* منقبت صدؓ یق اکبر *
منقبت صدؓ یق اکبر
شریکِ حال رہتا دوستی کا حق ادا کرنا
کوئی صدیقؓ سے پوچھے محمدؐ سے وفا کرنا
قرابت تھی رسول ؐ پاک سے صدیقؓ اکبر کو
گوارا ہی نہیں تھا خود کو آقاؐ سے جداکرنا
ہر ایک طبقے میں ایسی محترم تھی شخصیت اُنؓ کی
اگر کچھ ہو بھی جائے سہل ہی تھا تصفیہ کرنا
امامت کا شرف بخشا علالت میں محمدؐ نے
ہے وجہِ فخر وعظمت اُن کو یہ منصب عطا کرنا
تحمل اور تواضع خندہ لب شریں کلامؓ اُن کا
محبت سے انہیںؓ آتا تھا کھوٹے کو کھرا کرنا
تجارت مشغلہ تھا آپؓ کااسلام سے پہلے
وہاں بھی حدِ ایمان سے گزرنا تھا خطاکرنا
یتیموں کی جگہ تعمیر مسجد کیلئے لے کر
شریعت کے مطابق آپؓ کا قیمت ادا کرنا
خلوصِ بیکراں تھا جذبۂ ایثار و ہمدردی
انہیں آتا تھا خود کو عشقِ احمدؐ میں فنا کرنا
سبق آموز ہے اے یاسؔ انؓ کی ایک اک جنبش
انہیں سے ابتدا کرنا انہیں سے انتہا کرنا
٭٭٭
|