* خاتمہ ہوگیا بلائوں کا *
غزل
خاتمہ ہوگیا بلائوں کا
تم نے دیکھا اثر دعائوں کا
سادگی کو تری سراہے کون
یہ زمانہ ہے خوش ادائوں کا
آج جھوٹوں کا بول بالا ہے
تھا کبھی دور حق نوائوں کا
آج کنجِ قفس میں بیٹھا ہے
اک پرندہ کھلی فضائوں کا
عصمت و آبرو نہیں محفوظ
شہر یوں تو ہے پارسائوں کا
عہد شکنی ، فساد کی ترغیب
یہ عمل اب ہے رہنمائوں کا
اپنی پگڑی سنبھالئے کاوش
زور ہے سرپھری ہوائوں کا
کاوش کمال
Cowes Ghat Road, Shibpur
Howrah-711102
Mob: 9883578273
بشکریہ ’’میر بھی ہم بھی‘‘ مرتب: مشتاق دربھنگوی
………………………
|