* کچھ اس طرح سے حضورؐ التزام ہوجائے *
نعت پاک
کچھ اس طرح سے حضورؐ التزام ہوجائے
کہ زائرینِ مدینہ میں نام ہوجائے
مدینے جاکے میں واپس کبھی نہ آپائوں
وہیں حیات کا قصہ تمام ہوجائے
ترے کرم کے توسط سے اعتدال ملے
یہ رخش نفس کا جب بے لگام ہوجائے
قبول ہوتی ہے جس جا دعائے خاص و عام
نصیب ، کاش کبھی وہ مقام ہوجائے
نہیں ہے کوئی تمنا مری بجز اِس کے
پیامِ حق ترا دنیا میں عام ہوجائے
نبیؐ کے نام سے ہو ابتدا مری اور پھر
اِس ایک نام پہ ہی اختتام ہوجائے
یہ معجزہ ہے فقط صنفِ نعت میں پنہاں
ہر ایک لفظ کو حاصل دوام ہوجائے
ڈاکٹر) خالدہ انور)
65, Nizam Block, Allama Iqbal Town
Lahore (Pakistan) Ph: 923064699408
Email: dr.khalida_anwar@hotmail.com
بشکریہ ’’عندلیبانِ طیبہ‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
……………………………………
|