* اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا ک& *
حمد
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
یہ برگ و شجر ، یہ آب و ہوا ، سب تونے دیا ، سب تجھ سے ملا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
یہ مہر و نجوم و ارض و سما ، یہ کوہِ گراں ، یہ بحرِ جہاں
یہ کشتِ تمنا ابرِ کرم تجھ سے ہی سبھوں نے پائی جلا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
یہ کشف و کرامت تیری عطا ، یہ لطف و کرم بھی تیری رضا
یہ علم و ادب ، یہ ذوق و طلب ، سب تونے دیا ، سب تجھ سے ملا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
تو ہی نے دکھائی راہ گزر ، تجھ سے ہی ملی منزل کی خبر
یہ فصلِ بہاراں دورِ خزاں یہ شب بھی تری یہ دن بھی ترا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
یہ قصہ کہانی ، رنج و محن ، یہ لفظ و معانی شعر و سخن
یہ میرا قلم ، تحریریں مری ، یہ دیدہ وری ، یہ ذہنِ رِسا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
اے ربِّ کرم ، اے ربِّ جہاں ، کیونکر ہو بیاں سب تیری صفت
اے نازِ حزیں ممکن ہی نہیں بخشش ہو کبھی جز حمد و ثنا
اے میرے خدا ، اے میرے خدا ، سب تیرا کرم ، سب تیری عطا
سیدہ ساجدہ ناز
Sheristan, Ahmad Nagar, Baranpur-713325,
Asansol (W.B) Mob: 9832156786
Email: sajda.naaz@gmail.com
بشکریہ ’’غزالانِ حرم‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
……………………………………
|