* وفا کے جنگلوں میں کھو گیا تو؟ *
وفا کے جنگلوں میں کھو گیا تو؟
میرے دل کو اگر کچھ ہو گیا تو؟
مؤذّن کی اذاں برحق ہے لیکن
نمازی جاگ کر پھر سو گیا تو؟
پڑھی جو فاتحہ ساگر پہ ہم نے
ثواب اس کا بھی واعظ کو گیا تو؟
بہت الزام آئے دہوپ کے سر
جو سایوں میں مسافر کھو گیا تو؟
جہاں درکار ہیں لفظوں کی فصلیں
وہاں کوئی خاموشی بو گیا تو؟
قتیلؔ اِک داغ ہے توبہ کا مجھ پر
کوئی بادل اُسے بھی دھو گیا تو؟
|