donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Literary Articles -->> Adabi Khabren
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Rashid Ashraf
Title :
   Kitabistan Dot Com Ka Ijra


 

کتابستان ڈاٹ کام کا اجراء


ایک دیرینہ خواب کی تکمیل


راشد اشرف، کراچی ۔

zest70pk@gmail.com

www.kitaabistan.com

 

     دیکھو یہ میرے خواب تھے، دیکھو یہ میرے زخم ہیں
میں نے تو سب حسابِ جاں برسرِ عام رکھ دیا

    یہ بات اب ایک طے شدہ امر کہلاتی ہے کہ اردو ادب کی ترویج میں انٹرنیٹ کا کردار نہایت اہمیت اختیار کرگیا ہے اور مستقبل میں یہی طریقہ کار دیگر مروجہ و دستیاب طریقوں پر بازی لے جائے گا۔

    راقم الحروف پرانی کتابوں کی اسکیننگ گزشتہ تین برسوں سے کررہا ہے۔ مقصد یہی ہے کہ ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبہ اس سے استفادہ کرسکیں۔اس عرصے میں پاک و بھارت کی مختلف جامعات سے وابستہ درجنوں طلبہ نے رابطہ کیا ، بہتیروں کی طلب فوری طور پر اپنے چھوٹے سے کتب خانے سے یا چند اہل دانش کے تعاون سے پوری کی گئی۔آپ میں سے اکثر احباب ان ’’اہل دانش‘‘ کے ناموں سے بخوبی ہیں ، ان میں سب کے سب وسیع القب اور وسیع المشرب لوگ ہیں۔(خدا کا شکر ہے کہ ’’وسیع المشروب‘‘ نہیں ہیں)۔ کئی طلبہ کو اسکین شدہ کتابوں کے موجودہ ذخیرے سے مطلوبہ کتب فراہم کی گئیں۔ایک محتاط اندازے (جو راقم کا اپنا ہی ہے)کے مطابق راقم السطور پونے دو لاکھ اوراق اسکین کرچکا ہے۔ یہ تما م ذخیرہ scribd.com پر موجود ہے۔ان تمام کتابوں کو تادم تحریر دنیا بھر میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار لوگ دیکھ چکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ادب الاطفال سے متعلق چند کتابیں کھام گاؤں کے برادرم محمد انیس الدین اور کینیڈا میں قیام پذیر برادرم محمد فرحان نے بھی اسکین کرکے بھیجیں ہیں۔   

     راقم کی اسکین کردہ کتا بوں کی تفصیل کچھ اس طرح سے ہے:

موضوع                                اسکین شدہ کتابوں کی تعداد

ادب الاطفال۔سنہ چالیس۔ پچاس تا ستر کی دہائی میں شائع ہوئے ناول        310
پاک بھارت کی خودنوشتیں مع زندانی ادب:                        113
سفرنامے  اور  رپورتاژ                                20
شخصی خاکے و تذکرے                                38
تحقیقی مقالے(مختلف ذرائع سے حاصل کیے گئے)                    24
ادب الاطفال پر کتابیں اور مقالے                        05
متفرق موضوعات(کالم، تحقیق، تاریخ،وفیات، تصوف،۔۔۔۔جناب ابن صفی،     
 اکرم الہ آبادی،،مسعود جاوید،اظہار اثر، مشفق خواجہ کی کتابوں کے سرورق، فلمی
موضوع پر کتابوں کے سرورق  اے حمید ،محمد خالد اختر ، عبادت بریلوی کی کتابوں    
 کے سرورق مع یادگار تصاویر،ڈائجسٹوں سے چند یادگار کہانیاں تین حصوں میں،
بلونت سنگھ کی تحریرں،قیسی رام پوری کے تقسیم سے قبل شائع ہوئے افسانے وغیرہ             55    
خطوط کے مجموعے                                05
پرانی کتابوں کے اتوار بازار کی کتابوں کے سرورق وغیرہ                27
رسائل و جرائد سے منتخب کردہ اوراق                        33

 

