* چاروں طرف جہان میں اُن کی جَبیں کی *
نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم
چاروں طرف جہان میں اُن کی جَبیں کی روشنی
اُن کے کرم پہ منحصر ارض و سما کی زندگی
صُبحِ ازل فرِیفتہ اُن کے وُجودِ نُور پر
قوسِ قُزَح شہیدِ ناز اُن کے جمال و حسن کی
اُن کے کمالِ فیض پر کیسے نہ ہو نثار دل
رَحمتِ مصطفےٰ مِرا غُنچہ ء دل کھلا گئی
سجدہ ء شُکر ادا کرُوں، اُن کے خدا کے سامنے
ہوتی رہے اگر مجھے اُن کی لِقا کبھی کبھی
جانے ہے عاشی اُن کی شاں، دیکھا ہے اپنی آنکھ سے
اُن کے درِ کریم پر سارا جہان مُلۡتَجی
عائشہ بیگ
|