* ہر لمحہ مجھے اُنؐ کا کلام اچھا لگے *
نعتِ پاکؐ
ہر لمحہ مجھے اُنؐ کا کلام اچھا لگے ہے
لیتا ہوں عقیدت سے تو نام اچھا لگے ہے
آتا ہے مرے سامنے جب نام ِ محمدؐ
تو وردِ درود اور سلام اچھا لگے ہے
ذاتی کے علاوہ بھی صفاتی ہیں بہت سے
جو نام بھی لوں اُنؐکا وہ نام اچھا لگے ہے
اے کاش کچھ ایسا ہویہی دل کی ہے حسرت
کہدے کوئی آقاؐ کا غلام اچھا لگے ہے
سنت بھی ہے تہذیب بھی ہے حسنِ عمل بھی
دیکھو تو ذرا کرکے سلام اچھا لگے ہے
کیا نور برستا ہے ہوائیں ہیں معطر
طیبہ کی فضائوں میں خرام اچھا لگے ہے
ہٹتیں ہی نہیں گنبدِ خضرا سے نگاہیں
سرکار کے روضے پہ قیام اچھا لگے ہے
جو بات ہدایت کی ہو تسلیم ہے مجھکو
جس کام میں سنت ہو وہ کام اچھا لگے ہے
اے یاؔس بہت دیکھ لیا جائزہ لے کر
اسلام کابس مجھکو نظام اچھا لگے ہے
٭٭٭
|