* رحمتِ دوجہاں مہر وماہِ مبیں *
نعتِ پاکؐ
رحمتِ دوجہاں مہر وماہِ مبیں
آپ ؐ سا دونوں عالم میں کوئی نہیں
کفر واسلام کا فرق سمجھا دیا
آپ سے مل گئی دولتِ علمِ دیں
مٹ گئیں جہل کی ساری تاریکیاں
روشنی ہوگئی ہر طرف بالیقیں
آپ ؐ سے بندگی کا طریقہ ملا
اک خدا ہوگیا سب کے دل میں مکیں
سارے نبیوں کے سردار ہیں آپؐ ہی
احمدِ مصطفےٰ سید المرسلین
آپؐ کے نقشِ پا پر چلا جو بشر
اُس کے حصے میں آئی بہشتِ بریں
تاجدارِ مدینہ شہِ انبیا
مرحبا مرحبا آفریں آفریں
مفتخر ہے بشر آپؐ پیدا ہوئے
فوقیت لے گئی آسماں سے زمیں
آج بھی اس کی شاہد ہے غارِ حرا
آپ ؐ کے پاس آتے تھے روح الامیں
آپؐ نے اپنا جسکو بھی فرمادیا
بے گماں ہوگیا آپ ؐ کے وہ قریں
یاؔس ہے طالبِ رحمتِ بیکراں
اے حبیب خدا شاہِ دنیا ودیں
٭٭٭
|