donateplease
newsletter
newsletter
rishta online logo
rosemine
Bazme Adab
Google   Site  
Bookmark and Share 
mazameen
Share on Facebook
 
Literary Articles -->> Personality
 
Share to Aalmi Urdu Ghar
Author : Dr. Gholam Shabbir Rana
Title :
   Allah Datta Hajam


( اللہ دتہ حجام (   بابا ایک آنے ولا

خدمت میں عظمت کی درخشاں مثال



 غلام شبیر

 زمیں لوگوں سے خالی ہو رہی ہے
 یہ رنگ آسماں دیکھا نہ جائے


          غریبوں ،مزدوروں اور فاقہ کش انسانوں کا خادم اللہ دتہ حجام 1983میں دائمی مفارقت دے گیا۔اللہ دتہ 1878میں جھنگ شہر میں پیدا ہوا ۔چھے سال کی عمر میں باپ کا سایہ سر سے اُٹھ گیا ۔اِس دُھوپ بھری دنیا میںاُس نے محسوس کیا کہ سورج واقعی سوا نیزے پر آ گیا تھا ۔ آبائی پیشے کے اعتبار سے وہ  حجام تھا،اس لیے اُس نے کم عمری ہی میں رزق حلا ل کمانے کے لیے اپنے آبائی پیشے میں مہارت حاصل کی ۔دینی تعلیم  ممنا گیٹ جھنگ شہر میں واقع مسجد شاہ علیانی  میں میاں برخوردار خان سے حاصل کی ۔  وہ ایک صابر ،شاکر اور نیک اطوار کا حامل ہو نہار بچہ  تھا ،اللہ کریم نے اُسے ایک درد مند دِل سے نوازا تھا۔دس سال کی عمر میں اللہ دتہ قرآ ن حکیم اور حدیث شریف پڑھ چکا تھا اور ساتھ ہی اپنے آبائی پیشے میں بھی کامل مہارت حاصل کر چکا تھا۔اگرچہ وہ اپنے فن میں ماہر تھا لیکن اُس کے پاس اتنا سرمایہ نہ تھا کہ شہر کے بازار میں دکان کا ایک سال کا پیشگی کرایہ اور پھر ماہانہ کرایہ ادا کر سکے ۔ناچار اُس نے جھنگ شہر کے نُور شاہ دروازے کے جنوب کی سمت والی پہلی گلی  کے شروع میں زمیں پر بیٹھ کر حجام کا پیشہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔1890میں وہ ایک پیسہ لے کر حجامت کرتا تھا۔اِس میں سر کے بال تراشنا ،شیو کرنا ،ہاتھوں اور  پیروں کے ناخن کا ٹنا اور معمر افراد کے سر پر کالی مہندی لگا نا بھی شامل تھا ۔اُ س کے پاس حجامت کے لیے آنے والوں میں کم سِن بچے ،نو عمر لڑکے ،نو جوان مرد  ،ادھیڑ عمر کے مرد اورضعیف آدمی سب شامل تھے ۔اللہ دتہ نماز تہجد پڑھنے کے بعد با جماعت نماز فجر ادا کرتا اِس کے بعد قرآن حکیم کی تلاوت کرتا اور گھر سے ناشتہ کرنے کے بعد با وضو ہو کر گھر سے نکلتا ۔اُس کے بائیں ہاتھ میں حجامت کے اوزاروں کی چھوٹی سی صندوقچی ہوتی اور دائیں ہاتھ میں تسبیح ہوتی ۔وہ ہمہ وقت درود پاک کا ورد کرتا رہتا ۔ سورج طلوع ہوتے ہی نور شاہ  بازار میں اپنی مقررہ جگہ پر پہنچ جاتا فرش زمین پر بیٹھ جاتا  اور سورج غروب ہونے تک وہ اپنے کام میں مصروف رہتا ۔سردی ہو یا گرمی اس کے اوقات میں کوئی خلل نہ پڑتا۔گرمی میں وہ دیوار کے سائے میں بیٹھ کر غریب  لوگوں کی  حجامتیں کرتا اور سردی میں وہ دھوپ میں بیٹھ کر اپنے کام میں ہمہ تن مصروف رہتا۔یہ باریش نو جوان شرافت اور حیا کا پیکر تھا ۔سب کے ساتھ اخلاق ،اخلاص ،ہمدردی اور نرم دلی سے پیش آنا اُس کا شیوہ تھا ۔آندھی ،طوفان اور بارش میں وہ ناچار اپنا کام بند کر کے گھر کا رُخ کرتا۔کام کے دوران ظہر اور عصر کی نماز وہ با جماعت پڑھتا ۔اس وقفے میں وہ حجامت کے اوزاروں کی صندوقچی وہیں زمین پر رکھ کر نزدیکی مسجد میں پہنچتا۔ اِس مسجد میں ہینڈ پمپ تھا وہ اِس ہینڈ پمپ کو مسلسل چلاتا اور اُ س حوض کو  پانی سے بھر دیتا جہاں سے وضو اور طہارت خانوں کے لیے پائپ کے ذریعے پانی جاتا تھا ۔اِس کے بعد وہ مسجد کی صفوں کی جھاڑ پھونک میں مصروف ہو جاتا ۔اُس کی آواز بلند اور لہجہ دبنگ تھا ۔جب وہ اذان دیتا تو اُس کی آواز دُور دُور تک پہنچتی ۔جب اُس کی عمر بیس سال ہوئی تو نمازیوں نے اللہ دتہ حجام کو نُور شاہ دروازے کی پہلی گلی میں  واقع چھوٹی سی مسجد کا  پیش نماز مقرر کر دیا ۔اِس مسجد میں اللہ دتہ حجام نے بجلی کا کنکشن منظورکرایا اور جب تک زندہ رہا مسجد کی بجلی کے بل کی رقم کی بر وقت ادائیگی کا انتظام بھی خود کرتا رہا۔اِس مسجد میں ہر ماہ محفل حمد و نعت کا باقاعدگی سے اہتمام کرتا ۔اِس میں ممتاز حمد خواں اور نعت خواں شرکت کرتے اور سامعین کے جذبہء ایمانی اور عشق رسول ﷺ کی تسکین ہوتی ۔ جھنگ کے مایہ ناز شاعر رام ریاض (ریاض احمد شگفتہ )اکثر یہاں آتے تھے۔یہ نعت سُن کر اللہ دتہ حجام کی آنکھیں پُر نم ہو جاتیں اور وہ یہ نعت بار بار سُنتا:

            جو بھی شیریں سخنی ہے میرے مکی مدنی ﷺ
         تیرے ہونٹوں کی چھنی ہے میرے مکی مدنی ﷺ

            نسل در نسل تیری ذات کے مقروض ہیں ہم
          تو غنی ابن ِ غنی ہے میرے مکی مدنی ﷺ

