* مناجات *
مناجات
میرے معبود مجھے اپنی محبت دے دے
تجھ کو بھولوں نہ کبھی ایسی طبیعت دے دے
میں محبت کی نگاہوں سے جدھر بھی دیکھوں
صاف توُ آئے نظر ایسی بصیرت دے دے
ہاتھ پھیلائوں میں کیوں اپنا کسی کی جانب
جب مجھے میرا خدا رز ق کی دولت دے دے
نا سمجھ ہیں ترے بندے اُنہیں دے عقل و شعور
لطف فرما اُنہیں نصرت کی بشارت دے دے
جو بدی کرکے سمجھتے ہیں کیا ہم نے کمال
اُن کے سوئے ہوئے احساس کو غیرت دے دے
نام تیرا تیرے محبوب کا ہو وردِ زباں
میرے مولا تو مجھے ذکر کی دولت دے دے
میں تو ڈرتا ہوں بہت حشر کی رسوائی سے
عفو فرما مجھے جنت کی بشارت دے دے
جو ہیں بندے ترے معذور تری دنیا میں
تو انہیں بحرِ کرم جینے کی طاقت دے دے
بغض و کینہ حسد و غم کو مٹا دے دل سے
دل کو آئینہ شفاف کی فطرت دے دے
یاس کو آس میں تبدیل کیا ہے میں نے
اے خدا اب تو مجھے حسبِ ضرورت دے دے
٭٭٭
|