* تو رحیم ہے ، تو کریم ہے ، تو جلیل ہے ، *
حمد
تو رحیم ہے ، تو کریم ہے ، تو جلیل ہے ، تو جلال ہے
تیرا وصف مجھ سے ہو کیا بیاں ، کہاں اتنی میری مجال ہے
تیرا فیض عام ہے چار سو ، تیرے جلوے بکھرے ہیں کو بہ کو
وہ بشر ہو یا ہو یہ کائنات ہر اک میں تیرا جمال ہے
یہ پہاڑ ، ندّی، یہ بحر و بر ، یہ حسین شمس و حسیں قمر
فقط ایک کن فیکون کا یہ تو سارا حسنِ کمال ہے
تیرے پاس ہم رہے جب تلک تو زمانے بھر میں تھے سرخرو
ہوئے آج تجھ سے جو دور ہم تو ہمارا خستہ یہ حال ہے
مجھے مانگے بن جو عطا ہوئی ہیں زمانے بھر کی یہ نعمتیں
مجھے عشق اپنا تو بخش دے فقط اتنا میرا سوال ہے
میں حقیر بندی ہوں اے خدا ، میری اتنی تجھ سے ہے التجا
مجھے قرب اپنا نواز دے ، تیرے سامنے کیا محال ہے
طلعت فاطمہ
C/O. Zarreen 'N' Shireen Stores
1, Topsia Road (S), Kolkata-700046
Mob: 9903786723
بشکریہ ’’غزالانِ حرم‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
……………………………………
|