         ابتدا میں اللہ دتہ حجام محض ایک پیسہ لے کر حجامت کرتا تھا لیکن 1947کے بعد اُس نے اپنی مزدوری ایک آنہ مقرر کی اور اِس کے بعد یہی اُس کی پہچا ن بن گئی ۔لوگ اُسے بابا آنے والا کے نام سے یاد کرتے ۔اپنی محنت کی اُجرت اورخدمت کا مقام اُس نے پھر کبھی نہ بدلا ۔لوگ کہتے تھے اللہ دتہ حجام جہاں بیٹھ گیا ،بیٹھ گیا ۔جو کچھ اُس نے کہہ دیا وہ کالنقش فی الحجر ہے ۔جھنگ شہر میں غریب لوگوں کی بے لوث خدمت کے سلسلے میں چار آنے والے حکیم (حکیم احمد بخش نذیر )اور ایک آنے والے حجام (بابا اللہ دتہ )کا نا م کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔جِس زمانے میں ہر شخص ہوس زر کی اندھی دوڑ میں دیوانہ وار  مصروف ہو ،دولت کو ٹھکرانے والے لوگ بہت کم دکھائی دیتے ہیں۔اللہ دتہ حجام جو کچھ کماتا اُس میںسے دو وقت کی ر وٹی کے  لیے درکار پیسے الگ کر لیتا باقی رقم شام کو مستحق غریبوں کے گھر پہنچا کر اللہ کریم کا شکر ادا کرکے آرام کی نیند سوتا۔وہ اکثر کہا کرتا تھا :

          رزق نہ پلے بنھدے پنچھی تے درویش
         جنھاں نوں تقویٰ اللہ دا اوہناں نوں رزق ہمیش

   اُردو ترجمہ :      رزق ذخیرہ کبھی کریں نہ درویش اورطیور
                  اللہ پر جو کریں بھروسااُن کو رِزق وفور

          جھنگ کے قدیم شہر کے بارے میں یہ قیاس کیا جاتا ہے کہ یہاں چار ہزار سال قبل مسیح میں بھی آبادی کے آثار پائے جاتے تھے۔امیر اختر بھٹی اور غلام علی خان چین اس شہر کے کچھ کھنڈرات کو طُوفانِ نوح کی باقیات قراردیتے تھے  ۔سکندر کی افواج اس علاقے میں پہنچیں اور یہاں یونانیوں نے اپنی رسوم کے مطابق حُسن کی دیوی (ہیر) کا مندر بھی تعمیر کیا ۔جس کے کھنڈرات آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں ۔اس قدیم شہر میں اسلام کی روشنی 712میں محمد بن قاسم کی شورکوٹ  آمد سے بھی پہلے پہنچ چکی تھی ۔عرب تاجر اس علاقے میں طویل عرصے سے تجارت کی غرض سے آ رہے تھے ۔جھنگ شہر کی پہلی مسجد شاہ علیانی  کے نام سے معروف ہے ۔اِس کی تعمیر دوسری صدی ہجری میں ہوئی ۔یہ مسجد اب بھی مو جود ہے ۔ڈیڑھ ہزار سال قدیم یہ مسجد قدیم عرب طرز تعمیر کا عمدہ نمونہ تھی ۔ اِس کی دیواریں مٹی کے گارے اور چُونے سے بنائی گئی تھیںاس کی چھت پر کھجور کے تنے کے شہتیر اور بالے ڈالے گئے تھے اور کھجور کے پتے اور مٹی ڈال کر اس کی لپائی کی گئی تھی۔1960میں اِس مسجد کی تعمیرِنو کی گئی اِس کام میں اللہ دتہ حجام ،غلام علی خان چین ،احمد بخش ،خدا بخش ، محکم دین ،مرزا محمد وریام ،حاجی محمد یوسف ،محمد بخش آڑھتی ،اللہ دتہ سٹینو ،محمد کبیر بھٹی ،حکیم احمد بخش ،میاں محمود بخش بھٹی ،میاں اللہ داد ،ڈاکٹر محمد عمر ،ملک عمر حیات ،رانا سلطان محمود اور شیر محمد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔  اللہ دتہ حجام نے اِسلام کی آفاقی تعلیمات اور توحید اور رسالت کی محبت کو جزو ِ ذات بنا رکھا تھا اِسی کے اعجاز سے اُس کے دِل و نگاہ کی دنیا منور تھی ۔

           بے ثبات کارِ جہاں میں شقاوت آمیز نا انصافیوں کو دیکھ کر اُس نے ہر صبح رنج و الم کے عالم میں شام کی اور یوں اُس کی خوننابہ کشی مدام جاری رہی ۔وہ ایک صاحب ِ بصیرت شخص تھا،سرِ راہ لوگوں کی ایک جھلک دیکھ کر وہ اُن کے گوشہء چشم میں لرزاں پیغام پڑھنے پر قادر تھا۔دِل کے پیہم اضطراب کے باعث اُس کی چشم ہمیشہ پُر آب رہتی ۔وہ اکثر کہا کرتا کہ دِل کی بربادی کا کیا مذکور ہے ،اِس نگر کو تو گردش حالات نے لُوٹ کر ویرانے میں بدل دیا ۔دِ ل کی ویرانی میں ان جان لیوا صدموں کے داغ اِس طرح ضو فشاں ہوتے ہیںجیسے اُجڑی بستی کے کِسی کھنڈر میں رات گئے کوئی چراغ جھلملانے لگے ۔  مفلس و قلاش غم زدوں کی زندگی کا سفر تو جیسے تیسے کٹ ہی جاتا ہے لیکن بوسیدہ جھونپڑوں اور شکستہ  مکاں سے ہفت خواں طے کرتے ہوئے لا مکاں کی منزل تک پہنچتے پہنچتے اُس کی روح زخم زخم ہو جاتی ہے اور وہ مکمل طور پر کر چیوں میں بٹ جاتا ہے ۔اپنے آنسو ہنسی کے خوش رنگ دامنوں میں چُھپا کر خندہ پیشانی سے کٹھن حالات کے سامنے سینہ سپر رہنے والے اس درویش منش فقیر نے اِس عالم آب و گِل کو ایک آئینہ خانے اور توہم کے کارخانے سے زیادہ کبھی اہمیت نہ دی ۔

