* شکرِ پروردگار کرلوں گی *
غزل
شکرِ پروردگار کرلوں گی
جب میں دیدارِ یار کرلوں گی
اُس کی بانہوں کو ہار کرلوں گی
اِس طرح میں سنگھار کرلوں گی
وہ مرے ساتھ ہو تو پت جھر پر
اعتبارِ بہار کرلوں گی
جس روش پر صنم چلائے گا
وہ روش اختیار کرلوں گی
دل دیا ہے تو اُس کے وعدے پر
عمر بھر انتظار کرلوں گی
وہ اگر مجھ سے روٹھ جائے گا
منتیں بھی ہزار کرلوں گی
ہمسفر ہو کوئی تو اے عرشی
طے ہر اک رہ گزار کرلوں گی
عروسہ عرشی
47-B, Alimuddin
Street,Kolkata-700016
(West Bengal)
Mob: 8820482344
بہ شکریہ جانِ غزل مرتب مشتاق دربھنگوی
+++
|