* نہیں کہ کشتیِ وحشت میں بادبان نہی¬ *
شاہد جمیل
نام:محمد شاہد جمیل، ولدیت:محمد جلیل: تاریخ پیدائش۔۱۵؍ جنوری ۱۹۵۶ء ء تعلیم: بی ، ایس سی۔وطن۔سہسرام۔پیشہ۔ سرکاری ملازمت (سب رجسٹرار) تصانیف:1 ۔’’ خوابوں کے ہمسائے‘‘(مجموعہ کلام)
نہیں کہ کشتیِ وحشت میں بادبان نہیں
ملال یہ ہے کہ ساحل پہ وہ مکان نہیں
کہیں پہ ہوگا کوئی چاند ہم کو کیا معلوم
ہمارے کمرے کی کھڑکی میں آسمان نہیں
ہوا کے رخ پہ لویں متحد نہیں ورنہ
ابھی چراغوں میں ایسا نہیں کہ جان نہیں
نہ اس کی آنکھ میں موتی نہ میرے خواب میں جھیل
تماشہ اب کے برس کوئی درمیان نہیں
اسے میں سوچوں گا اور دل کو کچھ نہیں ہوگا
یقیں یوں ہے کہ اب کے کوئی گمان نہیں
|