* عبادتوں کا چراغاں تمہاری گلیوں می *
نعت رسولؐ
عبادتوں کا چراغاں تمہاری گلیوں میں
صراطِ حق ہے فروزاں تمہاری گلیوں میں
کتاب عیسیٰؑ و موسیٰؑ رکھی ہے طاقوں پر
ہدایتوں کا دبستاں تمہاری گلیوں میں
جبینِ شوق سے چھوتے رہیں گے جالی کو
نکل ہی جائے گا ارماں تمہاری گلیوں میں
نہیں ہے بوند برابر بھی ظلمتوں کا گزر
ردائے نور فروزاں تمہاری گلیوں میں
پروں کو اپنے سمیٹے ہوئے کھڑا ہے ملک
رواں ہے چشمۂ حیواں تمہاری گلیوں میں
کہیں حدیث کی خوشبو کہیں ہے ذکر خدا
مرا مرا سا ہے شیطاں تمہاری گلیوں میں
ہمیں پہاڑ پہ جانے کی کیا ضرورت ہے
ہوئے ہیں طور کے امکاں تمہاری گلیوں میں
پھرے گا جعفریؔ سید نژاد روزانہ
گلے میں ڈال کے قرآں تمہاری گلیوں میں
ڈاکٹر مسعود جعفری
Prof. Usmania University
Hyderabad (INDIA)
Email: masoodjafri47@gmail.com
Mob: 9949574641
بشکریہ: مشتاق دربھنگوی
****** |