* زمانہ آج نئی چال چل گیا ہے کوئی *
غزل
زمانہ آج نئی چال چل گیا ہے کوئی
جنون عشق سے آگے نکل گیا ہے کوئی
جسے میں اپنا سمجھتا تھا غیر لگتا ہے
گمان ہوتا ہے جیسے بدل گیا ہے کوئی
میں جس کی مست نگاہی پہ ناز کرتا تھا
بہک رہا تھا مگر اب سنبھل گیا ہے کوئی
تمام لوگ جسے روشنی سمجھتے رہے
خود اپنی آگ کے شعلوں میں جل گیا ہے کوئی
حقیقتیں اسے ہر روز خود ڈرائیں گی
فریبِ ذات سے شاید بہل گیا ہے کوئی
اسے پتہ نہیں خوابوں کا حشر کیا ہوگا
کھلونے دیکھ کے ناداں مچل گیا ہے کوئی
نہ پوچھو حالِ دروں تم امام اعظم کا
اسی کے واسطے کہہ کر غزل گیا ہے کوئی
ڈاکٹر) امام اعظم)
Riginol Director
M.A.NU, Darbhanga (Bihar)
Mob: 9431085816
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|