donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Articles on Child -->> Bachchon Ke Liye Islahi Mazameen
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Tauqeer Aesha
Title :
   Haadsa Aik Dam Nahi Hota

حادثہ ایک دم نہیں ہوتا


توقیر عائشہ


دن سے متواتر بازار جانا پڑ رہا تھا۔ وہ بھی بھری دوپہر میں، سبب خالہ زاد بہن کی شادی تھی کیونکہ شادی کی تیاری میں خالہ جان کا ہاتھ بٹانا تھا۔ دوپہر کے وقت جانے کا انتخاب یوں کیا کہ اس وقت دکاندار ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہوتے ہیں۔ توجہ سے بات کو سن لیتے ہیں اور خریداری بھی اطمینان بخش طریقے سے ہو جاتی ہے۔

سو ہم خالہ بھانجی چار بجے کے قریب نکلتے۔ راستے میں فالسے والے ملتے، ٹن ٹن کرتے قلفی اور گولے گنڈے والے ملتے، باقی تو سب گھر بند کیے یو پی ایس اور جنریٹر کی چنگھاڑیوں میں ’’آرام‘‘ کر رہے ہوتے۔ بس ایک ہی ننھی مخلوق دیکھی جو بھری دوپہر میں وزنی بستے پیٹھ پر لادے دودو، چار چار کی ٹولیوں میں اس گلی سے نکل اُس گلی میں ہنستی بولتی چلی جارہی ہوتی۔

یہ منظر روزانہ ہی دیکھنے میں آتا کہ نرسری سے لے کر بڑی کلاسوں تک کے بچے جھکی کمروں کے ساتھ ٹیوشن پڑھنے گھروں سے نکلے ہوتے یا کچھ بچے، بچیاں سِیپارے ہاتھوں میں تھامے مدرسوں کی طرف جا رہے ہوتے۔ ہم خالہ بھانجی بچوں کے بارے میں باتیں کرتے جاتے اور دل میں اُن پر رحم کھاتے جاتے۔

ایک چیز ایسی مشاہدے میں آئی کہ جس نے مجھے قلم اٹھانے پر مجبور کر دیا، وہ تھے ان کے لباس، اکثر بچیاں موٹی موٹی جینز کی پتلونوں میں پھنسی ہوئی اور بغیر آستین کے بنیان جیسی شارٹ قمیص یا صرف کندھوں کے اسٹیپ پر مشتمل پولی ایسٹر، جرسی یا نیٹ کے فراک پہنے ہوتیں اور مدرسے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اسی پر ایک دھجی نما دوپٹا بھی زیب گلو ہوتا۔ وزنی بیگ اٹھانے میں بچے جھک جاتے اور ان کی قمیصیں پیچھے سے اٹھ جاتیں۔

یہ ہمارا پہناوا تو نہیں… اور اس قدر کھلا لباس موسم سے مطابقت بھی تو نہیں رکھتا۔ اب ذرا اس جگہ جا کر دیکھیے جہاں یہ بچے ٹیوشن پڑھنے بیٹھتے ہیں۔ اکثر گھروں میں فرشی نشست ہوتی ہے۔ جہاں ایک ہی محلے کے کئی گھروں کے بچے اکٹھے بیٹھ کر پڑھتے ہیں۔

ایسی پھنسی ہوئی جینز میں زمین پر بیٹھ کر لکھنا کس قدر مشکل کام ہے۔ وہ مائیں جو یہ لباس محض اپنی آسانی کے لیے پہنا کر بھیجتی ہیں وہ ان تکلیفوں کو محسوس نہیں کرتیں کیونکہ انھوں نے اپنے بچپن میں اس قسم کے لباس نہیں پہنے تھے یہ لباس تو اسی زمانے کا تحفہ ہیں۔