           قُدر ت  اللہ شہاب نے اپنی تصنیف ’’شہاب نامہ ‘‘میں اللہ دتہ سٹینو کا ذکر بہت اچھے الفاظ میں کیا ہے ۔اس کے علاوہ اُس نے  جھنگ کے جِس پُر اسرار موچی کے کشف و کرامات کا حال بیان کیا ہے ،اُس کا نام کرم دین (عرف کرموں موچی )تھا۔وہ اور اللہ دتہ سٹینو دونوں اللہ دتہ حجام کے عقیدت مندوں میں شامل تھے ۔اِس کے علاوہ میاں مراد علی (عرف میاں مودا )سید مظفر علی ظفر ،حامد علی شاہ ،  امیر اختر  بھٹی ،عبدالغنی (برتن فروش )عبداللہ خان ،بختاور خان ،منیر حسین معلم اور شاہ محمد بھی اُس کے احباب میںشامل تھے ۔ان کے ساتھ مل کرو ہ اصلاحی اور فلا حی کاموں میں بھر پور حصہ لیتا ۔معرفت ،درویشی اور فقیری کی اقلیم کے یہ فرماں روا پنی اپنی دنیا میں مگن دُکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار شکوہء ظلمتِ شب میں اپنا وقت ضائع کرنے  کے بجائے اپنے اپنے حصے کی شمع فروزاں کرنے کی مساعی میں منہمک رہتے ۔اللہ دتہ حجام اِن کا میرِ کارواں تھا اور یہ سب اُس کے قدم سے قدم مِلا کر سوئے منزل رواں دواں رہتے ۔چشم ِ بینا پر یہ بات واضح تھی کہ اِن فقیروں نے اپنے پیشوں اور دنیا داری کا جو روپ دھار رکھا تھا اُس کے پس پردہ کتنی عظیم ،با کردار اور مقربِ بارگاہ ہستیاں تھیں ۔اللہ دتہ حجام نے زندگی بھر اپنی قناعت ،استغنا ،انا اور خود داری کا بھرم ر قرار رکھا۔فرشِ زمین پر بیٹھنے والے یہ لوگ کردار کے اعتبار سے افلاک کی وسعتوں کو چُھو لیتے تھے ۔اللہ دتہ حجام نے نمود و نمائش اور ہوس ِزر سے اپنا دامن بچاتے ہوئے بے لوث محبت اور حسن اخلاق سے غریبوں کے دِلوں کو مسخر کر لیا۔انسانیت کی عظمت ،وقار اور سر بُلندی کو مطمح نظر بنانے والے ایسے یگانہء ر وزگار لوگ سونے کے ترازو میں نہیں تولے جا سکتے ۔

        اللہ دتہ حجام کی زندگی کشف و کرامات کی متعدد چشم کشا صداقتوں اور ناقابلِ فراموش  واقعات سے لبریز ہے ۔اُس کی ذات  ایک قندیل کے مانند تھی ۔اِس روشنی کی راہ میں جو بھی حائل ہوا وہ حر ف غلط کی طرح مٹ گیا اور لوگوں کے لیے عبرت کی مثال بن گیا۔لالہ دُنی چند جھنگ شہر کا بد نام سُو د خور مہاجن تھا۔اُس نا ہنجار بنیے  نے سُود در سُود کے قبیح دھندے سے پُورے علاقے کے غریب  مُسلمان کِسانوں فاقہ کش غریبوں اور مزدوروں کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی ۔اِس ظالم و سفاک ،مُوذی و مکار بنیے کی درندگی اور شقاوت آمیز نا انصافیوں سے بے شمار گھر بے چراغ ہو گئے ۔غریبوں کے سر چھپانے کے گھر ،کھیت کھلیان اور زیورات اِس کے پاس رہن رکھے ہوئے تھے ۔اِس کے مظالم سہنے والے بے بس لوگ جھولیاں اُٹھا کر اِسے بد دعا دیتے اور قادرِ مُطلق کے حضور گِِڑ گڑا کر سوال کرتے کہ پروردگار ِعالم نے لالہ دُنی چند جیسے فرعون کی مُدت حیات کو کیوں بڑ ھا رکھا ہے ؟اِتفاق کی بات ہے کہ خسیس لالہ دُنی چند ہر ماہ اللہ دتہ حجام سے اپنا سر مُنڈا کر اپنی ٹِنڈ کراتاتھا۔

         دسمبر 1939کی خُون منجمد کر دینے والی سردیوں کی ایک خنک  سہ پہر تھی یخ بستہ برفانی ہوائیں چل رہی تھیں۔جاڑے کے باعث بازار ویران تھا ۔لالہ دُنی چند اب ضعف پِیری سے نڈھال تھا ۔اچانک وہ کمر جھکائے اللہ دتہ حجام کے پاس آیا اور اُسے مخاطب کر کے بولا :

       ’’ارے میاں اللہ دتہ !میرے سر کے بال بہت لمبے ہو گئے ہیں۔مہنگائی کے اِس دور میں اِن لمبے بالوں پر تیل لگانے کی سکت مجھ میں نہیں ۔ ہر ماہ کی طرح میری ڈاڑھی ،مونچھیں اور سر کے بال صاف کر دو ۔بچت کرنا اچھی عادت ہے اِس لیے میں ہمیشہ  بال بڑھانے کی عیاشی سے دُور رہتا ہوں ۔‘‘

      ’’تُم جیسے دولت مند مہاجن کو ایسی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا ‘‘اللہ دتہ بولا’’تُم نے تو پُورے شہر کو اپنے سُود در سُود کے چُنگل میں جکڑ رکھا ہے۔کون ہے جو تمھارے مظالم سے تنگ نہ ہو۔ بے بس و لاچار غریبوں کو تم نے یر غمال بنا رکھا ہے  ۔تُمھارے پاس مال و  دولت کی ریل پیل ہے ۔اِس طرح نا شکری نہ کیا کرو ۔‘‘

’’فضول باتیں بند کرو ‘‘ لالہ دُنی چند نے دانت پِیستے ہوئے کہا’’جلدی سے میری ٹِنڈ کروکل میں نے ایک ضعیف بیوہ کا مکان قُرق کرایا ہے اُس نے میرے سُود کی رقم نہیں دی تھی ۔اُسے میںنے گھر سے بے گھر کر دیا ۔آج دو یتیم بچوں کے مکان کا قبضہ لینا ہے پیادے میں نے بھیج دئیے ہیں ،اُن کے مرحوم باپ نے مجھ سے دس سال پہلے جو قرضہ لیا تھا وہ اب بڑھ کر چار گُنا ہو چکا ہے ۔‘‘

         اللہ دتہ حجام اِس مخبوط الحواس اور فاتر العقل جاہل کی باتیں سُن کر خاموش ہو گیا اور جلدی سے لالہ دُنی چند کے سر ،ڈاڑھی اور مُو نچھوں کو صفا چٹ کر دیا ۔حجامت سے فارغ ہو کر لالہ دُنی چند نے غُراتے ہوئے بد تمیزی سے کہا’’اوئے اللہ دتہ !میری بات کان کھول کر سُن لے آئندہ میرے معاملات میںدخل مت دینا اور اپنی اوقات میں رہنا ۔تُو ایک پیسہ لینے ولا حجام ہے اور میں ارب پتی تاجر ۔میرے سامنے تیری کیا اوقات ہے ۔مجھ سے منہ سنبھال کر بات کیا کرو ۔‘‘
      اللہ دتہ نے دھیمے لہجے میں کہا ’’اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے ۔  بے بس و لاچار انسانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑنے سے پہلے یہ سوچ لو کہ اللہ کی گرفت نہایت سخت ہے۔خالق کائنات کے ہاں دیر تو ہے مگر اندھیر نہیں ۔اُس قادر مطلق سے ڈرو اور سُود خوری کے قبیح دھندے سے توبہ کر لو ۔‘‘

