* باوفا ہوں مجھے الزام جفا مت دینا *
غزل
باوفا ہوں مجھے الزام جفا مت دینا
میرے ناکردہ گناہوں کی سزا مت دینا
آگ نفرت کی جو بھڑکی تو نہ بجھ پائے گی
اپنے دامن سے تعصب کی ہوا مت دینا
خوئے شاہین وراثت میں ملی ہے تجھ کو
اپنے اسلاف کی پہچان مٹا مت دینا
عصمتِ مریم و سیتا کی نشانی ہے یہی
اپنے سر سے کبھی آنچل کو گرا مت دینا
جن کے دم سے ہے گلستانِ وطن کی زینت
ایسے خوش رنگ پرندوں کو اڑا مت دینا
یہ تو مخصوص ہے معبود حقیقی کے لئے
سر کسی اور کے قدموں میں جھکا مت دینا
زندگی زہر ہلال کے سوا کچھ بھی نہیں
اپنے پرویز کو جینے کی دعا مت دینا
یونس پرویز
Q-71, S.A.Farooqi Road, Akra Road
Matia burj, Kolkata-700024
Mob: 9748115025
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|