یہ بچیاں اس حلیے میں کیوں نظر آتی ہیں؟ اگر مائوں سے پوچھا جائے تو جواب ملے گا کہ بازار میں اب یہی کچھ بک رہا ہے تو ہم خرید لیتے ہیں۔ حالانکہ جتنے پیسوں میں یہ تکلیف دہ اور عریاں لباس ملتا ہے اتنے ہی پیسوں میں لان یا کاٹن کے چھوٹے چھوٹے پرنٹس کے کپڑے خرید کر شلوار قمیص ٹرائوزر اور فراکیں بڑے آرام سے بنائی جا سکتی ہیں۔ یقین کیجیے ایک کے بجائے دو جوڑے بن جائیں گے جو پسینہ جذب کرنے کے ساتھ ساتھ اچھے بھی لگیں گے۔ اب بچے زمین پر بیٹھیں یا پارک میں جھولا جھولیں انھیں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔

عریاں لباس کے کتنے دوررس اثرات ہیں اس پر غور کرنے کی کبھی زحمت نہیں کی گئی۔ جب ایک چھوٹی سی بچی ننگے بازوئوں والی فراک اور نیکر پہن کر گھر سے نکلتی ہے تو گڑیا سی لگتی ہے۔ دس روپے ہاتھ میں دبائے محلے کی دکان پر ’’چیز‘‘ لینے آتی ہے۔ عام مشاہدہ ہے کہ دُکانوں پر کھڑے فالتو اور آوارہ افراد اور محلے ہی کے لڑکے آلودہ ذہنوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور پھول سی معصوم بچیوں پر بری نظر ڈالتے ہیں۔ بہانے سے ان کے بازوئوں پر چٹکیاں لیتے اور مذاق کرتے ہیں۔

آپ نے کبھی غور کیا کہ شام کے وقت جب محلے کے بچے کرکٹ کھیلنے گلی میں جمع ہوتے ہیں ان کے ہی درمیان یہ معصوم بچیاں، پکڑم پکڑائی اور پہل دوج جیسے کھیل، کھیل رہی ہوتی ہیں۔ میڈیا کی ’’مہربانی‘‘ سے جلد ’’بڑے‘‘ ہو جانے والے یہ چھوٹی عمر کے لڑکے اشتہارات کی بولیاں بولتے، رٹے رٹائے ڈائیلاگز بولتے اور آنکھوں ہی آنکھوں میں نازیبا اشارے کرتے ہیں۔ آخر کس نے یہ کہہ دیا ہے کہ اپنی معصوم بچی کو باربی ڈول بنا کر گلی میں کھیلنے بھیج دو۔

سب سے زیادہ گِلہ مجھے ان والدین سے ہے جن کی بچیاں آٹھ سے تیرہ سال کی عمروں میں ہوتی ہیں۔ ماں باپ بہت بے خبر، بہت روشن خیال اور لبرل بن کر ان کو نامناسب لباسوں میں لیے سڑکوں پر چلتے پھرتے ہیں۔ جہاں جہاں یہ اس حلیے میں جاتی ہیں دکاندار حضرات، آئسکریم پارلر کے منتظمین، گلی محلے والے، سبزی والے ان پر جو نگاہیں ڈالتے ہیں حیرت ہے کہ والدین کو وہ تیر بھالے بن کر کیوں نہیں لگتے۔

وقت کرتا ہے پرورش برسوں
حادثہ ایک دم نہیں ہوتا

آئے دن تو ہم ان معصوم جانوں کے ساتھ ہونے والے روح فرسا واقعات تواتر سے اخبارات میں پڑھ رہے ہیں۔ کبھی ’’شہزادی‘‘ کبھی ’’نیلم‘‘ اور کبھی ’’ثنا‘‘ کی شکل میں معصوم روحیں شیطان کی بھینٹ چڑھ جاتی ہیں۔ ان المناک واقعات کے پس منظر میں جائیں تو آپ کو ایک طویل قطار بے حیائی کے بیج کاشت کرنے والوں کی ملے گی۔