       ’’خاموش رہوزبان دراز حجام ‘‘لالہ دُنی چند بائولے کُتے کی طرح غُرایا ’’ذات کی کو ڑھ کِرلی  اور شہتیروں پر چڑھائی ۔میری آن بان کے آگے تو پُوری خلقت ہیچ ہے اور تم ہو کہ مسلسل اپنی ہانکے چلے جا رہے ہو ۔اب کوئی بات کی تو میں تمھاری زبان گُدی  سے کھینچ لو ں گا ۔مجھے اپنے خدا کی بے آواز لاٹھی سے مت ڈرائو ۔دُنیا کی کوئی طاقت میرا بال بھی بیکا نہیں کر سکتی ۔‘‘
     اِس کے ساتھ ہی لالہ دُنی چند نے اللہ دِتہ حجام کی صندوقچی کو زور سے ٹھوکر ماری ،اِس میں موجود اوزار زمین پر بکھر گئے ۔اللہ دِتہ حجام تیزی سے اپنے اوزار سمیٹ کر زمین پر بیٹھ گیا اور آسمان کی طرف دیکھ کر آہ بھری اور پُرنم آنکھوں سے زیر ِلب کچھ کہا اور پھر چُپکے سے گھر چلا گیا ۔شام ہو چکی تھی اللہ دِتہ گھر پہنچ گیا اور اُس نے مغرب کی نماز پڑھی او ر حسبِ معمول  درود  پاک اور قرآنی آیات کی تسبیح میں مصروف ہو گیا۔

          لالہ دُنی چند نہایت رعونت کے ساتھ اللہ دِتہ حجام کو مغلظات بکتا رہا پِھر بُڑ بُڑاتا  ہوا دریائے چناب کے کنارے واقع اپنے فارم ہائوس کی طرف چل پڑا ۔ابھی وہ راستے ہی میں تھا کہ زبردست طُوفانِ ِباد و باراں نے اُسے دبوچ لیا ۔اِس کے ساتھ ہی ژالہ  باری بھی شروع ہو گئی ۔یہ خوف ناک ژالہ باری ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں موٹے موٹے اولے پڑے ۔لالہ دُنی چند فطرت کی سخت تعزیروں کی زد میں آ چُکا تھا ۔وہ جان بچانے کے لیے اندھا دُھند ہر طرف دوڑا مگر اِ س لق و دق صحرا میں اُسے کہیں بھی سر چھپانے کی جگہ نہ مِلی ۔وہ منہ کے بل گِرا اور ٹھنڈا ہو گیا ۔اگلی صبح اُس کا ڈھانچہ دریائے چناب کے کنارے پایا گیا جِسے جنگلی درندے چٹ کر گئے تھے ۔  سُو رج طلوع ہوتے ہی زاغ و زغن لالہ دُنی چند کے استخواں  نوچ رہے تھے ۔اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ مظلوموں کی آہ و فغاں اور اللہ دتہ حجام کی بد دعا نے اس فرعون کا کام تما م کر دیا ۔

        جھنگ شہر کا نُور شاہ دروازہ جھنگ کا چلیسی کہلاتا ہے ۔اِس دروازے کے سامنے سے جو شاہراہ گزرتی ہے اُ س کے شمال میں پولیس چوکی ،جنوب میں ایک سرکاری سکول ،اِس کے ساتھ ملحق گلی میں ایک دینی مدرسہ ،دروازے کے ساتھ ہی حلوائی کی دکان ہے جس پر کئی خسیس اپنے دادا کا فاتحہ پڑھتے دکھائی دیتے ہیں ۔کچھ فاصلے پر جنرل ہسپتا ل ہے اور اُس کے عقب میں شفا خانہ حیوانات واقع ہے ۔اِس علاقے میں خوب چہل پہل رہتی ہے ۔ناصفو نامی ایک جنونی شخص اکثر اللہ دتہ حجام کے پاس آتا تھا ۔ایک دِن اُس نے کہا’’مجھے گُزشتہ ہفتے سے بُخار ہے ۔لسوڑی شاہ کے دربار سے لسوڑیاں بھی کھائیں، عامل کوڈو  سے عمل بھی کرایا مگر بے سود ،گھر میں ہر مل اور کافور کی دھونی بھی دی کوئی افاقہ نہ ہوا ۔ اُلو اور خنزیر کے خون سے جادو کا اثر زائل کرنے کے لیے نجومی گھسیٹا خان سے بھی مِلا ،جو ،جوار ،مکئی اور چاول کے دانوں کاہار بھی گلے میں پہنا مگر مرض بڑ ھتا ہی جاتا ہے ۔اب میں کس سے علاج کرائوں ؟‘‘

    پا س بیٹھے ہوئے احمد بخش نے کہا ’’اِس شہر میں ڈاکٹر محمد کبیر خان سے زیادہ قابل کوئی معالج نہیں ،تم اُن کے پاس  جا کر اپنی تکلیف بتائو اور اُن سے دوا لو ‘‘اللہ دتہ حجام نے بھی اس بات کی تائید کی ۔

      دس دِ ن کے بعد ناصفو پھر وہاں آ یا ۔اِس باروہ بہت ہشاش بشاش دکھائی دیتا تھا ۔اُ س نے اپنی بُوم جیسی آ نکھیں گھماتے ہو ئے کفن پھاڑ کر کہا ’’تم لو گوں نے مجھے جس ڈاکٹر کے پاس بھیجا میں اُس کے پاس گیا تھا ،چھے دن مسلسل دوا بھی کھائی مگر بالکل آرام نہ آیا۔‘‘
    ’’لیکن اِس وقت تو تم بھلے چنگے نظر آتے ہو ‘‘اللہ دتہ بولا ’’آخر کس کے علاج سے تمھاری تکلیف دور ہوئی ؟‘‘

       ’’میں شفاخانہ حٰیوانات میں گیا تھا ‘‘ناصفونے کہا ’’وہاں کا ڈاکٹر رنگو بہت قابل ہے ۔اُس نے مجھے ایک ہی ٹیکہ لگایا اور میں صحت یاب ہو گیا ۔‘‘
اللہ دتہ حجام بولا ’’سچ ہے تم اپنے علاج کے لیے صحیح مقام پر گئے ۔وہاں تم جیسوں کا شافی علاج ہو سکتا ہے ۔‘‘

