* تصور سے تیرے جو آباد ہوگی *
شگفتہ سہسرامی
نام:مختار احمد خاں ،ولدیت:مولوی عبد الوحید خاں غازی شمسی۔ تاریخ پیدائش :۱۰؍ فروری ۱۹۴۷ء ۔تعلیم:ایم اے (اردو)، بی ایڈ ،وطن ۔ محلہ کرن سرائے، پوسٹ سہسرام، ضلع رہتاس( بہار) پتہ: پوسٹ برہم پور،ضلع بکسر، پیشہ: درس و تدریس۔
تصور سے تیرے جو آباد ہوگی
تو پھر دل کی دنیا نہ برباد ہوگی
چھلک جائیں گے خود ہی شبنم کے آنسو
لبوں پہ جو بلبل کے فریاد ہوگی
مرے بعد بھی چین پا نہ سکو گے
تمہیں میری ہر اک ادا یاد ہوگی
ذرا سوچ لے اے مٹادینے والے
مرے بعد پھر کس پہ بیداد ہوگی
قفس میں بھی ہم دل شگفتہ رہیں گے
جو مرضی تری میرے صیاد ہوگی
٭٭٭٭
|