ان میں اشتہاری اور فلمی صنعت سے وابستہ افراد، پریس میں ان کے خوشنما اور خوش رنگ تذکرے، نیٹ اور موبائل کے ایک کلک پر سب کچھ حاضر کر دینے والی گلیمرس دنیا اور بہت بہت کچھ… جو عوام میں جنسی جذبات کی آگ کو بڑھانا چڑھانا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں، ملیں گے۔

جب انسان کو بھیڑیا بنانے والی اتنی ساری فیکٹریاں لگی ہوں تو آپ اپنے بچوں کے دفاع سے اتنے غافل کیسے ہیں؟

کسی بھی نجی محفل میں معاشرے میں بڑھتی ہوئی فحاشی و بے حیائی کا ذکر لے بیٹھیں تو ہر شخص بے حد دل گرفتہ اور ان نکات سے متفق دکھائی دے گا چاہے وہ کوئی مرد ہو یا خاتون مگر اس بے حیائی کے فروغ میں کس کا کتنا حصہ جا رہا ہے اس پر دھیان دینے پر کوئی تیار نہیں۔ ضرورت اپنے حصے کی منافقت دھونے اور اپنا طرز عمل تبدیل کرنے کی ہے۔

وہ خواتین جو زیادہ وقت مختلف چینلز کے پرکشش نظریات کے زیر اثر رہتی ہیں وہ تصور میں ان ہی ماڈلز اور اداکارئوں جیسے لباس زیب تن کرنا چاہتی ہیں۔ بلکہ اپنے آپ کو ایسے واہیات لباس پہنے محسوس کرتی ہیں اور وہ یہ بھی جانتی ہیں کہ مخصوص خاندانی اور معاشرتی دبائو کے تحت وہ یہ نہیں کر سکتیں تو وہ یہ شوق اپنی پھول جیسی بچیوں کے ساتھ پورا کر کے تسکین اور خوشی حاصل کرتی ہیں۔ لیکن ان کا یہ شوق ان بچیوں کے لیے کس قدر ہولناک نتائج لاتا ہے۔ کیا یہ میرا تجزیہ اور مشاہدہ ان کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہو گا؟

اس کا ایک بڑا اور اہم پہلو اور بھی ہے۔ ابھی تو آپ انھیں یہ لباس پہنا کر خوش ہو جاتے ہیں لیکن چند سال بعد یہ بچیاں بڑے ہو کر عمر کے اسی دور میں آجاتی ہیں جب ان پر معاشرتی اور مذہبی حدود کا اطلاق ہونے لگتا ہے۔ اب آپ ان پر پابندیاں لگانا شروع کرتے ہیں۔ انھیں آستینوں والے لباس، اسکارف اور عبایا پہنانا چاہتے ہیں تو ایک تصادم پیدا ہوتا ہے۔

حیا کا وہ بیج جو ابتداء میں مار دیا گیاتھا اب اسے مصنوعی طور پر اگانے اور اس میں پھول اور پتے لگانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہاں سے بغاوت جنم لیتی ہے اور ہماری مذہبی اور سماجی اقدار کہیں بہت دور کھڑی نظر آتی ہیں۔

ہمارے دین نے جو ثقافت اور سماجی اقدار ہمیں عطا کی ہیں۔ وہ فطرت کے عین مطابق ہیں۔ وہ ہیرا ہے اس کے سوا جتنے بھی زندگی گزارنے کے اطوار ہیں وہ کنکر ہیں، پتھر ہیں اور آگ ہیں۔ ہیرا مسترد کر دینے کا مطلب باقی تین ممکنات میں سے ایک کا انتخاب ہے۔

اس لیے اپنی پھول جیسی بچی سے پیار کا حق ادا کیجیے۔ اسے وہ پیراہن دیجیے جو اس کی حفاظت کا ضامن ہو ناکہ دوسروں کی بری نگاہوں کا مرکز بنا دے اور عزت و ناموس اور جان دونوں کو دائو پر لگا دے۔

٭٭٭

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 876