وفا
کہ ہم سے لوگ بنائے گئے وفا کے لئے
وہ چشمِ مست کی بدمستیاں ارے توبہ
اک امتحان ہے دنیا میں پارسا کے لئے
میں حادثاتِ جہاں سے گزر گیا انجم
تری خوشی کے لئے اور تری رضا کے لئے
علی حسین انجم
64/0, Broad Street
Kolkata-700019
Mob: 9007906125
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|