کل تعداد630

    کتابوں کی اسکیننگ اور انٹرنیٹ پر ان کتب کی دستیابی (uploading) ایک ایسا طریقہ ہے جس کی مدد سے کتابوں کو ایک طویل عرصے تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ بصورت دیگر ان کی ’’آخری آرام گاہ‘‘ پرانی کتابوں کے اتوار بازار وںہی میں بنتی ہے ۔ اسی سوچ کے پیش نظر ڈاکٹر معین الدین عقیل نے اپنا کتب خانہ جاپان کی کیوتو یونیورسٹی کو سونپ دیا جہاں ان کی ستائیس ہزار کتابوں کی اسکیننگ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔ ڈاکٹر نے اپنے اس فیصلے کے جواز میں ۲۰۱۲ ء میں ایک کتابچہ شائع کیا تھا جس میں ایک جگہ وہ لکھتے ہیں:

حمیدالدین شاہد کا کتب خانہ دکنیات کے لحاظ سے اہم تھا۔ڈاکٹر سہیل بخاری، ڈاکٹر شوکت سبزواری، ڈاکٹریاض الحسن ، ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری جیسے متعدد نام ہیں جن کے کتب خانے کبھی شہرت اور اہمیت رکھتے تھے لیکن اب ان کے نام و نشان بھی نہیں۔ان میں سے مرزا علی اظہر برلاس اور ڈاکٹر ریاض الحسن اور دیگر کئی افراد نے اپنے کتب خانے اور قیمتی نوادرات و مخطوطات مشفق خواجہ کی نذر کردیے تھے۔ڈاکٹر ابوسلمان شاہجہانپوری صاحب نے اپنا کتب خانہ ایک دارالعلوم کے کتب خانے کو دے دیا۔لیکن دیگر ذاتی کتب خانوں کا اب وجود نہیں رہا۔ایسے بیشتر کتب خانے کراچی ہی نہیں لاہور بلکہ ہر شہر میں کباڑیوں اور ردی فروشوں یا فٹ پاتھوں پر فروخت ہوئے۔اب ان کا نام و نشان نہیں۔ آج ہمارے اکابر میں کراچی میں ڈاکٹر جمیل جالبی اور ڈاکٹر فرمان فتح پوری کے کتب خانے بہت وقیع سمجھے جاتے ہیں۔ان کے علاوہ سحر انصاری صاحب یالاہور میں محمد عالم مختار حق، افضل حق قرشی ، اکرام چغتائی، ڈاکٹر تحسین فراقی اور اقبال مجددی صاحبان  وغیرہ کے کتب خانے بھی ایک مثال ہیں۔لیکن ان سب کا مستقبل کیاہے؟

 یہ سوال ہر ایک کے لیے، جس جس کے پاس ذاتی کتب خانہ موجود ہے، اذیت ناک ہے۔زیادہ سے زیادہ وہ یہ سوچتے ہیں کہ ان کے بعد ان کا کتب خانہ کسی لائبریری کو دے دیاجائے گا یا لائبریری میں پہنچ جائے گا۔لیکن کراچی یونیورسٹی ، ہمدرد یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی میں کئی ذاتی کتب خانے جمع ہوئے لیکن ان کا کیاحشر ہوا؟ یہ عبرت ناک ہے۔کراچی یونیورسٹی میں احسن مارہروی، مولوی بشیر الدین احمد،ڈاکٹر ابواللیث صدیقی  اور دیگر متعدد اکابر و مشاہیرکے کتب خانے بھی آئے لیکن منوں مٹی تلے دبے ہوئے ہیں اور کوئی ان کا پرسان ِ حال نہیں۔بعض ذخائر ابھی تک بوریوں میں بند پڑے ہیں اور یوں ہی تباہ ہورہے ہیں، کوئی نہیں جو انھیں کھولنے اور ترتیب دینے تک کا سوچے، ان کی حفاظت اور دیکھ بھال اور انھیں ترتیب دینا اور قابل ِ استفادہ رکھنا تو دور کی بات ہے۔ یونیورسٹیوں کے خود اپنے ذخائر اب انتہائی کس مپرسی کی حالت میں ہیں اور تباہ ہوچکے ہیں اور جو بچ گئے ہیں ان کا مستقبل بھی مختلف نہیں۔ جس طرح ہم اور ہمارا معاشرہ، ہماری اقدار، ہماری روایات ہر چیز تباہی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے اورذمے داروں میں کوئی نہیں جو اس تباہی کو روکنے کے لیے کوشاں یا مستعد ہو۔اسی طرح لائبریریاں بھی اور خاص طور پر جامعات کی لائبریریاں اپنے ارباب ِ اقتدار کی بے نیازی اور نااہلی کے سبب تباہی اور کس مپرسی کا شکار ہیں۔

