* عدم اظہار کے نام ایک منفی مشورہ *
عدم اظہار کے نام ایک منفی مشورہ
آمجھے دیکھ
مجھے چھیڑ
مجھے چھوکے گذر
مِرے خوابوں میں اتر
میرے خیالوں کے جزیروں سے گذر
مری آنکھوں کے سمندر میں ڈبودے خود کو
موج میں آ
صرف مجھے سوچ کہ میں:
تیری آواز کی تعریف کیا کرتا ہوں
تیرے انداز پہ اشعار لکھا کرتا ہوں
تیرے ہر بول کو سنگیت کی معراج کہا کرتا ہوں
میرے جذبات کے پر شور تھپیڑوں میں سمودے خود کو
’وہ‘ سے منسوب کسی لفظ کو بھی کفر سمجھ
وہ۔ جو کبھی تیری آواز کی تعریف نہیں کرتا ہے
تیرے انداز پہ اشعار نہیں لکھتا ہے
اور ترے بولوں کو سنگیت کی معراج نہیں کہتا ہے
یہ الگ بات ہے
خاموشی تری
شام اُس کی
اور آواز تری
اُس کی سحر ہوتی ہے
٭٭٭
|