 احمد بخش نے کہا ’’ڈاکٹر  محمد کبیر خان جو دوا دیتا ہے وہ صرف انسانوں کے لیے مفید ہے لیکن استر،بُوم  اور کر گس زادے  پر اس دوا کا کوئی اثر نہیں ہوتا ۔تم جیسے بُز اخفش کو سمجھانا ممکن ہی نہیں۔اتنی فرصت کِسے کہ بھینس کے آگے بین بجائے ۔‘‘ناصفو ہنہناتا ہوا وہاں سے رفو چکر ہو گیا ۔

    قحط الر جال کے موجودہ دور میں قلم و قرطاس کو بھی  بد قسمتی سے بعض عاقبت نا اندیش لوگوں نے  ذاتی پسند و نا پسند اور شخصی مفادات کے تابع بنا دیا گیا ہے ۔اکثر اہل قلم کو سونے کا چمچہ منہ میں لے کر پیدا ہونے والی قصر وایوان کی مخلوق کے فرضی محاسن تو دکھائی دیتے ہیں مگر پارس جیسے وہ پتھر جنھیں گردش ِحالات نے سنگ راہ بنا دیا اور جن کا وجود اِنسانیت کی خدمت اور عظمت کے سلسلے میں سنگِ مِیل کی حیثیت رکھتا ہے وہ کسی کو دکھائی نہیں دیتے ۔ کئی چربہ ساز لوگ ساغر جم کو تو للچائی ہوئی نظر سے دیکھتے ہیں مگر شکستہ اور مقبول جامِ سفال اُن سے نہیں دیکھا جاتا۔عیاش اور گُم راہ امرا کی رعونت تواُنھیں گوارا ہے مگر غریب محنت کشوں کا عجز و انکسار اِن قلم فروش متشاعروں کی آنکھوں میںکانٹے کی طرح کھٹکتا ہے ۔اللہ دتہ حجام کی زندگی سب کے لیے فیض رساں تھی ۔اُس کی سوچ ہمیشہ تعمیری رہی کسی کی تخریب سے اُس نے کبھی کوئی تعلق نہ رکھا ۔معاشرتی زندگی کی قباحتوں سے اُسے شدید نفرت تھی ۔اُس کی دعا مقبول ہوتی اور لوگ اُس کے سامنے اپنی تکالیف کا احوال بیان کر کے دعا کی التجا کرتے ۔گندا ٹوڑا (گندے پانی کا جوہڑ)کے نام سے جھنگ میں ایک کچی آبادی  صدیوں سے موجود تھی۔اِس مقام کا ماحول پتھر کے زمانے کی یاد دلاتا تھا ۔پُورے شہر کا گندا پانی اور غلاظت یہاں جمع ہوتی تھی ۔اِس علاقے کے مفلوک الحال مکینوں پر یہ اُفتاد پڑی کہ ثباتی نام کی ایک جِسم فروش رذیل طوائف اور اُس کے خصم گھاسفو نے یہاں  ایک مکان میں اپنا قبیح دھندا شروع کر دیا۔ثباتی نے خرچی کی آمدنی سے مقامی انتظامیہ کو بھی اپنا ہم نوا بنا لیا ۔اِ ن رسوائے زمانہ بد معاشوں کے سبز قدم پڑتے ہی یہاں کے مکینوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ۔ان ننگ انسانیت درندوں کے قحبہ خانے میں اجلا ف و ارذال  اور سفہانے دہشت کی فضا قائم کر دی ۔رام ریاض نے اللہ دتہ حجام کو بستی کے غریب مکینوں کی تکالیف سے آگا ہ کیا ۔ اللہ دتہ حجام ایک صاحب بصیرت شخص تھا ،اُس نے اِن غریبوں کو اِس بلائے نا گہانی سے نجات دلانے کے لیے اللہ کریم کے حضور دعا کی ۔اگلی شب گھاسفو اور ثباتی کو اپنے مکان میں ایک اژدہا نظر آیا جو پھنکارتا ہوا اُن کی طرف بڑھ رہا تھا۔اژدہا دیکھ کر اِن ضمیر فروش بے غیرت بد معاشوں کی گھگھی بندھ گئی اور وہ ننگے پائوں گھر سے بھاگ نکلے ۔اِس کے بعد اُن کی مکروہ صورت کبھی دکھائی نہ دی ۔منہ زور وقت زندگی کے متعدد حقائق کو خیال و خواب بنا دیتا ہے ۔وقت اِس قدر سبک خرام اور سبک رو تھاکہ ابتدا ہی میں سب پروانے ثباتی کو چھوڑ گئے اور کوئی بھی اُس کے انتہا کی خبر نہ لایا ۔سُنا ہے کچھ عرصہ بعد وہ دونوں جذام اور کوڑھ کر مرض میں مبتلا ہو گئے اور ہیرا منڈی لاہور کے باہر ایک فٹ پاتھ پر بیٹھ کر بھیک ما نگتے تھے لیکن کوئی اِن کو بھیک بھی نہ دیتا۔ ثباتی کوہر طرف سے دھتکار اور پھٹکار ملتی ۔ وہ حسینہ جو کبھی بے شمار پروانوں کے لیے شمع محفل تھی کوئی راہ گیر اُس کی طرف آنکھ اُٹھا کر دیکھنا بھی گوارا نہ کرتا۔

