* ہمیں کو لوٹتا ہے اور وفاداری بھی ک *
غزل
ہمیں کو لوٹتا ہے اور وفاداری بھی کرتا ہے
ہمارا پاسباں ہے چور بازاری بھی کرتا ہے
وطن کے دشمنوں سے دوستی ایمان ہے اُس کا
دکھاوے کے لئے وہ کام سرکاری بھی کرتا ہے
بڑا لفاظ ہے باتوں میں اکثر موہ لیتا ہے
وہ پھیلاتا ہے فتنہ اور مکاری بھی کرتا ہے
زمانے کی نگاہوں میں بہت ہے معتبر لیکن
وہ اپنے گھر کے ہی لوگوں سے غداری بھی کرتا ہے
مٹانے کے لئے اپنے گناہوں کے اندھیروں کو
جلاکر گھر غریبوں کا ضیا باری بھی کرتا ہے
کسی زردار سے ہرگز نہ امیدِ وفا رکھنا
کہیں دولت کا رکھوالا وفاداری بھی کرتا ہے
سیاست میں قدم ارشاد جب سے رکھا ہے اُس نے
کئی چہرے ہیں اُس کے وہ اداکاری بھی کرتا ہے
ڈاکٹر) ارشاد علی برکاتی)
40, Dr. Sudhir Basu Road, Khidir pur
Kolkata-700023
Mob: 8013477572 / 9007186315
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|