* اس طرح غم کو بھلانا چاہئے *
غزل
اس طرح غم کو بھلانا چاہئے
دوسروں کا غم اٹھانا چاہئے
پھر شکایت لب پہ آسکتی نہیں
کرکے احساں بھول جانا چاہئے
خامشی ہے اک علاجِ برہمی
آگ سے دامن بچانا چاہئے
کجرویٔ عہدِ نو کی ہے یہ ضد
اب مزاجِ منکرانہ چاہئے
شاعری لفظوں سے ہوسکتی نہیں
ذہن و دل بھی شاعرانہ چاہئے
تجربہ لمحوں میں ہوسکتا نہیں
تجربوں کو اک زمانہ چاہئے
کیوں ہو مال و زر کی انجم کو طلب
نیک نامی کا خزانہ چاہئے
انجم عظیم آبادی
Abshaar Urdu Daily
13, Parfulla Sarkar Street, Kol-700072
Mob: 9831908773
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|