        اللہ دتہ حجام نے دُکھی انسانیت کے ساتھ خلوص ،دردمندی اور ایثار کی اساس پر جو پیمانِ وفا باندھا زندگی بھر اُسے استوار رکھا اور اِس معتبر ربط کوعلاجِ گردش ِ لیل و نہار سمجھا۔جھنگ شہر میں جب کسی کے گھر میں بچہ پیدا ہوتا اُس کے کان میں اذان دینے کے لیے ہمیشہ اللہ دتہ حجام کو بلایا جاتا۔نو مولودبچے کے کان میں اذان دینے کے بعد وہ اس کی اچھی زندگی ،صحت ،سلامتی ،خوش قسمتی اور نیک عادات و اطوار کا حامل ہونے کی دعا کرتا ۔کم سِن بچے کے سر کے پہلے بال بھی وہ احتیاط سے اُتارتا۔خوشی کے اِس موقع پر اگر کسی خاندان کی طرف سے اپنی ذاتی مرضی سے اُس کی کچھ خدمت کی جاتی تو وہ اُسے قبول کر لیتا اور یہ رقم وہ اُسی وقت کسی مفلس بیوہ یا یتیم بچی کو پہنچادیتا ۔اللہ کریم اُس کے  وسیلے سے نادار لوگوں کے لیے فیض کے اسباب فراہم کر دیتا اور وہ دُکھی انسانیت کی غم گُساری میں ہمیشہ مصروف رہتا ۔وہ لڑکیوں کی تعلیم کا زبردست حامی تھا ۔نوجوان لڑکیوں کو پردے کا پابند بنانے کے لیے اُس نے عملی اقدامات کیے ۔جب کوئی غریب بچی جماعت نہم میں داخلہ لیتی تو اُس کے لیے سکول کی وردی اور بُرقع مُفت فراہم کرنے کی ذمہ داری  اللہ دتہ حجام نے  از خود سنبھال رکھی تھی  ۔اِس نیک کام کے لیے اُسے شہر کے متعدد مخیر لوگوں کا تعاون حاصل تھا ۔جب کسی غریب بچی کی شادی کا موقع آتا تواللہ دتہ حجام اُس کے جہیز میں رکھنے کے لیے ست رچھی ( لوہے ،پیتل اور تانبے کے چودہ  برتن )ہر حالت میں مہیا کرتا ۔اِ ن میں پرات ،بالٹی ،تغاری ،جگ ،گلاس ،کڑاہی توا ،دیگچہ ،سر پوش ،ٹفن ،تھالی ،کٹورا ،گڑوی ،اور پتیلا شامل ہوتے تھے ۔اہل ِ درد کے تعاون سے وہ مونج کے بان سے بُنی ہوئی رنگین چارپائی اور پیڑھی بھی غریب بچی کے جہیز کے لیے پہنچا دیتا ۔  اپنے یہ کام وہ نہایت راز داری کے ساتھ جاری رکھتا اور کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوتی ۔اُ س کی یہ نیکیاں ہمیشہ غریبوں کے دِلوں کو مرکزِمہر و وفا کرتی رہیں گی ۔وہ اس قسم کے فلاحی کام ستائش اور صلے کی تمنا سے بے نیاز رہ کر انجام دیتا جب کوئی یتیم اور غریب بچی اپنے سسرال جاتی اور نیا گھر بساتی تواللہ دتہ حجام خوشی سے پُھولے نہ سماتا اور سجدہء شُکر  ادا کرتا ۔

        اللہ دتہ حجام ہر جان دار سے ٹُو ٹ کر محبت کرتا ۔ وہ اکثر کہا کرتا تھا کہ افراد کی محرومیوں اور تنہائیوں کے اعصاب شکن کرب کا مداوا صرف بے لوث محبت سے ہو سکتا ہے ۔اِس قسم کی  بے لوث محبت انسان کو حصارِ ذات سے باہر نکال کر  بیرونی دنیا کے ساتھ ایک ایسا مضبوط  اور مستحکم تعلق قائم کرنے کی صلاحیت سے متمتع کرتی  ہے ۔ دُکھی انسانیت  کے ساتھ یہ محبت  اُس کے جذبات و احساسات کو جہانِ تازہ سے آ شنا کرتی ہے اور حیات و کائنات کے جملہ مظاہر سے اُس کی قلبی وابستگی اُس کی شخصیت کو نکھار عطا کرتی ہے ۔اللہ دتہ حجام نے اِ س عالمِ آب و گِل کے جُملہ مظاہر کے ساتھ ایک حیاتیاتی تعلق اُستوار کر رکھا تھا ، یہاں تک کہ مظاہر قدرت سے بھی اُسے قلبی وابستگی اور والہانہ محبت تھی ۔  انسانوں ،حیوانوں ،شجر ،حجر طائرانِ خوش نوا اور باغ وصحرا سب اُس کی محبت کا محور تھے ۔نُور شاہ گیٹ کے ساتھ واقع ایک تاریخی تعلیمی ادارہ ہے اِ س میں پیپل کا درخت تھا جو 1560میں مغل افواج نے لگایا تھا ۔چار سو سال پرانے اس نخل تناور کی گھنی چھائوں میں گرمیوں میں بچے کھیلتے اور اس کی شاخوں میں بے شمار طیور کا بسیرا تھا۔ان میں عنادِل اور چڑیوں کی بڑی تعدا د بھی شامل تھی ۔ دریائے چناب میں1973کے سیلاب کے بعد ایک طوفان باد و باراں نے اِ س قدیم درخت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکا۔پرندوں کے گھونسلے تباہ ہو گئے ،اُن کے انڈے اور بچے رِزقِ خاک بن گئے اور کئی پرندے اِس نا گہانی آفت کی بھینٹ چڑھ گئے  ۔صبح ہوئی تو سیکڑوں طیور ااِ س آشیاں بربادی اور اپنے ہم نوا پرندوں کی ہلاکت  پر اپنے دُکھ کا اظہار کر رہے تھے۔ بُلبل ،کوئل اور پپیہا  شکستہ ٹہنیوں پر چونچیں مار مار کر اپنے دلی صدمے کا اظہار کر رہے تھے ۔فاختائوں قُمریوں اور چڑیوں کی چیخ پُکار سن کر کلیجہ منہ کو آتا تھا ۔ایسا محسوس ہوتا تھا کہ اس سانحے  اور اپنے انڈوں بچوں کی بربادی پر ان مصیبت زدہ  طیور کا سینہ پھٹ جائے گا  ۔اللہ بخش مالی ،اللہ دتہ حجام، خدا بخش ،احمد بخش ،حاجی محمد یوسف ،غلام علی چین اور ڈاکٹر محمد کبیر خان سب کی آ نکھیں پُر نم تھیں ۔جلد ہی بڑھئی آ گئے اور اُن کے قاتل تیشوں اور تیز آروں نے اس ساونت کے جِسم کو چیر کر رکھ دیا اور شاخیں ایندھن کے لیے کاٹ لیں ۔غلا م علی چین نے اس موقع پر یہ شعر پڑھ کر اپنے جذبات حزیں کا اظہار کیا:

                اِ س بار جو ایندھن کے لیے کٹ کے گِرا ہے
               چِڑیوں کو بہت پیار تھا اُس بُو ڑھے شجر سے

         یہ سُن کر اللہ دتہ حجام کی روتے روتے ہچکی بندھ گئی اور اُس نے گلو گیر لہجے میں کہا ’’یہ درخت جو گزشتہ صدیوں کی تاریخ کا ایک ورق تھا اب عبرت کا ایک سبق بن گیا ہے ۔‘‘
      حاجی محمد یوسف نے کہا ’’ حیات و کائنات جِس میں نباتات ،جمادات ،جان دار اور بے جان شامل ہیں سیلِ زماں کی مہیب موجوں میں خس و خاشاک کے مانند بہہ جاتے ہیں ‘‘

       اللہ دتہ حجام بولا ’’یہی سچ ہے !دُنیا کی ہر چیز فنا کی زد میں ہے اور بقا تو صر ف ربِ ذولجلا ل ولاکرام کو حاصل ہے ۔‘‘