بظاہر اقبال کا یہ شعر بطور ضرب المثل بھی ہمارے دلوں کو چھوتارہتاہے:

مگر     وہ    علم  کے  موتی   کتابیں   اپنے   آ با  ٔ    کی    
    جو  دیکھیں  ان  کو  یورپ  میں  تو  دل  ہوتا  ہے  سی پارہ

لیکن یورپ وامریکہ کا وہ کونسا کتب خانہ ہے جس کے بارے میں ہم یہ کہہ سکیں کہ وہاں کتابیں کس مپرسی کی حالت میں برباد ہورہی ہیں؟ یقینا ان کتابوں پر قوم و ملت کا زیادہ حق ہے لیکن اگر وہ یہیں رہتیں تو کیا اب تک وہ باقی رہتیں؟ ہندوستان میں مسلم عہد حکومت کے کتنے ہی بے مثال اور عالی شان کتب خانوں کے ذکر سے ہماری علمی تاریخ بھری پڑی ہے، لیکن آج وہ کہاں ہیں؟ ان کی کتابوں کی فہرستیں بھی مرتب ہوئی تھیں لیکن وہ فہرستیں تک اب یہاں موجود نہیں وہ بھی یورپ ہی کے کتب خانوں کی زینت ہیں!یوں دیکھیں توعلمی حوالے سے مغرب کے جو احسانات ہم پر ہیں، میں تو اسے بھی ان کے سامراجی اقدامات کے ساتھ ساتھ ایک ایسا اقدام بھی سمجھتاہوں کہ جس کی وجہ سے ہماری علمی و تہذیبی فضیلتیں ایک ثبوت اور حقیقت کے طور پروہاں محفوظ ہیں اور خود ہمارے استفادے کے لیے بھی موجود ہیں اور ہم ان سے حسب ِ استطاعت فائدہ بھی اٹھاتے ہیں۔اگر وہ سب کچھ، جو مغربی کتب خانوں میں آج محفوظ ہے،وہاں محفوظ نہ رہتا تویہاںہمارے عبرت ناک  اور نہ رُکنے والے زوال کے باعث وہ سب بھی ضائع ہوچکاہوتا۔آج یہ بھی ہمارا دور ِ زوال ہی ہے کہ ہم اپنے معاشرے اور اپنی اقدار کو محفوظ رکھنے کے لیے رمق بھر بھی کوشش نہیں کررہے۔ ان ساٹھ پینسٹھ سالوں میں ہم نے ادارے بنائے نہیں، جو موجود تھے یا اگر کچھ بن بھی گئے تھے تو ہم نے انھیں بربادی کی حد تک پہنچادیاہے۔ماضی تو ایک طرف جب ہمارا حال بھی تیز تر زوال کا شکار ہے اور ہمارے نظام میں اب کوئی ایسی امید افزا صورت نظر نہیں آتی کہ ہم اپنی حالت کو سنبھالا دے سکیں اور اس مزید زوال کو ، جو ہمارا مقدر لگ رہاہے، روک بھی سکیں۔
٭==٭

     یہ تو ہوئیں چند ابتدائی باتیں، کچھ تمہید ، کچھ دل کے پھپھولے۔  
    مگر سچ پوچھئے تو کچھ عرصے سے راقم کی ہمت جواب دے گئی ہے۔ 650 کتابوں کی اسکیننگ ایک تھکا دینے والا کام ہے۔ یہ اپنا خراج طلب کرتا ہے۔ مشفق خواجہ لائبریر ی میں ایک برس سے کتابوں کی اسکیننگ پر مامور ایک دوست کے بقول ’’شام کو جب گھر واپس جاتا ہوں تو یوں محسوس ہوتا ہے کہ میری گردن اور کمر پر گویا کسی نے سیمنٹ کا لیپ کردیا ہے۔‘‘
    کچھ عرصہ قبل فرزند قابل اجمیر ی جناب ظفر قابل کا فون آیا۔ کہنے لگے کہ میں اپنے والد سے متعلق چند اہم کتابیں اور ان کے ہاتھ کا تحریر کردہ مسودہ ’’دیدہ ٔبیدار‘‘ (۱۹۵۸ئ) بھیج رہا ہوں۔ان کے الفاظ یہ تھے:

