|
* کس غم میں گرفتار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھ *
غزل
کس غم میں گرفتار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
جب تک جیے بیمار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
بے یار و مدد گار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
کس کرب سے دو چار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
تا عمر انا دار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
خود طالبِ آزار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
چھوٹا نہ کبھی ہاتھ سے تہذیب کا دامن
پروردۂ اقدار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
جس غم پہ نہ ٹھہریں کبھی دنیا کی نگاہیں
اُس غم کے طلب گار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
ہم ہجر کے ماروں پہ ہر اک رات تھی بھاری
پھر کس لیے بے دار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
اک موجِ بلا جس کو ڈبونے پہ تلی تھی
اُس ناؤ کی پتوار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
تھی ہم سے فقیروں کی طبیعت ہی کچھ ایسی
دربار سے بے زار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
کس دورِ مصائب میں فراغؔ آخری دم تک
اُردو کے نمک خوار رہے میرؔ بھی‘ ہم بھی
فراغ روہوی
67, Maulana Shaukat Ali Street(Colootola St.),Kolkata-700073,INDIA
Mob.:9831775593/9830616464,E-mail:faraghrohvi@gmail.com |
|