نعت
عزیز بلگامی…09900222551
جبیں کو دولتِ سجدہ درِ یقیں سے ملی
متاعِ عجز مدینے کی سر زمیں سے ملی
سکونِ دل سے ہیں خالی علوم کے دفتر
یہ شئے فقط مجھے قرآن کے امیںؐ سے ملی
یتیم تھا وہؐ مگر بے کسوں کا والی تھا
تونگروں کو بھی آخر اماں وہیں سے ملی
بنالو خاکِ مدینہ کو آنکھ کا سُرمہ
حیا نظر کو اِسی چشم سرمگیں سے ملی
یہی جواب تھا طائف کی سنگباری کا
دُعائے خیر مسلسل دلِ حزیں سے ملی
متاعِ شعر کو پاکیزگی تخیّل کی
حضورِ پاک ؐ کی تحسین و آفریں سے ملی
ستم گروں کے ستم کا گلا نہیں آقاؐ
منافقت مجھے اُمّت کی آستیں سے ملی
عزیزؔ کوچۂ طیبہ سے دوریاں کب تک
وہ دیکھ بادِ صبا گنبد حسیںسے ملی
٭٭٭