 ’’چونکہ آپ کتابوں کی اسکیننگ کرتے ہیں لہذا ان کو بھی انٹرنیٹ پر محفوظ کردیجئے۔میرے دل کا بائی پاس آپریشن ہونے والا ہے، ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ آپ کی زندگی کو خطرہ ہے، زندہ بچنے کا امکان کم ہے لہذا یہ امانت آپ کو بھیج رہا ہوں۔‘‘

    قابل اجمیری مرحوم کی کتابیں اور مسودہ جب میرے پاس پہنچے تو انہیں دیکھ کر حیران رہ گیا۔ ایک ایسا قیمتی اثاثہ جسے لوگ سینے سے لگا کر رکھتے ہیں مگر شاید ظفر صاحب کو اس بات کا احساس ہوگیا تھا کہ انٹرنیٹ پر اسے محفوظ کردینا ہی ان حالات میں سب سے مناسب ہے۔ (الحمد اللہ کہ ظفر قابل اجمیری صاحب کی سرجری کامیاب رہی اور وہ رو بہ صحت ہیں)۔   

    راقم الحروف اسی ادھیڑ بن میں تھا کہ مزید کام کیسے کیا جائے ۔ کیا سبیل ہو۔     
    پھر یوں ہوا کہ اللہ تعالی نے ایک مہربان کو بھیج دیا۔ یہ نوجوان بیرون ملک سے آئے،راقم کے غریب خانے پر ملاقات کو تشریف لائے ،کہا کہ ایک عرصے سے ’’بزم قلم‘‘ پر آپ کے اسکیننگ کے کام کو دیکھ رہا ہوں۔خواہش ہے کہ اسے وسعت دی جائے۔اس سلسلے میں مالی تعاون کی پیشکش کی۔طے پایا کہ کسی ایسے شخص کی خدمات حاصل کی جائے گی جو مناسب معاوضے پر ماہانہ بنیادوں پر اسکیننگ کا کام کرسکے۔طے ہوا کہ ایک ماہ

میں کم و بیش15 کتابیں (فی الحال صرف نثری کتابیں)اسکین کی جائیں گی جن کی اسکیننگ کی لاگت وہ ماہانہ بنیادوں پر راقم کو ارسال کیا کریں گے۔

    تمام معاملات طے پاجانے کے بعدہمارے ممدوح نے ابتدائی طور پر ایک معقول رقم اس کام کے لیے فراہم کردی۔

    اس سلسلے میں بھی حیرت انگیز پیش رفت ہوئی اور دو ہفتے قبل ایک ایسا نوجوان مل گیا جو بخوشی اس کام پر تیار ہوگیا۔ ڈاکٹر معین الدین عقیل سے درخواست کی گئی کہ اپنے باقی ماندہ کتب خانے سے متفرق موضوعات (تحقیق، خودنوشت، وفیات، سفرنامہ وغیرہ) پر مبنی 20 کتابیں عنایت کردیں ۔۔۔آپ نے بخوشی حامی بھرلی، اٹلانٹس پبلی کیشنز کے جناب فاروق احمد نے کتابیں فراہم کرنے کا کہا،راقم نے اپنے کتب خانے سے 50 کتابیں علاحدہ کیں، سید معراج جامی صاحب نے اپنے کتب خانے سے 12 اہم ہندوستانی کتب فراہم کیں۔ HP کا ایک مناسب سا ’جواں سال‘  اسکینر خریدا گیا اور مذکورہ نوجوان کو فراہم کردیا گیا۔ابتدائی طور پر قابل اجمیری کے دو مسودات اور چند کتابیں اسکیننگ کے لیے دے دی گئیں۔  

    اسکیننگ کا آغاز ہوا اور دوسری جانب ویب سائٹ کی تخلیق کے لیے بھی رات دن کام کیا جانے لگا۔

