donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
design_poetry
Share on Facebook
 
Nasreen Syed
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
* تیری یادوں سے شبستاں کو سجا دیتے ہ *
    تیری یادوں سے شبستاں کو سجا دیتے ہیں
    یوں بھی تنہائی میں ہم خود کو سزا دیتے ہیں
 
    رنج و غم، درد و الم، حد سے سوا دیتے ہیں
    دیکھئے ، ان کی رضا ، تا بہ کجا دیتے ہیں
 
    وقت بہتا ہوا دریا ہے ، سو ، جاتے جاتے
    یہ شب و روز مری عمر گھٹا دیتے ہیں
 
    اک عجب لطف ہے رکھا ہوا جانکاہی میں
    جاں گدازی ہو ، تو پھر اشک مزا دیتے ہیں
 
    میرے منصف ہیں عجب، کوئی گواہی نہ ثبوت
    جرم سرزد نہ ہو جو، اس کی سزا دیتے ہیں
 
    تیرے ان نین کٹوروں کو، ہنر کیسا ملا
    ان میں جو ڈوبے ، اسے پار لگا دیتے ہیں
 
    جن کو زخموں کی حنا بندی ہے ورثے میں ملی
    سر کو ، نیزے پہ ، بصد ناز ۔۔۔۔۔۔سجا دیتے ہیں
 
    دل پہ چھائی جو سیاہی شب ہجراں کی، کبھی
    دیپ اشکوں کے، سر ۔ مژگاں جلا دیتے ہیں
 
    تم نے کیا ایک نظر پیار کی ڈالی ہم پر ؟
    ہم تمہیں بدلے میں لو، ارض و سما دیتے ہیں
 
 
    ٹھان لی دل میں، کہ ہم اپنا بنائیں گے تجھے
    ہم ، کہ سرسوں کو، ہتھیلی پہ جما دیتے ہیں
 
    جز و کل کا جنہیں ایقان ہوا کرتا ہے
    ایک قطرے میں سمندر کو دکھا دیتے ہیں
 
    ہم تری آنکھ میں اک موجہ ۔ حیرت دیکھیں
    اس تحیر کے لیے ، خود کو مٹا دیتے ہیں
 
    کس کی آواز کی رم جھم ہے سماعت میں مری
    زمزمے کیسے ہیں۔۔۔ جو حشر اٹھا دیتے ہیں
 
    دل کے جلنے کی یہ تاثیر کہاں تک پہنچی
    اشک گرتے ہیں تو دامن کو جلا دیتے ہیں
 
    جال بنتی ہے کچھ اس طرح ترے لمس کی آنچ
    صید بنتے ہیں ترے ، تجھ کو دعا دیتے ہیں
    ***************
 
Comments


Login

You are Visitor Number : 372