* جب سے جنوں کی سخت نگہبانیوں میں ہو *
جب سے جنوں کی سخت نگہبانیوں میں ہوں
بکھرا سراب دشت کی طغیانیوں میں ہوں
پت جھڑ کی طرح بے سرو سامانیوں میں ہوں
گویا تری نگاہ کی ویرانیوں میں ہوں
ہونٹوں پہ اگ رہا ہے مرے سبزۂ پیاس
محصور ہر طرف سے عمق پانیوں میں ہوں
خوں چوستا ہے وقت کا عفریت ہر گھڑی
کہنے کو یوں تو میں بھی تن آسانیوں میں ہوں
ملتا نہیں کسی سے علاقہ مزاج کا
بچپن سے میں منیرپریشانیوں میں ہوں
٭٭٭
|