    بالآخر 16 جنوری 2016 کو پاکستان کی اس پہلی ویب سائٹ کا آغاز ہوا جہاں تنقید، تحقیق، سفرنامہ، خودنوشت، خاکہ و دیگر اہم اصناف ادب و ٹھوس علمی موضوعات پر مشتمل سنجیدہ کتابوں کی فراہمی کو ممکن بنایا گیا۔ اس کا برقی  www.kitaabistan.com ہے۔تادم تحریر کتابستان پر ۰۰ا کتابیں اپ لوڈ کی جاچکی ہیں۔ اس سے قبل راقم الحروف  www.scribd.com پر چھ سو سے زائد کتابیں اپ لوڈ کرچکا تھا جنہیں آنے والے وقت میں کتابستان پر شامل کردیا جائے گا۔ اس کام کو سرانجام دینے کے پس پردہ صرف ایک ہی سوچ تھی اور وہ یہ کہ کسی بھی عمدہ و دلچسپ کتاب کو کسی فرد واحد کی ذاتی جاگیر نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے ہرخاص و عام کی دسترس میں ہونا چاہیے۔

    اس کام کو کیے جانے کے پس پردہ اردو زبان کی ترویج کے ساتھ ساتھ یہ سوچ بھی کارفرما تھی کہ اردو کی وہ کتابیں پیش کی جائیں جو ماضی کی گرد میں کہیں چھپ کر نظروں اور ذہنوں سے اوجھل ہوگئی تھیں اور جو فی زمانہ کسی تحقیق کے کام میں ممد و معاون ثابت ہوسکتی ہیں مزید یہ کہ دنیا کے ایسے حصوں میں قیام پذیر لوگ ان سے استفادہ کرسکیں جہاں اردو کی کتابیں پہنچا تو کجا، وہ اردو بولنے کو بھی ترس جاتے ہیں۔

     www.kitaabistan.com کے لیے کتابوں کی اسکیننگ کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ ارادہ یہ ہے کہ یہاں ایک ہزار کی تعداد میں کتابیں اپ لوڈ کی جائیں۔انشاء اللہ۔ یہ سطو ر پڑھنے والوں میں سے اگر کوئی صاحب اپنے کتب خانے کی کتابیں کتابستان کے لیے دینا چاہیں تو درج ذیل برقی پتوںپر رابطہ کرسکتے ہیں:

zest70pk@gmail.com، meriurdu@yahoo.com، mohammad_hanif@hotmail.com، siyana@gmail.com
    ٭==٭
    چند ماہ قبل دہلی میں ہوئے جشن ریختہ میں ہمارے یہاں سے جناب ضیاء محی الدین نے شرکت کی تھی۔ وہ بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ :

    ’’جس طرح ریختہ نے اردو کتابوں کی اسکیننگ کی ہے اور انہیں عوام کے استفادے کے لیے پیش کیا ہے بالکل اسی طرز پر ہمارے یہاں پاکستان میں بھی کام ہونا چاہیے۔ میں واپس جا کر اپنے لوگوں کو شرم دلاؤں گا اس جانب بھی توجہ کریں۔‘‘

    ضیاء صاحب کے علم میں شاید یہ بات نہیں کہ مشفق خواجہ مرحوم کا بے مثال کتب خانہ بھی تین برس سے کیٹلاگنگ (cataloging) اور اب اسکیننگ کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ ادھر ڈاکٹر معین الدین عقیل کے کتب خانے کی ستائیس ہزار کتابوں کی روزانہ کی بنیاد پر آٹھ افراد اسکیننگ میں مصروف ہیں۔ انجمن ترقی اردو کراچی(پاکستان) کی انتظامیہ بھی انہی خطوط پر سوچ رہی ہے۔
        مذکورہ بالا معاملے میں راقم کے’ بخت‘ میں جو درج تھا وہ ہوگیا،اب وہ بھرپایا، اک وقفہ لیا ہے اوراب دم کے کر آگے چلیں گے ۔۔۔۔۔۔۔مگر اس میں ہمیشہ کی طرح کچھ پرخلوص لوگ شامل ہوگئے ہیں، یہی باعث طمانیت ہے، یہی اصل کمائی ہے   ؎

بحمد اللہ !  تُو  ہے  جس  کا  ہم  دم
کہاں  ا س  قلب  میں  گنجائش ِغم؟

   
    ***************************


           
                         

 


         

 

 

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 687