* تم کو ہم دل میں بسا لیں گے تم آؤ تو سہ *
تم کو ہم دل میں بسا لیں گے تم آؤ تو سہی
ساری دنیا سے چھپا لیں گے تم آؤ تو سہی
ایک وعدہ کرو اب ہم سے نہ بچھڑو گے کبھی
ناز ہم سارے ہی اٹھا لیں گے تم آؤ تو سہی
بے وفا بھی ہو ستمگر بھی جفا پیش بھی ہو
ہم خدا تم کو بنا لیں گے تم آؤ تو سہی
یوں تو جس سمت نظر اٹھی ہے تاریکی ہے
پیار کے دیپ جلائیں گے تم آؤ تو سہی
اختلافات بھی مٹ جائیں گے رفتہ رفتہ
جس طرح ہو گا نبھا لیں گے تم آؤ تو سہی
دل کی ویرانی سے گھبرا کے نہ منہ کو موڑو
بزم یہ پھر سے سجا لیں گے تم آؤ تو سہی
راہ تاریک ہے اور دور ہے منزل لیکن
درد کی شمع جلائیں گے تم آؤ تو سہی
|