* ہر اندھیرے میں چمک اٹھتی ہے رنگت ا *
نعت پاک
ہر اندھیرے میں چمک اٹھتی ہے رنگت اُنؐ کی
وقت کی آنکھ میں تحریر ہے عظمت اُنؐ کی
جس طرح پھول میں خوشبو ہے ، ستاروں میں ضیا
اس طرح میرے رگ و پے میں محبت اُنؐ کی
صبر اور شکر کا مفہوم بتا دیتی ہے
آج بھی سارے زمانے کو قناعت اُنؐ کی
وہ جو اوصاف ہیں قرآن کے بتلائے ہوئے
سیرتِ پاک سے ہوتی ہے وضاحت اُنؐ کی
حد سے بڑھ جائے اگر ظلم تو پھر کوچ کرو
رہبری کے لئے موجود ہے ہجرت اُنؐ کی
بھولے بھٹکتے ہوئے لوگو! تمہیں لے جائے گی
سیدھا جنت کی طرف راہِ ہدایت اُنؐ کی
اپنے اعمال کا احساس ڈراتا ہے ہمیں
حوصلہ دیتی ہے امیدِ شفاعت اُنؐ کی
نورین طلعت عروبہ
بشکریہ ’’عندلیبانِ طیبہ‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
……………………………………
|