* خموش رہ گئے گفتار تک نہیں پہنچے *
راشد طراز
نام:سید راشد احمد ،ولدیت :سید عبید الحق ایڈووکیٹ ،تاریخ پیدائش :۸؍ نومبر ۱۹۸۵ء تعلیم: ایم اے (اردو) وطن ۔مونگیر(بہار) پتہ:محلہ دلاور پور، مونگیر ۸۱۱۲۰۱( بہار)پیشہ : ریڈرتصانیف۔ چراغ سخن( مجموعہ کلام)
خموش رہ گئے گفتار تک نہیں پہنچے
ہمارے زخم ابھی اظہار تک نہیں پہنچے
گلہ نہیں ہے خموشی کا ان حروف کا ہے
سخن میں ڈھل کے جو معیار تک نہیں پہنچے
تمام خیموں میں جلتے رہے سخن کے چراغ
غریب خانۂ بیمار تک نہیں پہنچے
نفی کی خاک سے اپنا حصول کیا پاتے
وہ لوگ جو کسی اقرار تک نہیں پہنچے
ہم اہلِ خواب تھے اپنی حدوں میں جیتے رہے
جنونِ زار کے اسرار تک نہیں پہنچے
پکارتا رہا کوئی خودی کی منزل سے
ہم اپنے طالع بیدار تک نہیں پہنچے
طرازؔ کیسے سخن تھے جو امتحاں کیلئے
طلسمِ شب کے گفتار تک نہیں پہنچے
|