          رام ریاض نے بھی اِسی سکول سے تعلیم حاصل کی تھی اور اِس قدیم درخت کی چھائوں میں بیٹھ کر قابل اساتذہ سے اکتسابِ فیض کیا تھا  ۔اِس چھتنار کے گِرنے پر اُس نے تمام احباب کے سامنے اپنے دِلی رنج اورغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

               رام اِس دھوپ بھری دنیا میں
              ایک دِن پیڑ نہ پتے ہوں گے

          مقدر نے اللہ دتہ حجام سے عجب کھیل کھیلا ۔وہ تعلیم حاصل کرنے کا خوہش مند تھا لیکن وہ پرائمری سے آگے نہ جا سکا اور  حالات نے اُسے آبائی پیشہ اختیار کرنے پر مجبور کر دیا۔اُس نے زندگی بھر یہ کوشش کی کہ شاہین بچوں کو تعلیم کے فراواں مواقع میسر ہوں اور وہ اپنی خوابیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کی سعی کریں ۔پرائمری سکول میں پڑھنے کے لیے جانے والے کم سن طلبا اور طالبات کی وہ ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتا ۔حاجی محمد یوسف کی کتابوں کی دکان سے سٹیشنری  خرید کر وہ غریب اور مستحق طلبا و طالبات میں مفت تقسیم کرتا ۔جب سکول میں تفریح کا وقفہ ہوتا تو وہ سکول کے دروازے پر پہنچ جاتا اور  ایسے ننھے مُنے بچوں کے لیے ریفرشمنٹ کا انتظام کرتا جن کے والدین اپنا پیٹ کاٹ کر ان ہو نہار بچوں کو بڑی مشکل سے سکول بھیجتے تھے ۔معصوم طلبا و طالبات اللہ دتہ حجام کو رحمت کا فرشتہ سمجھتے اور اُس سے مل کر اُنھیں نہ صرف تعلیم بل کہ زندگی کی جد و جہد سے بھی پیار ہو جاتا ۔وہ کم سِن بچے جنھیں غریب والدین نے حالات کے جبر کے باعث چائلڈ لیبر کی بھٹی میں جھونک دیا تھا،اُن کو تعلیم پر مائل کرنا اُس کا نصب العین تھا۔اِس کام کے لیے اُس نے انتھک جد و جہد کی ۔جن ماہرین تعلیم نے اللہ دتہ حجام کی مدد کی اُن میں عبدالحلیم انصاری ،عبدالستار نجم ،رانا عبدالحمید خان ،دیوان الیاس نصیب ،محمد بخش گھمنانہ اور سمیع اللہ قریشی شامل تھے ۔یہ کوششیں کامیابی سے ہم کنار ہوئیں اور سیکڑوں بچے تعلیم حاصل کرکے مفید شہری بن گئے ۔اُس کے نیک اعمال ہمیشہ اچھے نتائج سامنے لاتے ۔یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ اپنے صائب اعمال کے اعجاز سے وہ زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگر کرنے کی مقدور بھر کوشش کرتا ۔اس طرح رنگ ،خوشبو اور حُسن و خُوبی کے تمام استعارے اُس کے خلوص اور دردمندی کا ثمر قرار دئیے جا سکتے ہیں۔انسانیت کے وقار اور سر بُلندی کے لیے اللہ دتہ حجام نے جو بے لوث خدمات انجام دیں وہ اخلاقی لذتیت کے نظریے کی مظہر ہیں۔علمِ بشریات سے واقفیت رکھنے والے جا نتے ہیں کہ اخلاقی لذتیت اُس نظریہء اخلاق کی مظہر ہے جس کے مطابق انسان یہ سیکھتا ہے کہ اُسے کس نوعیت کے اعمال اور کون سی خواہشات کو اپنا نصب العین بنانا چاہیے ۔اُس کی یہ خوبی آخری عمر میں آفاقی لذتیت میں بدل گئی اور سارے  جہاں کا درد اُس کے جگر میں سمٹ آیا ۔اُس کی شخصیت اور کردار میں جو حُسن و جمال اور دل کشی پائی جاتی تھی اُس کے سوتے اُس کی خوبیوں سے پھوٹتے تھے ۔ہوس زرو مال سے اُس نے کبھی اپنا آلودہ نہ ہونے دیا۔ وہ رقم بچانے اور اُسے سینت سینت کر رکھنے کے بجائے اُسے غم زدوں پر بے دریغ خرچ کرنے کا حامی تھا ۔وہ اِس قدر خوش خصال اور خوش گفتار تھا کہ اُس کے پاس طویل نشست میں بھی تشنگی کا احساس ہوتا ۔اُس کی مقبول ،مستحکم اور دل کش شخصیت کا راز یہ تھا کہ اُس نے ہمیشہ تصنع سے اجتناب کیا اور سادگی اوربے ساختگی کو شعار بنایا زندگی کی برق رفتاریوں ،اِ س کی بو قلمونی اور تنوع کا ادراک کرتے ہوئے اُس نے قناعت اور ایثار پر مبنی  اپنے دستور العمل کو حسب معمول پیش نظر رکھااور کبھی مصلحت اندیشی اور موقع پرستی کا خیال دل میں نہ لایا ۔چڑھتے سورج کے پُجاریوں اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے والے ابن الوقت لوگوں سے اُس نے کوئی تعلق نہ رکھا۔معاشرت اور تمدن کے بدلتے ہوئے تیور دیکھ کر اُس نے تعلیم کی اہمیت کو اُجاگر کرنے میں گہری دلچسپی لی ۔اپنی نواسی کو اعلا تعلیم دلائی ۔اِ س کے علاوہ بے شمار غریب طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر اُ س کی تحریک پر سائنس اور طب کے شعبے سے وابستہ ہو کر دُکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔

          ہمارے معاشرے میں زندگی کی اقدار عالیہ اور درخشاں روایات کو پسِ پُشت ڈال کرا پنا اُلو سیدھا کرنے کی مذموم روش نے معاشرتی زندگی کا تمام منظر نامہ ہی گہنا دیا ہے ۔اِ  س سے بڑھ کر المیہ کیا ہو گا کہ  غیبت ،کِذب و افترا پر مبنی اِلزام تراشی اور من گھڑت بہتان لگاکر سادیت پسندی کے مریض لذت ایذا حاصل کرتے ہیں ۔اللہ دتہ حجام نے اِس ِ قماش کے درندوں کو کبھی قریب نہ پھٹکنے  دیا ۔سادیت پسندی (Sadism)کے مریض مارِ آستین ثابت ہوتے ہیں اور گُرگ آشتی اِ ن کا ہتھکنڈہ بن جاتا ہے ۔اِن کے شر سے بچنے کے لیے وہ قرآنی آیات کا کثرت سے وِرد کرتا ،خاص طور پرسورۃ الکوثر ،  سورہء اخلاص ،سورۃ الفلق اور سورۃ الناس پڑھنا اُس کا معمول تھا ۔ اُس کا کہنا تھا کہ اِس وظیفے کے معجز نما اثر سے انسان کینہ پرور حاسدوں اور سادیت پسندی کے عارضہ میں مبتلا درندوں کے شر سے محفوظ رہتا ہے ۔جن لوگوں نے اِس وظیفہ کو پڑھنا اپنا معمول بنایا اُن کی زندگی راحت سکون اور مُسرت سے گُزری ۔بتیس دانتوں میں جس طرح زبان محفوظ رہتی ہے اُسی طرح اِن آیات کے وظیفہ سے انسانیت ہمیشہ  جِنوں اور انسانوں کے فساد سے محفوظ رہتی ہے۔

