* دردِ دل پاسِ وفا، جذبہ ایماں ہونا *
غزل
٭…………برج نارائن چکبست
دردِ دل پاسِ وفا، جذبہ ایماں ہونا
آدمیّت ہے یہی اور یہی انساں ہونا
نو گرفتارِ بلا طرزِ فغاں کیا جانیں
کوئی ناشاد سکھادے انہیں نالاں ہونا
رہ کے دنیا میں ہے یوں ترکِ ہوس کی کوشش
جس طرح اپنے ہی سائے سے گریزاں ہونا
زندگی کیا ہے عناصر میں ظہورِ ترتیب
موت کیا ہے انہی اجزا کا پریشاں ہونا
دل اسیری میں بھی آزاد ہے آزادوں کا
ولولوں کے لئے ممکن نہیں زنداں ہونا
گُل کو پامال نہ کر لعل و گہر کے مالک
ہے اسے طرہ دستارِ غریباں ہونا
ہے مرا ضبطِ جنوں جوشِ جنوں سے بڑھ کر
ننگ ہے میرے لئے چاک گریباں ہونا
|