         جُون 1983کی ایک گرم سہ پہر کو اللہ دتہ حجام خلاف معمول جلد اپنا کام ختم کر کے اُٹھا کر حجامت کے اوزاروں کی صندوقچی بغل میں داب کر وہ گھر کے بجائے بازار کی جانب روانہ ہوا ۔راہ گیروں اور دکان داروں سے مصافحہ کیا اور اُنھیں اللہ حافظ و ناصر کہا بازار سے گزر کر وہ سبزی منڈی سے ہوتا ہوا ممنا گیٹ میں اپنے دیرینہ رفیق اور محرم راز حکیم احمد بخش نذیر (چار آنے والا حکیم )کے مطب میں پہنچا ۔حکیم احمد بخش نذیر نے اُس کی نبض پر ہاتھ رکھا ،سب کچھ معمول کے مطابق تھا ۔  حکیم احمد بخش  نذیر نے اللہ دتہ حجام کو خمیرہ گائو زبان کی ایک ڈبیہ اور ساتھ عرق گلاب اور شربت شفا  کی ایک بو تل دی ۔اِس کے بعد اللہ دتہ حجام  بوجھل قدموں سے اپنے گھر پہنچا او ر درو دیواراور گھر کے مکینوں  پرا یک نگاہ ڈالی ا ور ہاتھ لہرا کر سب کو سلام کیا۔ ایسا محسوس ہو تا تھا کہ یہ اُس کا سلامِ آخر ہے  ۔عشا کی نماز سے فارغ ہو کر اُس نے سب عزیزوں کو اللہ حافظ کہا اور کلمہء طیبہ کا  وِرد شرع کر دیا ۔اچانک اُس کی آنکھیں مُند گئیںاور اُس کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کر گئی۔اُس کا چہرہ پُر سکون تھا اور اُس کے لبوں پر ہمیشہ کی طرح مُسکراہٹ پھیلی ہوئی تھی ۔ اللہ دتہ حجام کی وفات پر شہر کا شہر سوگوار تھا ۔اُس کے جنازے میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔سرخ گُلاب کے پھولوں کی پتیوں سے کفن ڈھک گیا تھا ۔لحد تیار تھی  نامور ماہر تعلیم اور ممتاز عالمِ دین حافظ ارشاد احمد نے سوگوار حاضرین سے مخاطب ہو کر گلو گیر لہجے میں کہا :

’’دُکھی انسانیت سے والہانہ محبت کرنے والا  آنے والا حجام اللہ دتہ اب ہمیشہ کے لیے اِس دنیا سے جانے والا ہے ۔میں یہ بات پُوری دیانت داری سے عرض کرنا چاہتا ہوں کہ اب اِس دنیا میں غریبوں سے درد کا رشتہ نبھانے والا ،یتیموں ،مسکینوں اور غریبوں کا درد  بانٹ کر سد ا مُسکرانے والا عظیم انسان حجام اللہ دتہ جیسا آنے والا اب کبھی نہیں آئے گا ۔ایسے لوگ نایاب ہوتے ہیں۔‘‘

       سب حاضرین احساسِ زیاں کے ماتم طلب صدمے سے نڈھال تھے ۔ہر دل سوگوار اور ہر آنکھ اشک بار تھی ۔موت سے کسی کو رستگاری نہیں اور اس فانی دنیا میں عزیزوں کی دائمی مفارقت کے صدمے ہمیشہ سو ہانِ روح  ثابت ہوئے ہیں۔عدم کے کوچ کے لیے رخت سفر باندھنے والوں کے پس ماندگان اُن کی جدائی پر کفِ افسوس ملتے رہ جاتے ہیں۔تقدیر کی تو پہچان ہی یہ ہے کہ وہ ہر لمحہ ہر گام انسانی تدبیر کی دھجیاں  اُڑا دیتی ہے ۔اِ س بات کی تہہ تک کوئی نہیں پہنچ سکاکہ وہ لوگ جن کی زندگی روشی کا مینار ہوتی ہے اور جن کی موجودگی ہمارے لیے خضرِ راہ ہوتی ہے اور جنھیں ہم دیکھ دیکھ کر جیتے ہیں،جب وہ ہمیں ہمیشہ کے لیے داغ ِ مفارقت دے جاتے ہیں اُن کا متبادل کہاں سے تلاش کیا جائے ۔اللہ دتہ حجام جیسے لوگ اپنی مثال آپ ہوتے ہیں ۔حیات و ممات کے راز ہائے سر بستہ کی گرہ کشائی اب تک کوئی نہیں کر سکا ۔جب میں اپنے اِرد گِرد کا ماحو ل دیکھتا ہوں تو مجھے اللہ دتہ حجام کی کمی شدت سے محسوس ہوتی ہے ۔اُس نے دردمندوں ،مظلوموں اور ضعیفوں کی جس طرح بے لوث انداز میں خدمت کی وہ اوروں سے تقلیداً بھی ممکن نہیں ۔سچی بات تو یہ ہے کہ اب کوئی بھی شخص ایسا دکھائی نہیں دیتا جسے اللہ دتہ حجام جیسا کہا جا سکے :

                                      تمھارے بعد کہاں وہ وفا کے ہنگامے
                                    کوئی کہاں سے تمھارا جواب لائے گا         

 
              کر بلا حیدری جھنگ کے مغربی گوشے میں انسانی ہمدری اور شرافت کا  یہ آسمان آسودہ ء خاک ہے ۔اللہ دتہ حجام کے ایک عقیدت مند غلام محمد نے اُس کی آخری آرام گاہ کو شایان شان انداز میں تعمیر کرایا اور اُ س پر لوح مزار بھی نصب کرائی ۔یہ مزار آج بھی مرجع خلائق ہے ۔


 لوح ِ مزار دیکھ کر جی دنگ رہ گیا
 ہر ایک سر کے ساتھ فقط سنگ رہ گیا


Ghulam Shabbir
Mustafa Abad Jhang City


**********************

 

                                                                                                                                                             ا

 

Comments


Login

You are Visitor Number : 791